سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت

فری ڈم پارک کے ناگپور مہا میٹرو، کے سیتابردی – زیرو مائل – کستور چند پارک راستے کا نیا سیکشن ، ناگپور میں ایک تقریب کے دوران قوم کے نام وقف کیا گیا

Posted On: 20 AUG 2021 5:00PM by PIB Delhi

نئی دہلی، 20اگست ،2021   /  سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ناگپور  اور فری ڈم پارک میں مہامیٹرو کے ذریعے قائم کردہ  سیتا بردی – زیرو مائل – کستور چند پارک کی راہداری  سے ناگپور کی شان میں اضافہ ہوگا۔ شہر میں آج مہامیٹرو ناگپور کے 1.6 کلو میٹر طویل سیتا بردی – زیرو مائل – کستور چند پارک راستے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا : ‘‘ ناگپور میں بہت سا عالمی درجے کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ ہمارے ملک میں پہلی مرتبہ ایک دو ٹیئر والا میٹرو قائم کیا گیا ہے۔ ’’ اس راستے کا افتتاح زیرو مائل پوائنٹ پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے ، سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری اور ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کیا۔ وزیراعلیٰ نے مرکزی وزراء کے ساتھ اس راستے پر چلنے والی پہلی میٹرو ٹرین کو  ورچوئل طریقے سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

‘‘زیرو مائل اسٹیشن اور کپاس کی منڈی کو جوڑنے والا انڈر پاس تعمیر کیا جائے گا’’

سڑک ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کپاس منڈی سے زیرو مائل اسٹیشن تک ٹریفک سگنل کی کسی بھی رکاوٹ کے بغیر پہنچنے کے لیے  اس انڈر پاس کے لیے سڑکوں سے متعلق مرکزی فنڈ کی طرف سے رقوم کی فراہمی کا یقین دلایا۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہامیٹرو سے ناگپور شہر میں تیلنگ کھیڑی جھیل اور فلائی اوور کی تزین کاری میں کافی مدد ملی ہے۔  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دوسرے مرحلے کی میٹرو کے لیے تجویز منظوری کے لیے مرکزی کابینہ کو بھیج دی گئی ہے۔  ‘‘سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی مرکزی وزارت نے مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ساتھ مل کر ناگپور – ممبئی سمردھی ہائی وے کا کام شروع کر دیا ہے۔ ریاست کو درکار سبھی رقوم مرکزی حکومت کی طرف سے فراہم کی جائیں گی۔ ’’

جناب گڈکری نے ممبئی میں مجوزہ میٹنگ میں ممبئی – تھانے شہروں کی ترقی کے لیے مزید 1 لاکھ کروڑ روپے  فراہم کرنے کا بھی  وعدہ  کیا۔ ناگپور میٹرو ریل پروجیکٹ کو 21 اگست،  2014 کو منظوری دی گئی تھی اور اس کا سنگ بنیاد اسی روز وزیراعظم نریندر مودی نے رکھا تھا۔  ماگپور میں مائی میٹرو ،  ماحول کے لیے ایک سازگار میٹرو ہے جس کی توانائی کی 65 فیصد ضروریات شمسی توانائی سے پوری کی جاتی ہیں۔ اس میں استعمال کیے جانے والے 100 فیصد پانی کو صاف کر کے دوبارہ استعمال کیا جاتا ہے اور اس میں ریلوے کے پانی کو واپس زمین میں پہنچائے جانے کے آلات بھی نصب کیے گئے ہیں۔

‘‘ناگپور میٹرو پروجیکٹ دسمبر 2021 تک مکمل کر دیا جائے گا’’

شہری ترقی اور پیٹرولیم کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے جنہوں نے اس تقریب میں ورچوئل طریقے سے شرکت کی ، کہا کہ یہ پروجیکٹ ایک صاف ستھرے اور دیرپا پروجیکٹ کے طور پر کام کرتا ہے جیساکہ ناگ پور میٹرو ماحول کے لیے سازگار توانائی کا استعمال کرتا ہے۔  انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ناگ پور میٹرو پروجیکٹ دسمبر 2021 تک مکمل ہو جائے گا۔

اس کی تیاری میں کہیں بھی رکاوٹ نہیں آئے گی : وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے یقین دلایا کہ ترقی کے اس کام میں کہیں بھی کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ میٹرو پروجیکٹ کے ایلیویٹڈ راستے کی تعمیر میں وزیراعلیٰ نے اس راستے کی تزین کاری پر توجہ دینے اور شہریوں کو کچھ سہولیات فراہم کرنے کی تجویز رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا کام ہونا چاہیے لیکن ہمیں اس بات کو بھی یقینی بنانا چاہیے کہ اس میں کوئی خامی نہ رہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہم اس کام کو آزادی کے 75 ویں سال  میں لوگوں کے لیے مکمل کر لیں گے اور اس سے اگلے 75 سال تک فائدہ ہوتا رہے گا۔

ناگ پور کے سرپرست وزیر اور توانائی کے وزیر ، ڈاکٹر نتن راؤت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ میٹرو سروس ٹریفک کو بلارکاوٹ بنانےاور طلبا کے لیے ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کافی فائدے مند ثابت ہوگی۔

زیرو مائل تاریخی اہمیت

مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ دویندر فڈنویس نے کہا ‘‘ناگ پور کا زیرو مائل ایک بہت ہی تاریخی جگہ ہے اور برطانیہ نے ناگ پور کے زیرو مائل سے 1907 میں گریٹ ٹری گونومیٹری سروے کا آغاز کیا تھا۔’’

***

م ن ۔ اس۔ ت ح ۔                                               

U –8102



(Release ID: 1747788) Visitor Counter : 215