وزارت دفاع

انڈین کوسٹ گارڈ کی ایم وی ایکس- پریس پرل جہاز پر لگی آگ پر قابو پانے کی کارروائیاں جاری ہیں

Posted On: 28 MAY 2021 10:33AM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،28؍مئی  :  انڈین کوسٹ  گارڈ  (آئی سی جی) کے جہاز  ’’ویبھو‘‘ اور  ’’واجر‘‘  سری لنکا میں  کولمبو کے ساحل کے نزدیک  کنٹینر بردار  بحری جہاز  ایم وی  ایکس – پریس پرل پر لگی آگ  پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ناموافق  سمندر  اور خراب موسمی  حالات  کے دوران آئی سی جی  کے جہاز ،  سری لنکا کے ذریعہ  تعینات  جہازوں کے ساتھ مل کر مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں اور ان جہازوں  نے جہازوں پر لگی  آگ  پر قابو  پانے والے  زبردست  سسٹم کے ذریعہ  اے ایف ایف ایف  سولیوشن اور سمندری  پانی آگ  پر  چھڑکنے کے دوران  کنٹینر بردار جہاز  کے دونوں جانب سے آگ بجھانے کی بہت سی کوششیں کی ہیں۔

 بتایا جاتا ہے کہ بحری جہاز  کے دونوں طرف  لدے  کنٹینرس، جزوی  یا مکمل  طور پر  جل گئے ہیں اور  کچھ جگہوں سے ان کے سمندر میں گرجانے کا خطرہ  ہے۔ البتہ  آئی سی جی کے  جہازوں نے ماہرانہ طریقے سے جدو جہد کرتے ہوئے ، جہاز  کے 40  سے 50  میٹر تک نزدیک  پہنچ کر  اس پر سمندری پانی   ؍  فوم کا چھڑکاؤ  کیا ہے۔ آئی سی جی کے جہازوں کے ذریعہ آگ  پر قابو پانے سے متعلق  ٹھوس اور مسلسل  طریقے سے کی گئی کارروائیوں کی بدولت  ایسا لگتا ہے کہ آگ  سے متاثرہ جہاز  کے اگلے اور درمیانی حصے  میں آگ کی شدت میں کمی ہوئی ہے لیکن جہاز  کے اہم ڈھانچے  کے نزدیکی حصے  میں اب بھی آگ لگی ہوئی ہے۔

27 مئی 2021  کو مدورائی  سے پرواز کرنے والے  آئی سی جی ڈونیئر طیارے نے  علاقے کا فضائی معائینہ کیا تھا۔ تیل کے رساؤ  کی کوئی اطلاع نہیں ملی  ہے۔  آلودگی پر قابو پانے (پی آر)  میں مہارت رکھنے والے آئی سی جی کے بحری جہاز  سمدرا پہاڑی  کو بھی آگ  پر قابو پانے کی کوششوں میں تعاون کرنے اور تیل کے کسی بھی قسم کے رساؤ  سے نمٹنے کی غرض سے موقع پر روانہ کردیا گیا ہے۔

آگ سے متاثرہ جہاز  ایم وی   ایکس – پریس پرل  پر نائٹرک تیزاب اور دیگر  مضر رساں آئی ایم ڈی جی کوڈ  کیمیکلز سے بھرے  1486  کنٹینرس لدے ہوئے ہیں۔ انتہائی شدید آگ ، کنٹینروں کو پہنچے نقصانات، موجودہ  ناموافق موسمی حالات  کی وجہ سے بحری جہاز  ایک جانب جھک گیا ہے، جس کے نتیجے میں جہاز  پر سوار  کنٹینرس گرنے لگے ہیں۔ آگ پر قابو پانے کی کارروائیوں میں اضافے  کے مقصد سے   آئی سی جی جہاز  ’’وجر‘‘ نے 26 مئی 2021  کو  سری لنکا کے حکام کو تقریبا 4500  لیٹر اے ایف ایف ایف  کمپاؤنڈ اور 450  کلو گرام خشک کیمیکل پاؤڈر دیا تھا۔

 کوچی،  چنئی  اور ٹیوٹی کورن کے مقامات پر آئی سی جی کے جہازوں کو تیار رکھا گیا ہے تاکہ  آلودگی  سے نمٹنے کی غرض سے فوری امدادی  کارروائی کی جاسکے۔ آگ پر قابو پانے کے مقصد  سے کی  جارہی مجموعی  کارروائیوں میں اضافے  کی غرض سے سری لنکا کی کوسٹ گارڈ اور سری لنکا کے دیگر حکام  کے ساتھ مسلسل تال میل اور اشتراک کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۰۰۰۰۰۰۰۰

(ش ح- ع م- ق ر)

U-4911



(Release ID: 1722379) Visitor Counter : 225