نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدرجمہوریہ نے تجویز پیش کی ہے کہ منتخب نمائندے ہر سال اپنا رپورٹ کارڈ عوام کے سامنے پیش کریں
مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے نائب صدر جمہوریہ کو ایک کتاب بعنوان 'ریفلکٹنگ ، ری کلکٹنگ، ری کنکٹنگ' پیش کی
اس کتاب میں جناب ایم وینکیا نائیڈو کےبحیثیت نائب صدر جمہوریہ ان کے چوتھے سال کا تذکرہ کیا گیا ہے
Posted On:
27 AUG 2021 5:55PM by PIB Delhi
نئی دہلی۔ 27 اگست اطلاعات و نشریات اور نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے آج نائب صدر جمہوریہ کی رہائش گاہ پر نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو کوایک کتاب بعنوان'ریفلکٹنگ ، ری کلکٹنگ، ری کنکٹنگ' کا ایک نسخہ پیش کیا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے پبلی کیشن ڈویژن کے ذریعہ شائع کی گئی اس کتاب میں نائب صدر کے بحیثیت نائب صدر جمہوریہ ان کے چوتھے سال کی تفصیلات بیان کی گئی ہے۔
کتاب وصول کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ کتاب لوگوں کے لیے ایک طرح کا رپورٹ کارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عہدوں پر فائز افراد اور منتخب نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ ہر سال لوگوں کے ذریعہ عائد کردہ ذمہ داریوں اور فرائض پر رپورٹ کارڈ پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا ، "یہ آپ کا فرض ہے کہ آپ جن لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں ، ان سے بات چیت کریں اور بتائیں کہ آپ نے کیا کیا ہے۔"
جناب نائیڈو نے کورونا وبا کے باوجود مختصر وقت میں کتاب کو منظر عام پر لانے پر پبلی کیشنز ڈویژن کی ستائش کی۔
مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ یہ کتاب نائب صدر جمہوریہ کے وژن اور نظریات کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا میڈیا ایک اہم پلیٹ فارم بن گیا ہے اور نائب صدر ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا چینلوں کے ذریعہ لوگوں سے مؤثر طریقے سے بات چیت کر رہے ہیں۔
183 صفحات پر مشتمل اس کتاب میں نائب صدر جمہوریہ کی چوتھے سال کے دوران سرگرمیوں کے نمایاں پہلوؤں کو تصویروں ، خاکوں اور الفاظ کے ذریعہ پانچ ابواب میں بیان کیا گیا ہے۔ چار سال کے دوران ، نائب صدر جمہوریہ نے 10 ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 133پروگراموں میں شرکت کی۔ انہوں نے 53 لیکچر دیئے ، 23 کتابوں کا اجراء کیا اور 22 پروگراموں کا افتتاح کیا اور ان کی صدارت کی۔
پہلا باب کووڈ – 19 کی وجہ سے پیدا ہونے والے بے مثال صحت کے بحران سے متعلق نائب صدر جمہوریہ کے افکار پر مرکوز ہے۔ یہ حصہ اس بات کی وضاحت کرتا ہے کہ کس طرح نائب صدر جمہوریہ نے گذشتہ ایک سال کے دوران اخبارات میں اپنے مضامین ، فیس بک پر مختصر نوٹ اور تبصروں کے ساتھ ساتھ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر متعلقہ پیغامات کے ذریعہ ملک کے عوام کے ساتھ بات چیت جاری رکھی، جو وبائی مرض اور ملک کی وسیع آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی تشویش کی عکاسی کرتے ہیں ۔
دوسرا باب گذشتہ ایک صدی کے دوران صحت کے سب سے خطرناک چیلنجوں کے تناظر میں اسی جذبے کو دوبارہ زندہ کرنے پر مرکوز ہے جو گذشتہ چیلنجوں کے دوران اختیار کیے گیے۔ انہوں نے مشکل وقت میں ہندوستان کے مشہور رہنماؤں اور ان کی قیادت کے بارے میں اپنی بصیرت بھی شیئر کی۔
یہ کتاب ہمارے ثقافتی ورثے اور بیش بہا لسانی تنوع کے تئیں نائب صدر جمہوریہ کی محبت کو بھی ظاہر کرتی ہے۔ ان کے لیے ہندوستانی زبانیں "رابطے کے ذرائع سے کہیں زیادہ" ہیں اور انہوں نے پرجوش انداز میں اس بات کی وکالت کی ہے کہ "ہمیں اپنی زبانوں میں اپنے خیالات اور خیالات کے تخلیقی اظہار کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔" نائب صدر جمہوریہ نے مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر 24 مقامی اخبارات میں مضامین لکھے تھے اور اگست 2021 میں انہوں نے 25 مقامی زبانوں میں 38 مقامی اخبارات میں مضامین لکھے جن میں مادری زبان میں پیشہ ورانہ کورسز کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔
نائب صدرجمہوریہ ملک کو درپیش مسائل کا مقابلہ کرنے اور ہر جنگ کے بعد مضبوطی سے ابھرنے کی صلاحیت پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ جیسا کہ ملک کووڈ – 19کے سنگین مرض سے لڑ رہا ہے ، انہوں نے ہماری فطری طاقتوں کو دوبارہ مربوط کرنے کی اپیل کی جس میں ایک روشن کل کے لیے زراعت ، تعلیم ، سائنس اور ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ کتاب کا تیسرا باب اسی موضوع سے متعلق ہے۔ کتاب میں ملک بھر کے متعدد تعلیمی اور سائنسی اداروں کے مختلف دوروں اور اساتذہ اور سائنسدانوں کے ساتھ ان کی بات چیت کا بھی ذکر ہے۔
’’ پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط بنانا "کے عنوان سے وبائی امراض کے دوران پارلیمنٹ کے ہموار کام کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس میں انسانی تحفظ کو یقینی بنانے اور پارلیمانی جمہوریت کے تقدس کو برقرار رکھنے کے درمیان مشکل توازن تلاش کرنے کے لیے اختیار کردہ جدید طریقوں کی بھی فہرست دی گئی ہے۔ کتاب میں بتایا گیا ہے کہ 2020-21 کے دوران 44 بل منظور کیے گئے جو گزشتہ چار سالوں میں سب سے زیادہ ہیں۔
آخری باب کووڈ – 19وبائی مرض کے سائے میں قوم کےمتواتر آگے بڑھنے کی کوشش کی جھلک فراہم کرتا ہے۔ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح اداروں نے خود کو نئے معمول کے مطابق اپنایا۔
نائب صدرجمہوریہ کے سکریٹری ڈاکٹر آئی وی سبا راؤ ، سیکرٹری اطلاعات و نشریات ، جناب اپوروا چندر ، ایڈیشنل سکریٹری اور سی وی او ، محترمہ نیرجا شیکھر ، جوائنٹ سکریٹری (پی اینڈ اے) ، جناب وکرم سہائے ، ڈی جی ، پبلی کیشن ڈویژن ، محترمہ مونی دیپا مکھرجی اور دیگر سینئر حکام نے اس تقریب میں شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ رض ۔ ج ا (
U-8371
(Release ID: 1749935)
Visitor Counter : 110