قبائیلی امور کی وزارت

نائب صدرجمہوریہ جناب وینکیانائیڈونے دلی ہاٹ میں 15دن تک چلنے والے قومی قبائلی میلہ –آدی مہوتسوکا افتتاح کیا


نائب صدرجمہوریہ نے قبائل کی آمدنی کے وسائل نے بہتری لانے کے لئے قبائلی مصنوعات کو بڑھاوادینے اورانھیں مقبول بنانے پرزوردیا

سرکارنے قبائل کی صلاحیت سازی ، بہتری بازاری صلاحیت اور تربیت کامنصوبہ تیارکیاہے تاکہ وہ اپنی مصنوعات میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپوراستعمال کرسکیں-جناب ارجن منڈا

یکم فروری سے 15فروری تک چلنے والے اس میلے میں ملک بھرکے 1000سے زائد قبائلی دست کارحصہ لے رہے ہیں

Posted On: 01 FEB 2021 9:34PM by PIB Delhi

نئی دہلی ،یکم فروری :نائب صدرجمہوریہ جناب ایم وینکیانائیڈو نے آج نئی دہلی میں قبائلی میلہ آدی مہوتسوکا افتتاح کیا۔ نئی دہلی کے دلی ہاٹ میں منعقد ہونے والا یہ آدی مہوتسویکم فروری سے 15فروری ،2021تک جاری رہے گا ۔ اس موقع پر قبائلی امورکے وزیرجناب ارجن منڈا ، وزیرمملکت برائے قبائلی امور جناب فگن سنگھ کلستے ، وزیرمملکت برائے اسٹیل، جناب رمیش چندمینا ، ٹی آرآئی ایف ای ڈی کے چیئرمین ، جناب آرسبرامنیم قبائلی امورکی وزارت کے سکریٹری ، ٹرائیفیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹرجناب پرویر کرشناکے ساتھ وزارت اور ٹرائیفیڈ کے اعلیٰ حکام موجود تھے ۔

جناب ایم وینکیانائیڈو نے ایک دیپ جلاکر اس میلے کاافتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب ایم وینکیانائیڈونے اس بات پرزور دیاکہ ترقی کا ایک ایسا ماڈل تیارکیاجاناچاہیئے جس سے قبائل کی خصوصی  شناخت محفوظ رہے ۔ انھوں نے کہاکہ ان کی ثقافت ان کی شناخت ہے ۔ اوروہ چاہتے ہیں کہ  قبائل کو قومی دھارے میں لانے کے دوران ان کی ثقافت برقراررہے ۔ان کی بڑی تعداد میں دستکاری کا مشاہدہ کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے اس بات پرزوردیاکہ قبائلی عوام کی قدرتی صلاحیتوں کو بڑھاوادینے ، ان کی مصنوعات کو مقبول بنانے اور ان کی آمدنی کے وسائل میں بہترلانے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے مشہورتنظیموں کے قومی دھارے کے ڈیزائنروں اور قبائل کے درمیان ربط وضبط کو بڑھاوادینے کی سرکارکے قدم کی ستائش کی ۔ انھوں نے کہاکہ ان دونوں کے تال میل سے ایسی مصنوعات اوردستکاری کے نمونے سامنے آئیں گے جن کی بازارمیں بڑی اہمیت ہوگی اورعالمی سطح پر ان کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ ان دونوں کے لئے یہ صورت حال برابری کی ہوگی ۔ انھوں نے ٹرائبل کوآپریٹو مارکیٹنگ ڈیولپمنٹ فیڈریشن آف انڈیا (ٹرائیفیڈ ) اور قبائلی امورکی اس بات کے لئے ستائش کی کہ وہ قبائلی برادری کو معاشی طورپر بااختیاربنانے اور ای ۔ کامرس وڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعہ ان کے کاروبار کو بڑھاوادینے کے لئے اہم کرداراداکرتے ہیں۔جناب نائیڈونے یہ بھی کہاکہ آرگینک غذائی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہواہے اس لئے ٹرائیفیڈ کو چاہیئے کہ وہ اس بازار پر دسترس حاصل کرے ۔ انھوں نے یہ بھی کہاکہ ہم اس حق میں ہیں کہ ٹرائیفیڈ اس بات کو یقینی بنائے کہ مصنوعات کا منافع قبائلی عوام تک پہنچے ۔

تقریب کی صدارت کرتے ہوئے قبائلی امورکے وزیرجناب ارجن منڈانے اپنی وزارت اور ٹرائیفیڈ کی طرف سے قبائل کوبااختیاربنانے کی سمت میں کی جانے والی مسلسل کوششو ں کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ یہ سالانہ میلہ روایتی آرٹ ، دستکاری اور ملک کے ثقافتی ورثے کا ایک مظاہرہ ہے اور یہ قبائلی دستکاروں کوایک وسیع تربازارسے جوڑتاہے ۔اس کے ساتھ ہی یہ بھارت کے قبائل کی مالامال روایت اور اس کی تکثیریت کو سامنے لاتاہے ۔ وزیرموصوف نے کہاکہ قبائلی مصنوعات کو مقبول عام کرنے کے سلسلے میں سرکار غیرمعمولی اقدام کررہی ہےاور انھیں قومی اور بین الاقوامی بازاروں سے جوڑنے کے مواقع فراہم کررہی ہے ۔ انھوں نے قبائل کے ذریعہ تیارکردہ شہدکا خاص طورپرذکرکیااورکہاکہ اس میں قدرتی ادویہ شامل ہیں ۔ جناب ارجن منڈا نے قبائلی مصنوعات کی ایک دوسری بڑی خصوصیت کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ یہ قدرتی طورپر آرگینک ہیں ۔انھوں نے یہ بھی کہاکہ سرکارقبائل کی صلاحیتوں میں بہتری لانے ، ان کے اندربازاری اضافہ کرنے اور انھیں تربیت دینے کا منصوبہ تیارکیاہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا استعمال اپنی مصنوعات میں احسن طریقے سے کرسکیں ۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ میلہ دیکھنے آئیں اورقبائلی ثقافت ، ان کے کھانوں اور دست کاری سے لطف اندوز ہوں ۔

آدی مہوتسوایک سالانہ تقریب ہے جس کا آغاز 2017میں ہواتھا، یہ میلہ کسی ایک جگہ ملک بھرکی قبائلی برادری کی مالامال ثقافت ان کی دستکاری اوران کے کھان پان سے دوسرے لوگوں کو متعارف کرانے کی ایک کوشش ہےا لبتہ وباکی وجہ سے 2020میں اس میلے کا انعقاد نہیں ہوسکاتھا۔ اس میلے کا موضوع ‘‘قبائلی دستکاری ، ثقافت اورکامرس کا تہوار’’ہے ۔ جس میں قبائلی زندگی کے مختلف پہلو دکھاجاتےہیں ۔ 15دن تک چلنے والے اس میلے میں قبائلی دستکاری ، آرٹ ، پینٹنگ ، فیبرک ، زیورات وغیرہ کی نمائش اورفروخت ہوتی ہے ۔ 200سے زائد اسٹالوں پر قبائلی مصنوعات کی نمائش کی گئی ہے اورملک بھرسے آئے ہوئے تقریبا 1000قبائلی دستکاروفنکار اس میں حصہ لے رہے ہیں ۔

ٹرائیفیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹرجناب پرویر کرشنا نے کہا کہ اس میلے میں چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش ، اڑیسہ ، ہماچل پردیش ، جموں وکشمیر ، راجستھان ، گجرات ، آندھراپردیش ، کرناٹک ، مغربی بنگال اورشمال مشرقی ریاستوں سے ملک کی تقریبا 20ریاستوں سے آئے ہوئے مشہورفنکار اور دستکاراس میلے میں شرکت کررہے ہیں اور اپنی ثقافت ، روایتی آرٹ دستکاری اور تہذیب کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔

اس میلے کی بنیادی خصوصیت مختلف نوعیت کی قبائلی دستکاری ، قبائلی قدرتی مصنوعات ، قبائلی کھانے اور ثقافت ہے ۔ شائقین کے لئے اس میلے میں قبائل ہندوستان کے بہترین نمونے موجود ہیں مثال کے طورپر مدھیہ پردیش کی مشہورمہیشوری ساڑی لداخ اورہماچل پردیش کی اون سے بنی ہوئی  مصنوعات کے ساتھ ساتھ تمل ناڈو کے قبائل کے ذریعہ تیارکی گئی امیونٹی بڑھانے والی متعدد مصنوعات اور اچار۔اسی طرح شمال مشرقی ہندوستان میں تیارکی گئی خصوصی شہد اور آرگینک مصنوعات بھی اس میلے کا حصہ ہیں ۔ اس میں آسام کی توڑا امبرائیڈری  جو موگاسلک کی بنی ہوئی ہیں اورناگالینڈ کے سیاہ مٹی کے برتن بھی یہاں موجود ہیں ۔ درحقیقت یہ میلہ ایک جگہ پراورایک چھت کے نیچے ایک چھوٹے ہندوستان کانظارہ پیش کرتاہے ۔

شائقین اس میلے میں ملک کے مختلف علاقوں کے ذائقہ دارکھانوں کا لطف لے سکتے ہیں ، جیسے جھارکھنڈ کی چلکا روٹی ، بھوس کا دال پیٹھا، مہاراشٹرکی گورودی ، جوارپاپڑ اورمحل پٹہ روٹی ، تمل ناڈوچھنائی چاول ، راگی کالی اور سماعی ارون دئی ، اور ناگالینڈ کے مختلف کھانے دستیاب ہیں ، ساتھ ہی ملک بھرسے آئے ہوئے قبائلی فنکاروں کے حیرت کردینے والے فن سے بھی لطف اندوز ہواجاسکتاہے ۔ درحقیقت اس میں قبائلی تکثیری ثقافت کو ان کی مصنوعات ، دستکاری اور آرٹ کی شکل میں دکھایاجارہاہے جو اس سے پہلے کہیں نہیں دیکھاگیا۔

وزیراعظم کے خود کفیل بھارت کی تعمیر پر زوردیتے ہوئے اس میلے میں سب سے زیادہ نظرانداز کئے گئے قبائلی طبقات کی مالامال ثقافت اور ان کی روایات کو پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ انھیں ایک وسیع بازارتک رسائی کا موقع فراہم کیاجائے ۔

ٹرائیفیڈ ایک ایسی نوڈل ایجنسی ہے جو قبائل کو بااختیاربنانے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ کچھ اس طرح کے اہم اقدامات بھی کررہی ہے تاکہ قبائل کی طرز زندگی اورروایت کو محفوظ رکھتے ہوئے ان کی زندگیوں اورآمدنی میں بہتری لائی جاسکے ۔ آدی مہوتسوبھی ان اقدامات میں سے ایک ہے اوراس کے ذریعہ ان برادریوں  کی نہ صرف اقتصادی فلاح کو بہتربنانے کی کوشش کی جارہی ہے بلکہ

انھیں قومی دھارے کی ترقی کے قریب لانے کی مثبت کوشش ہورہی ہے ۔

 

 

**************

( ش ح۔ج ق۔ع آ،02.02.2021)

U-1060

 

 


(Release ID: 1694375) Visitor Counter : 154


Read this release in: English , Hindi , Manipuri