وزارت دفاع
ناگپور میں وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں کثیر رول والے دستی بم بھارتی فوج کے حوالے کئے گئے
وزیر دفاع نے اسے دفاعی مینو فیکچرنگ میں سرکاری - پرائیویٹ ساجھیداری کی ایک تابناک مثال قرار دیا
Posted On:
24 AUG 2021 3:25PM by PIB Delhi
نئی دلّی ، 24 اگست /
اہم خصوصیات :
- ڈی آر ڈی او لیب کے ذریعہ ٹیکنا لوجی کی منتقلی کے بعد اکنامک ایکسپلو سیو لمیٹیڈ کمپنی کے ذریعہ دستی بم تیار کئے گئے ہیں ۔
- ایم ایم ایچ جی حملے اور دفاعی کارروائیوں میں شاندار درستگی اور بھروسے مندی کے ساتھ کام کرتے ہیں ۔
- وزیر دفاع نے اِسے آتم نربھر بھارت کی جانب ایک بڑا قدم اور دفاعی مینو فیکچرنگ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ۔
- پچھلے 2 برسوں میں دفاعی بر آمدات 17000 کروڑ روپئے سے تجاوز کر گئی ہیں ۔
کثیر رول والے دستی بم ( ایم ایم ایچ جی ) دفاعی تحقیق و ترقی کے ادارے ، ڈی آر ڈی او کے ذریعہ ٹیکنا لوجی کی منتقلی کے بعد اکنامک ایکسپلوسیو لمیٹیڈ (ای ای ایل ) کے ذریعہ تیار کئے گئے ہیں ، جنہیں آج ، 24 اگست ، 2021 ء کو ناگپور میں وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں بھارتی فوج کے حوالے کیا گیا ۔
ای ای ایل کے چیئرمین جناب ایس این نووال نے پرائیویٹ سیکٹر سے ہتھیاروں کی سپلائی کے موقع پر وزیر دفاع کو ایم ایم ایچ جی کے نمونہ کا اسکیل سونپا ۔ اس موقع پر فوج کے سربراہ ایم ایم نرونے ، دفاعی تحقیق و ترقی کے محکمہ کے سکریٹری اور ڈی آر ڈی او کے چیئرمین ڈاکٹر جی ستیش ریڈی اور انفینٹری کےڈی جی لیفٹننٹ جنرل اے کے سمترا بھی موجود تھے ۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے ایم ایم ایچ جی کو سونپے جانے کو سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان بڑھتے ہوئے اشتراک کی ایک تابناک مثال اور دفاعی مینو فیکچرنگ میں خود کفالت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت کے دفاعی سیکٹر کی تاریخ میں ایک یاد گار دن ہے ۔ ہماری پرائیویٹ انڈسٹری دفاعی پیداوار میں کھری اتری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف دفاعی پیداوار میں ایک سنگ میل ہے بلکہ ہمارے وزیراعظم کے آتم نربھر بھارت کے ویژن کے حصول کی جانب ایک بڑا قدم ہے ۔ وزیر دفاع نے کووڈ – 19 وباء کی بندشوں کے دوران تیز تر سپلائی کے لئے ڈی آر ڈی او اور ای ای ایل کی ستائش کی ۔
وزیر دفاع نے دفاع کے سیکٹر کو ایک خود کفیل صنعت میں تبدیل کرنے کے لئے حکومت کے ذریعہ کئے گئے اقدامات کا ذکر کیا ، جس سے مسلح افواج کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا ۔ ان میں اتر پردیش اور تمل ناڈو میں دفاعی صنعتی راہداری کا قیام ، دفاعی پیداوار اور بر آمداتی فروغ پالیسی ( ڈی پی ای پی پی ) 2020 اور دفاع کی خریداری کے لئے 64 فی صد گھریلو کمپنیوں سے خریداری کرنے کی تجویز کو منظوری ، خود کفالت کے لئے 200 سے زیادہ دفاعی ساز و سامان کی ملکی خریداری کے لئے خصوصی فہرست کا اجراء ، آرڈیننس فیکٹری بورڈ ( او ایف بی ) کو کارپوریٹ میں تبدیل کرنا ، خود کار طریقے سے ایف ڈی آئی کی حد کو 49 فی صد سے بڑھا کر 74 فی صد کرنا اور حکومت کی منظوری کے ذریعہ 74 فی صد سے زیادہ کی منظوری اور دفاعی خریداری میں ملک میں تیار کردہ سامان کو ترجیح دینا شامل ہے ۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے حکومت کے ذریعہ کئے گئے ایک اور اہم قدم کا خاص طور پر ذکر کیا یعنی ڈی آر ڈی او کے ذریعہ صنعتوں کو ٹیکنا لوجی کی منتقلی ۔ انہوں نے ڈی آر ڈی او کی ستائش کی ، جس نے 450 سے زیادہ پیٹنٹ فراہم کئے ہیں ۔ اس سے صنعت کو وقت اور رقم کی بچت میں مدد ملی ہے ۔
وزیردفاع نے یہ کہتے ہوئے دفاعی بہترین کار کردگی ( آر ڈیکس )کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ اس کا مقصد ایم ایس ایم ای ، اسٹارٹ اَپس اور اداروں کو شامل کرکے خود کفالت حاصل کرنا ہے ۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے ‘ ملٹی موڈ گرینیڈ ’ ، ‘ ارجن – مارک - 1 ٹینک ’ ، ‘ یو اے وی ’ اور ‘ سی تھرو آرمر ’ جیسے سامان ملک میں تیار کرنے پر صنعت کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سامان نہ صرف ملک میں تیار کئے جارہے ہیں بلکہ بر آمد بھی کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 17-2016 ء سے 19-2018 ء کے درمیان آن لائن ایکسپورٹ کی تعداد 1210 تھی ، جو پچھلے دو برسوں میں بڑھ کر 1774 ہو گئی ہے ۔ اس کے نتیجے میں پچھلے دو برسوں میں دفاعی بر آمدات بڑھ کر 17000 کروڑ روپئے سے زیادہ ہو گئی ہے ۔ جناب سنگھ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بھارت جلد ہی نہ صرف ملک کے لئے دفاعی ساز و سامان تیار کرے گا بلکہ پوری دنیا کے لئے بھی تیار کرے گا ۔
یہ دستی بم نہ صر ف زیادہ مہلک ہے بلکہ استعمال میں زیادہ محفوظ بھی ہے ۔ ای ای ایل نے یکم اکتوبر ، 2020 ء کو وزارت دفاع کے ساتھ 10 لاکھ دستی بم بھارتی فوج اور بھارتی فضائیہ کو سپلائی کرنے کے سمجھوتے پر دستخط کئے تھے ۔ یہ دستی بم دو سال کی مدت میں سپلائی کئے جانے ہیں۔پہلا آرڈر 5 ماہ کے اندر میں سپلائی کر دیا گیا تھا ۔
ای ای ایل نے ٹیکنا لوجی ، 2016 ء میں ڈی آر ڈی او سے حاصل کی تھی اور یہ دستی بم میں بہترین معیار قائم رکھنے میں کامیاب رہی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔
( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا ۔ 24.08.2021 )
U.No. 8222
(Release ID: 1748743)
Visitor Counter : 260