صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے گورکھپور میں مہایوگی گورکھ ناتھ وشوودیالیہ کا افتتاح کیا
Posted On:
28 AUG 2021 5:22PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 28/اگست2021 ۔ صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے آج (28 اگست 2021) گورکھپور، اترپردیش میں مہایوگی گورکھ ناتھ وشو ودیالیہ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بھارت کی قابل فخر تاریخ رہی ہے۔ تکشیلا میں دنیا کی پہلی یونیورسٹی سے نالندہ، ادنت پوری، وکرم شیلا اور ولبھی یونیورسٹیوں تک روایت کچھ وقت تک کے لئے پھیکی پڑگئی تھی، لیکن ہمارے سائنس دانوں، ڈاکٹروں اور اساتذہ نے اپنی ذہانت اور تندہی سے دنیا کو مسلسل متاثر کیا ہے۔ انھوں نے ہم سبھی میں یہ یقین پیدا کیا ہے کہ ہمارے طلباء علوم کی ہماری قدیم روایت کو آگے بڑھانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مہایوگی گورکھ ناتھ وشوودیالیہ ایسے صلاحیت مند طلباء تیار کرے گا جو خودکفیل، مضبوط اور صحت مند بھارت کی تعمیر میں تعاون دے سکیں گے۔
صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ یہ یونیورسٹی وقت کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یوگ، آیوروید، طبی تعلیم، اعلیٰ تعلیم اور تکنیکی تعلیم وغیرہ کے نصاب چلائے گی۔ یہ یونیورسٹی اعلیٰ معیار کی تحقیق کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ طلباء کے لئے پیشہ وارانہ تعلیم اور فروغ ہنرمندی کے کورسیز بھی چلائے گی۔
صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 میں یہ تصور پیش کیا گیا ہے کہ تعلیم اخلاق کی تعمیر کرے۔ تعلیم سے طلباء میں اخلاقیت، منطقیت، رحم دلی اور حساسیت کے فروغ کے ساتھ ساتھ انھیں روزگار کے حصول کے لائق بنایا جانا چاہئے۔ قومی تعلیمی پالیسی کا ایک مقصد ہمارے اداروں کے نصاب اور تعلیمی علوم میں بہتری لانا ہے اور ساتھ ہی ساتھ بدلتی ہوئی دنیا میں شہریوں کے طور پر ان کے بنیادی فرائض اور آئینی اقدار کے ساتھ ساتھ ان کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں طلباء کے مابین بیداری پیدا کرنا ہے۔
صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ تعلیم کی اشاعت کے توسط سے سماجی فلاح و بہبود کے ہدف کے ساتھ 1932 میں قائم شدہ مہارانا پرتاپ ایجوکیشنل کونسل شمالی بھارت میں اور بالخصوص مشرقی اترپردیش میں تقریباً 50 تعلیمی ادارے چلارہی ہے۔ انھیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ ان اداروں میں جدید تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ طلباء کی شخصیت کی جامع ترقی پر زور دیا جارہا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ گورکش پیٹھ صدیوں سے بھارت کی سماجی – اقتصادی بیداری میں اہم رول ادا کررہا ہے۔ بھارت کی تحریک آزادی کے دوران اس پیٹھ نے سیاسی بیداری پیدا کرنے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ شری گورکش پیٹھ اب بھی عوامی بیداری، عوامی خدمات، تعلیم اور طبی خدمات کا مرکز بنا ہوا ہے۔
صدر جمہوریہ کی مکمل تقریر کے لئے یہاں کلک کریں
https://static.pib.gov.in/WriteReadData/specificdocs/documents/2021/aug/doc202182821.pdf
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO.8413
(Release ID: 1750014)
Visitor Counter : 280