وزیراعظم کا دفتر

بنگلہ دیش کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل وزیر اعظم کا بیان

Posted On: 25 MAR 2021 6:11PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،  25 /مارچ 2021 ۔ میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم محترمہ شیخ حسینہ کی دعوت پر 26-27 مارچ 2021 کو بنگلہ دیش کا دورہ کروں گا۔

مجھے خوشی ہے کہ کووڈ-19 کی وبا کی شروعات کے بعد کسی ایسے پڑوسی دوست ملک کا یہ میرا پہلا غیرملکی دورہ ہے، جس کے ساتھ بھارت کے ثقافتی، لسانی اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان آپس میں گہرے تعلقات ہیں۔

میں کل قومی دن تقریبات میں اپنی شرکت کا منتظر ہوں جب بنگلہ دیش کے بابائے قوم بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمان کی پیدائش کی صدی منائی جارہی ہے۔ بنگ بندھو گزشتہ صدی کے قدآور لیڈروں میں سے ایک تھے، جن کی زندگی اور آئیڈیلس لاکھوں لوگوں کے لئے باعث تحریک ہیں۔ ان کی یاد کو اپنا احترام دینے کے لئے میں تنگی پاڑہ میں بنگ بندھو کی سمادھی پر جانے کا منتظر ہوں۔

میں پورانک روایات کی 51 شکتی پیٹھوں میں سے ایک، قدیم جشوریشوری کالی مندر میں دیوی کالی کی پوجا کرنے کا بے صبری سے انتظار کررہا ہوں۔

میں خاص طور سے اوراکانڈی میں متوا برادری کے نمائندوں کے ساتھ اپنی بات چیت کا بھی منتظر ہوں، جہاں سے سری سری ہری چندر ٹھاکر جی نے اپنا مقدس پیغام دیا تھا۔

گزشتہ سال ستمبر میں وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ساتھ تعمیری ورچول میٹنگ کے بعد مجھے امید ہے کہ اس دورے کے دوران ان کے ساتھ گہرائی کے ساتھ تبادلہ خیال ہوگا۔ میں عالی جناب صدر عبدالحمید  اور بنگلہ دیش کے دیگر معززین کے ساتھ بھی اپنی میٹنگ کا شدت کے ساتھ منتظر ہوں۔

میرا دورہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی دوراندیش قیادت میں بنگلہ دیش کی قابل ذکر اقتصادی و ترقیاتی پیش رفت کے لئے نہ صرف ان کی ستائش کرنے کا موقع ہوگا بلکہ ان حصول یابیوں کے لئے بھارت کے تعاون کے لئے بھی پابند عہد ہوگا۔ میں کووڈ-19 کے خلاف بنگلہ دیش کی جنگ کے تئیں بھارت کی حمایت اور یکجہتی کا بھی اظہار کروں گا۔

 

******

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO. 3071

 



(Release ID: 1707630) Visitor Counter : 244