امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت

نئی تعلیمی پالیسی زرعی شعبہ کو مزید خوشحال اور روزگار پر مرتکز بنانے میں مددگار ثابت ہوگی: جناب تومر


آئی سی اے آر نے زرعی تحقیق اور تعلیم میں اہم کردار ادا کیا ہے: جناب پیوش گوئل
آئی سی اے آر سوسائٹی کی 92ویں سالانہ میٹنگ کا انعقاد

Posted On: 27 JAN 2021 8:19PM by PIB Delhi

نئی دہلی، 27 جون 2021: زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر جناب نریندر سنگھ تومر نے آج آئی سی اے آر سوسائٹی کی  92ویں سالانہ جنرل میٹنگ سے خطاب کیا۔ جناب تومر نے زراعت اور کھیتی سے متعلق مختلف مسائل کے حل اور 2022 تک کاشتکاروں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے مقصد سے حکومت کی اسکیموں کے لئے سائنسی مدد سے آئی سی اے آر کے ذریعہ وضع کردہ طریقہ کار کے بارے میں بتایا۔مرکزی وزیر نے کونسل سے وابستہ زرعی سائنسداں، اساتذہ، طلبا اور کاشتکاروں کی ناقابل تسخیر کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے اس بات کو بھی اہمیت کے ساتھ بیان کیا کہ کاشتکاروں کی محنت اور زرعی سائنسدانوں کے ذریعہ تیارکردہ جدید تکنالوجیوں نے عالمی سطح پر دودھ پیداوار اور ماہی گیری کے شعبے میں ملک کو ایک اہم مقام دلانے میں مدد کی ہے۔

مرکزی وزیر نے زراعت کی شرح نمو کو مہمیز کرنے اور ملک کے کاشتکاروں کو بااختیار بنانے کی غرض سے پروڈکشن اور پیداواریت میں اضافہ کرنے کے لئے مرکزی حکومت کے ذریعہ نافذ کردہ مختلف جامع اسکیموں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی پیداواری تنظیمیں ملک میں مختلف زرعی اور کھیتی سے متعلق مسائل کے حل میں ایک اہم کردار ادا کریں گی۔ جناب تومر نے کہا کہ کووِڈ۔19 وبائی مرض کے چنوتی بھرے دور میں بھی؛ کونسل نے مختلف لازمی خوردنی فصلوں کی پیداوار میں خاطر خواہ نمو حاصل کرکے اپنی معتبریت قائم رکھی۔ انہوں نے کونسل کے ذریعہ فصلوں کی مختلف نئی اقسام تیار کرنے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کو مختلف طریقوں سے فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔

کونسل اور زرعی یونیورسٹیوں کے لاثانی تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے، مرکزی وزیر نے نئی تعلیمی پالیسی کی مدد سے زرعی شعبہ کو مزید روزگار پر مرتکز بنانے کی اپیل کی۔ جناب تومر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے زرعی شعبہ کی نمو، کاشتکاروں کی اختیارکاری اور ان کی آمدنی میں اضافہ، مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہوگا۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے نعرے ’جے جوان، جے کسان، جے وگیان، جے انوسندھان‘ کا حوالہ دیتے ہوئے، ریلوے، تجارت و صنعت اور صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کاری کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے زرعی تحقیق اور تعلیم کے میدان میں کونسل کے ذریعہ ادا کیے جانے والے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ جناب گوئل نے آتم نربھر بھارت ابھیان میں آئی سی اے آر کے ذریعہ ادا کیے گئے غیر معمولی کردار پر روشنی ڈالی ۔ مرکزی وزیر نے تبدیلی آب و ہوا کے ساتھ مطابقت پیدا کرتے ہوئے فصلوں کی گوناگونیت پر زور دیا۔

زراعت اور کاشتکاروں کی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب پرشوتم روپالا نے کہا کہ زرعی شعبے نے نہ صرف یہ کہ مختلف خوردنی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار میں کامیابی حاصل کی ہے بلکہ کووِڈ۔19 وبائی مرض کےنتیجے میں نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کے دوران روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے۔

زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب کیلاش چودھری نے ملک کی ترقی کے لئے زرعی شعبے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر موصوف نے کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ کے لئے بیجوں کی بہتر اقسام، اسٹوریج سہولیات، کم پیداواری لاگت، اچھی کھادوں کی دستیابی اور مؤثر منڈی نظام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ جناب چودھری نے نامیاتی کاشتکاری کو اپنانے کے لئے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے کی غرض سے مختلف پروگراموں کے انعقاد پر بھی زور دیا۔

نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر رمیش چند، زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت حکومت ہند کے تحت زراعت، تعاون اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود،کے شعبے کے سکریٹری جناب سنجے اگروال بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سکریٹری (ڈی اے آر ای ) اور ڈائرکٹر (آئی سی اے آر)ڈاکٹر تریلوچن موہاپاترا نے سال کے لئے کونسل کی بڑی حصولیابیوں پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر موہاپاترا نے زور دیتے ہوئے کہاکہ زرعی تحقیق اور تعلیم کے ساتھ ساتھ، کونسل کاشتکاروں کے لئے نئی اور جدید زرعی تکنالوجیوں کو فروغ دینے کے لئے بھی پوری لگن کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

اس موقع پر آئی سی اے آر کی مختلف مصنوعات اور پبلی کیشنز جاری کی گئیں۔

مختلف ریاستی حکومتوں کی زراعت، باغبانی، مویشی پالن اور ماہی گیری سے متعلق وزارتوں، آئی سی اے آر سوسائٹی کے سینئر افسران، آئی سی اے آر گورننگ باڈی کے اراکین، جناب سنجے کمار سنگھ، ایڈیشنل سکریٹری (ڈی اے آر ای) اور سکریٹری (آئی سی اے آر) کے علاوہ کونسل کے سینئر افسران، زرعی سائنسداں، اور اسٹاف عملے نے بھی اس میٹنگ میں ورچووَل انداز میں شرکت کی۔

****

 

ش ح ۔اب ن

U-884


(Release ID: 1692834) Visitor Counter : 138


Read this release in: English , Hindi , Manipuri , Telugu