ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
جناب بھوپندر یادو نے ’ آزادی کا امرت مہوتسو ‘ کے موقع پر طلباء اور نو جوانوں کو سبز عہد دلایا
ہمارے پاس کوئی دوسرا پلانیٹ نہیں ہے اور آج جو ہمارے پاس ہے ، وہ وراثت سے ملی جائیداد نہیں ، بلکہ مستقبل کی نسلوں کا ہمارے اوپر قرض ہے : جناب بھوپندر یادو
سبھی پر اپنی طرز زندگی میں تبدیلی لانے پر زور دیا
Posted On:
04 OCT 2021 5:42PM by PIB Delhi
نئی دلّی ،04 اکتوبر / ملک کے مختلف حصوں کے نوجوانوں اور طلباء کے ساتھ رابطہ قائم کرتے ہوئے سنگل یوز پلاسٹک کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ماحولیات ، جنگلات اور آب و ہوا میں تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپندر یادو نے کہا کہ آب و ہوا کی تبدیلی کے لئے ایک اہم ترین عمل ، جو ہم انفرادی طور پر کر سکتے ہیں ، وہ یہ ہے کہ ہم اپنی طرز زندگی میں تبدیلی لائیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے پاس کوئی دوسرا سیارہ نہیں ہے اور مزید کہا کہ ہمارے پاس جو کچھ ہے وہ وراثت میں ملا ہوا نہیں ہے بلکہ یہ آنے والی نسلوں کا ہمارے اوپر قرض ہے۔
جناب یادو نے اس بات پر زور دیا کہ پلاسٹک کے فضلے کا انتظام کرنے اور پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے کے ہمارے مشن میں کامیابی کے لئے عوامی شرکت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو اپنے ماحول کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔
ماحولیات کے مرکزی وزیر نے ، اُن طالب علموں اور نوجوانوں کو سبز عہد دلایا ، جنہوں نے ملک بھر سے ورچوئل ویبینار میں شرکت کی ۔ اس ویبینار میں حکومتِ ہند کی ماحولیات ، جنگلات اور آب و ہوا میں تبدیلی کی وزارت کے وزیر مملکت جناب اشونی کمار چوبے بھی موجود تھے ۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی طرف سے 2022 ء تک سنگل یوز پلاسٹک کو ختم کرنے کی اپیل کو مدنظر رکھتے ہوئے ’’ آزادی کے امرت مہوتسو ‘‘ کے تحت حکومت ہند کی ماحولیات ، جنگلات اور آب و ہوا میں تبدیلی کی وزارت نے 4 سے 10 اکتوبر ، 2021 ء کے دوران آئیکونک ہفتہ منانے کی خاطر ’’ سنگل یوز پلاسٹک‘‘ کے استعمال سے بچنے کی بیداری پیدا کرنے کے پروگرام کو موضوع بنایا ہے ۔
’’ آزادی کا امرت مہوتسو‘‘ کے تحت منعقد ہونے والے پروگراموں کی سیریز میں پہلے پروگرام کے طور پر ، طلباء ، نوجوانوں ، ماحولیاتی کلب اور نو جوانوں کی تنظیموں نے گفتگو پر مبنی ویبینار اور سبز عہد لینے کی تقریب میں شرکت کی ، جس میں طلباء اور نو جوانوں کو پورے ملک سے سنگلز یوز پلاسٹک کے خاتمے کا حلف دلایا گیا ۔
انٹرایکٹو ویبینار کے دوران ، ملک کے طلباء اور نوجوانوں پر زور دیا گیا کہ وہ ایک عوامی تحریک تیار کریں اور سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال سے بچنے کے لئے کام کریں۔ طلباء اور نوجوانوں میں تبدیلی کا ایجنٹ بننے کی قوت کو اجاگر کیا گیا اور نوجوانوں کو دستیاب مختلف مواقع پیش کئے گئے ، جس سے وہ خود کو منظم کر سکتے ہیں ۔
بہار ، اتر پردیش ، گجرات اور مہاراشٹر کے طلباء اور نو جوانوں نے و یبینار میں شرکت کی اور پلاسٹک کے کچرے کو کم کرنے اور سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کو ختم کرنے کی خاطر ، اُن کے ذریعے کئے گئے کاموں کے بارے میں بتایا ۔طلباء اور نو جوانوں نے کرۂ ارض اور اُس کے فطری ماحول کا تحفظ کرنے ، کچرے کی پیداوار کو کم سے کم کرنے ، سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنے اور پلاسٹک کے تھیلوں کی جگہ کپڑے کے تھیلوں کا استعمال کرنے کا عہد لیا ۔
سنگل یوز پلاسٹک سے بچنے کے لئے بیداری پروگرام کے پر وقار ہفتہ کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر ، جس میں اسکول کے طلباء اور نوجوان ، شہری اور بلدیاتی اداروں ، صنعت ، مارکیٹ ایسوسی ایشن اور ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے دیہی پنچایتوں نے شرکت کی ۔ وزارت سے وابستہ علاقائی اور ذیلی دفاتر ، اداروں ، تنظیموں نے پورے بھارت میں سنگل یوز پلاسٹک سے متعلق بیداری پیدا کرنے کی سرگرمیاں انجام دینے کا عہد کیا ۔
وزارت نے رویے میں تبدیلی ، پلاسٹک کے کچرے کو اکٹھا کرنے ، الگ الگ کرنے اور اس کی ری سائکلنگ کے لئے ادارہ جاتی نظام کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے ۔ مناسب استعمال اور پیداوار وقت کی ضرورت ہے ۔ پلاسٹک کچرے کے موثر بندوبست اور سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنے سے متعلق بیداری پیدا کرنا بہت اہم ہے ۔
این سی سی ، این ایس ایس ، یوتھ کلب اور ماحولیاتی کلب وغیرہ کے ذریعے طلباء اور نوجوان سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال سے گریز کرنے کا ماحول تیار کرنے اور پلاسٹک کچرے کے موثر بندوبست میں مدد کر سکتے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا )
U. No. 9687
(Release ID: 1760981)
Visitor Counter : 163