وزارت خزانہ

انکم ٹیکس کے محکمہ نے مہاراشٹر میں تلاشی مہم چلائی

Posted On: 27 SEP 2021 2:33PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  27/ستمبر2021 ۔ محکمہ انکم ٹیکس نے مہاراشٹر کے جالنا میں واقع چار اہم اسٹیل رولنگ ملوں کے ایک گروپ پر 23 ستمبر 2021 کو تلاشی اور ضبطی کی مہم شروع کی۔ یہ کمپنیاں اسٹیل ٹی ایم ٹی بار اور بلیٹس کی مینوفیکچرنگ کے کاروبار سے متعلق ہیں، جو زیادہ تر خام مال کی شکل میں اسٹیل اسکریپ کا استعمال کرتی ہیں۔ یہ مہم جالنا، اورنگ آباد، پونے، ممبئی اور کولکاتہ میں 32 سے زیادہ احاطوں میں چلائی گئی۔

محکمہ انکم ٹیکس کی اس تلاشی اور ضبطی مہم کے دوران متعدد قابل اعتراض دستاویز، لوز شیٹ اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا پتہ لگاکر انھیں ضبط کیا گیا۔ یہ شواہد واضح طور پر ریگولر بکس آف اکاؤنٹس کے باہر بڑے پیمانے پر کئے گئے بے حساب مالی لین دین میں کمپنیوں کے ملوث ہونے کو ظاہر کرتے ہیں، جن میں انٹری پرووائیڈرس کا استعمال کرکے خرید کے عمل کو بڑھا چڑھاکر پیش کیا جانا، بے حساب نقد خرچ اور سرمایہ کاری وغیرہ شامل ہیں۔ برآمد کیے گئے دستاویزات سے خاطرخواہ مقدار میں منی لانڈرنگ کا بھی پتہ چلتا ہے، جو فرضی کمپنیوں کا استعمال کرکے شیئر پریمیم اور غیرمحفوظ قرض کی آڑ میں حاصل کیا گیا ہے۔ اس دوران 200 کروڑ روپئے سے زیادہ کی بے حساب خریداری کے ثبوت بھی ملے ہیں۔ کمپنیوں کے فیکٹری احاطوں سے بھی بے حساب اسٹاک کا پتہ چلا ہے۔

محکمہ انکم ٹیکس کو تلاشی مہم کے دوران 12 بینک لاکر ملے۔ اس کے علاوہ مختلف احاطوں سے 2.10 کروڑ روپئے سے زیادہ بے حساب نقدی اور 1.07 کروڑ روپئے قیمت کے زیورات ضبط کئے گئے ہیں۔ اب تک موصولہ ثبوتوں سے پتہ چلا ہے کہ بے حساب آمدنی 300 کروڑ روپئے سے زیادہ ہونے کا اندازہ ہے اور تلاشی مہم کے نتیجے میں چار کمپنیوں نے پہلے ہی 71 کروڑ روپئے کی اضافی آمدنی کا انکشاف کردیا ہے۔

معاملے کی مزید جانچ جاری ہے۔

 

******

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO.9438



(Release ID: 1758699) Visitor Counter : 152