وزارت دفاع

بھارتی ساحلی محافظ دستہ 45 واں یوم تاسیس منائے گا

Posted On: 31 JAN 2021 11:33AM by PIB Delhi

بھارتی ساحلی محافظ دستہ یکم فروری 2021 کو اپنا 45واں یوم تاسیس منانے جا رہا ہے۔ 1978 میں محض 07 سرفیس پلیٹ فارموں کے ساتھ چھوٹے پیمانے پر آغاز کے بعد سے، آئی سی جی اپنی فہرست میں 156 جہازوں اور 62 طیاروں کی شمولیت کے ساتھ اب ایک زبردست قوت بن چکا ہے اور قوی امکان ہے کہ یہ 2025 تک 200 سرفیس پلیٹ فارموں اور 80 طیاروں کے طے شدہ ہدف کو حاصل کر لے گا۔

دنیا میں چوتھے سب سے بڑے ساحلی دستے کے طور پر، بھارتی ساحلی محافظ دستے نے بھارتی ساحلوں کی سلامتی اور بھارتی بحری علاقوں میں قوانین کے نفاذ میں ایک غیرمعمولی کردار ادا کیا ہے۔ اپنے نعرے ’’وایم رکشاماہ‘‘ یعنی ’’ہم حفاظت کرتے ہیں‘‘ سے ہم آہنگ، اس دستے نے 1977 میں اپنے آغاز سے لے کر اب تک 10000 سے زائد زندگیاں بچائیں اور 14000 سے زائد شرپسند عناصر کو گرفتار کیا ہے۔ اوسطاً، ساحلی دستہ سمندری علاقے میں ہر دوسرے دن ایک قیمتی زندگی کی حفاظت کرتا ہے۔

’کووِڈ۔19‘ وبائی مرض کے نتیجے میں عائد کی گئیں پابندیوں کے باوجود، بھارتی ساحلی محافظ دستے نے روزانہ 50 جہاز اور 12 طیارے تعینات کرکے خصوصی اقتصادی زون میں چوبیسوں گھنٹے کڑی نگرانی جاری رکھی۔ اس دستے کے ذریعہ سمندری علاقے میں روک تھام اور فضائی نگرانی کے ذریعہ سال 2020 میں بھارتی خصوصی اقتصادی زون میں 15000 کروڑ روپئے کے بقدر کی ممنوعہ اشیاء اور ماہی گیری میں استعمال میں آنے والی 10 غیر ملکی کشتیوں کے ساتھ ساتھ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث 80 شرپسند عناصر کی گرفتاری عمل میں آئی۔ محض ایک برس قبل متعارف کرائے گئے’بچاؤ اور منصوبہ بند ردعمل‘آپریشن نے سال گذشتہ 11 سمندری طوفانوں کے گزرنے کے دوران ماہی گیری سے متعلق 6000 سے زائد کشتیوں کے ساتھ تقریباً 40000 ماہی گیروں کے بحافظت محفوظ بندرگاہوں تک پہنچانے کو یقینی بنایا، اور اس طرح سمندری علاقوں میں انسانی زندگیوں کو بچانے کے ساتھ ساتھ ملکیت کی بھی حفاظت کی۔

خطے میں سب کے لئے سلامتی اور ترقی کے، عزت مآب وزیر اعظم کےویژن، یعنی ’ساگر‘ سے مطابقت پیدا کرتے ہوئے، بھارتی ساحلی سلامتی دستے نے سری لنکا کے قریب، نیو ڈائیمنڈ نامی 333 میٹر طویل ایک بڑے خام تیل کیرئیر موٹر ٹینکر، جس میں تقریباً 3 لاکھ میٹرک ٹن کے بقدر خام تیل تھا، میں لگی بھیانک آگ کو بجھاکر سمندری تاریخ رقم کی، اور اس طرح ایک بڑی ماحولیاتی تباہی کو ٹال دیا۔ اس کے علاوہ، آئی سی جی نے مرچنٹ جہاز وکاشیو کی گراؤنڈنگ کے دوران ماریشس کو آلودگی سے بچاؤ میں تعاون بھی فراہم کیا اور تربیت کے لئے 30 ٹی آلودگی ردعمل سے متعلق آلات فراہم کیے۔ آئی سی جی اپنے فرائض کے تحت اور بحر ہند کے خطے میں ٹرانس نیشنل بحری جرائم سے نمٹنے اور بحری سلامتی کے لئے ساحلی ممالک کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔

بحری اور شہری ہوابازی تلاش اور تحفظ میکنزم میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی غرض سے، آئی سی جی نے قومی بحری تلاشی اور تحفظ بورڈ میٹنگ کا انعقاد کیا، بعد ازاں بڑے بچاؤ آپریشنوں کو انجام دینے کے لئے موجودہ میکنزم کی توثیق کے لئے، ایس اے آر مشق۔2020 (ایس اے آر ای ایکس۔2020) کا اہتمام کیا۔ ساحلی تحفظ اور انٹلی جینس سے مطابقت پیدا کرنے کی غرض سے، متعلقین کے درمیان ساجھا کی جانے والی انٹیلی جینس کی مؤثریت میں اضافہ کرنے کے لئے ایک سیمنار منعقد کیا گیا۔ بہتر ساحلی سلامتی میکنزم نافذ کرنے کے لئے یہ سروس مرکزی اور ریاستی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی طور پر کام کر رہی ہے۔

صدرجمہوریہ، نائب صدرجمہوریہ، وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے بھارتی ساحلی محافظ دستے کو ملک کی خدمت کے 44 شاندار برس مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور اس سروس کے ذریعہ بحری خطے میں ملک کے مفادات کی حصولیابی میں ادا کیے گئے غیر معمولی کردار کی ستائش کی۔

________

ش ح ۔اب ن

U-983


(Release ID: 1693754) Visitor Counter : 213