وزارتِ تعلیم
نائب صدر جمہوریہ نے آج عالمی یونیورسٹیوں کے سربراہ اجلاس سے خطاب کیا
یونیورسٹیوں کو ماحولیاتی تبدیلی اور غربت جیسے عالمی چیلنجوں کے حل کی تلاش کے لیے فکری قیادت کرنی چاہیے: نائب صدر
میرو کثیر شعبہ جاتی تحقیق کو فروغ دے کر بھارت کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع کھولے گی: تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے وزیر جناب دھرمیندر پردھان
بھارت میں پڑھیں بھارت میں رہیں پروگرام بھارت کو تعلیم کی عالمی منزل بنائے گا: جناب دھرمیندر پردھان
مہارت کی ترقی کے ساتھ تعلیم کو ہم آہنگ بنانے سے معاشرتی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کی نئی راہیں کھلیں گی: جناب دھرمیندر پردھان
Posted On:
21 JUL 2021 3:12PM by PIB Delhi
21 جولائی 2021، نئی دہلی: بھارت کے نائب صدر جناب ایم وینکیا نائیڈو نے او پی جندل گلوبل یونیورسٹی کے زیر اہتمام عالمی یونیورسٹیوں کے سربراہ اجلاس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔ تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے وزیر جناب دھرمیندر پردھان نے بھی مذکورہ اجلاس سے خطاب کیا۔ اس سربراہ کانفرنس کا موضوع تھا: "مستقبل کی یونیورسٹیاں: ادارہ جاتی لچک، معاشرتی ذمہ داری اور معاشرتی اثر و رسوخ کی تشکیل" ۔
نائب صدر نے یونیورسٹیوں سے ماحولیاتی تبدیلی، غربت اور آلودگی جیسے عالمی چیلنجوں کا حل تلاش کرنے کے لیے فکری قائد بننے کی اپیل کی۔ انھوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ یونیورسٹیاں دنیا کو درپیش مختلف سماجی و معاشی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کریں اور ایسے نظریات سامنے لائیں جن کو حکومتیں اپنی ضروریات اور مناسبت کے مطابق نافذ کرسکیں۔
مادری زبان میں سیکھنے کے فوائد کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ اس سے سیکھنے والے کے فہم و ادراک کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا، "کسی دوسری زبان میں کسی مضمون کو سمجھنے کے لیے، اس زبان کو سب سے پہلے سیکھنا اور اس پر عبور حاصل کرنا ہوگا، جس کے لیے بہت کوشش کی ضرورت ہے۔ تاہم، کسی کی مادری زبان میں سیکھنے کے دوران ایسا نہیں ہوتا۔"
ہمارے ملک کے بھرپور لسانی اور ثقافتی ورثہ کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ بھارت میں سیکڑوں زبانیں اور ہزاروں بولیاں ہیں۔ انھوں نے کہا، "ہمارا لسانی تنوع ہمارے بھرپور ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔" مادری زبان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا، "ہماری مادری زبان یا دیسی زبان ہمارے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے، کیوں کہ ہمارا اس کے ساتھ وہی رشتہ ہے جو رحم مادر میں بچے کا نال سے ہوتا ہے۔"
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے، تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے وزیر جناب دھرمیندر پردھان نے بھارت کے تعلیمی شعبے کو عالمی معیارات کے مطابق بنانے، تحقیق اور جدت طرازی کی حوصلہ افزائی اور اچھے ذمہ دار شہریوں کی تیاری کے لیے، جو عالمی شہری یعنی وشو مانو بھی ہیں، حکومت کی عہد بستگی پر زور دیا۔
جناب پردھان نے کہا کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020 نے بھارتی اعلی تعلیم کے نظام کے لیے ایک نیا وژن پیش کیا ہے۔ اس میں خودکفیل بھارت بنانے کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن کا خاکہ شامل ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ معیار، مساوات، رسائی اور استطاعت نئی تعلیم پالیسی کے وہ چار ستون ہیں جن پر ایک نیا بھارت کی تعمیر ہوگی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت میں پڑھیں، بھارت میں رہیں کے وژن کے ساتھ، بھارت تعلیم کے میدان میں عالمی منزل کی طرف گام زن ہوگا۔ جناب پردھان نے حکومت کو تعلیم کو جامع، اختراعی، لسانی لحاظ سے متنوع اور کثیر شعبہ بنانے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے مزید کہا کہ کسی بھی طالب علم کو زبان کی حدود یا علاقائی لسانی رکاوٹوں کی وجہ سے زحمت نہیں ہونی چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ کثیر شعبہ جاتی تعلیم اور تحقیقی یونیورسٹی (MERU) بھارت کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع کھولے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ میرو بین شعبہ جاتی تحقیق کو فروغ دے گا اور بھارت کو تحقیق و ترقی کا عالمی مرکز بنائے گا۔
جناب پردھان نے زور دیا کہ ہنرمندی کے فروغ کے ساتھ تعلیم کو ہم آہنگ کرنے سے معاشرتی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کی نئی راہیں کھلیں گی۔ قومی تعلیمی پالیسی مہارت کے ساتھ تعلیم کے انضمام میں آسانی پیدا کرے گی اور بھارت کو آبادیاتی فائدہ حاصل کرنے میں مدد دے ملے گی۔
وزیر تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے وزیر جناب پردھان نے کہا کہ کوویڈ 19 کی عالمی وبانے آن لائن سیکھنے اور ڈیجیٹل ٹکنالوجی کو اپنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ سیکھنے کا سلسلہ جاری رہے۔ یہ طریقہ سیکھنے اور علم پھیلانے کے مخلوط طریقوں کو راستہ دیتے ہوئے جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہماری مستقبل کی منصوبہ بندی میں ڈیجیٹل خلیج کو پاٹنا ہوگا۔
انھوں نے اس موقع پر منتظمین کو بھی مبارک باد پیش کی اور ان کی تمام کوششوں میں کام یابی کی تمناؤں کا اظہار کیا۔
پروفیسر (ڈاکٹر) ڈی پی سنگھ، چیئرمین، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن، جناب نوین جندل، چانسلر، او پی جندل گلوبل یونیورسٹی، پروفیسر (ڈاکٹر) سی راج کمار، بانی وائس چانسلر، پروفیسر دبیرو سریدھر پٹنائک، رجسٹرار اور بھارت اور بیرون ملک میں مقیم یونیورسٹی کے دیگر معزز رہ نماؤں اور اساتذہ نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
*****
6806U. No.
(ش ح – ع ا – ع ر)
(Release ID: 1737608)
Visitor Counter : 257