نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر نے ندیوں اور آبی ذخائر کی حیاتیاتی اہمیت کے بارےمیں لوگوں کو بیدار کرنے پر زور دیا


لوگوں سے آبی ذخائر کو آلودہ نہ کرنے کی اپیل

کسانوں کو آبپاشی کی سہولیات فراہم کرنے کا مشورہ

نائب صدر نے اپنی اہلیہ، محترمہ اوشا نائیڈو کے ہمراہ تُنگ بھدرا باندھ کا دورہ کیا

Posted On: 20 AUG 2021 8:06PM by PIB Delhi

نائب صدر، جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج ندیوں اور آبی ذخائر کی حیاتیاتی اہمیت کے بارے میں لوگوں کو بیدار کرنے پر زور دیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انہیں آلودہ نہ کریں۔

کرناٹک کے بلاری ضلع کے ہوسپیٹ  میں تُنگ بھدراباندھ کا دورہ کرنے کے بعد، اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں نائب صدر نے  کہا کہ ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کے لیے آبی ذرائع کو محفوظ کرنے اور اسے بچا کر رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ندی کسی جاندار شے کی طرح ہے اور آئیے ہم وعدہ کریں کہ ہم اس کے تقدس اور احترام کو برقرار رکھیں گے۔‘‘

تمام کسانوں کو آبپاشی کی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ ایک کسان کا بیٹا ہونے کے ناتے انہیں زراعت کے لیے پانی کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے۔

تُنگ بھدرا باندھ اور اس کے ارد گرد کے قدرتی علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا کہ وہ قدرت کے اس ’وِراٹ سوروپ‘ کو دیکھ کرکافی مسحور ہیں۔

اس علاقہ کی ترقی میں تُنگ بھدرا کثیر مقاصد پروجیکٹ کے ذریعے ادا کیے گئے اہم رول کو نمایاں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  بڑے پیمانے پر کھیتوں کی آبپاشی، بجلی کی پیداوار اور سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرکے یہ کئی طریقے سے ملک کی خدمت کر رہا ہے۔

باندھ کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے، نائب صدر نے لکھا کہ ویسے تو اس باندھ کو بنانے کا خیال 1860 کی دہائی میں ذہن میں آیا تھا تاکہ قحط کے شکار رائل سیما خطہ میں آبپاشی کی سہولیات فراہم کی جاسکیں، لیکن 1944 میں مدراس اور حیدرآباد کی حکومتوں نے مشترکہ طور پر اس پروجیکٹ کی تعمیر کا فیصلہ کیا۔ اس باندھ کا ڈیزائن اور تعمیر کے طریقوں کا فیصلہ کرنے میں دوراندیش انجینئر، موکش گنڈم وشویشوریا نے کلیدی رول ادا کیا۔

نائب صدر بنگلورو سے آج یہاں پہنچے تھے، جنہیں تنگ بھدرا کثیر مقاصد پروجیکٹ کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔ کل وہ ہمپی کا دورہ کریں گے، جو کہ یہاں سے چند کلومیٹر دور ہے اور یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج سائٹ ہے۔

نائب صدر نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں کے طلباء کے لیے دیکھنے کے مقامات کی فہرست میں ہمپی اور تنگ بھدرا باندھ کو سب سے اوپر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’جو کوئی بھی قدرت سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہے، اس کے لیے ان دونوں مقامات کا دورہ کرنا لازمی ہے۔‘‘

*****

ش  ح –  ق ت –  ت  ع

U:8118

 



(Release ID: 1747791) Visitor Counter : 158