امور داخلہ کی وزارت

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے میگھالیہ کے دارالحکومت شیلانگ میں شمال مشرقی کونسل ( این ای سی ) کی 69 ویں میٹنگ کی صدارت کی


جب جناب نریندر مودی وزیر اعظم بنے تو شروع میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر شمال مشرق کو ترقی دینی ہے تو شمال مشرق کو حکومت کی ہر قسم کی ترقیاتی اسکیموں میں میں ترجیح دینی ہو گی

این ای سی مختلف پروجیکٹوں کو شروع کرنے کے علاوہ شمال مشرق میں روزگار میں اضافہ کرنے کے لئے کام کر رہی ہے ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ این ای سی کا رول کتنا اہم ہے

بھارت کو پورے طور پر اُسی وقت ترقی یافتہ سمجھا جائے گا ، جب شمال مشرق میں ترقی ہو اور شمال مشرق کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ یہ ترقی ہر مذہب اور زبان کے ہر شخص تک پہنچے

شمال مشرق پورے بھارت کی قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ہے ، مختلف ثقافتوں کے سنگم سے شاندار ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے ، اس لئے یہ خطہ سیاحت کے ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھر سکتا ہے اور یہ شمال مشرقی خطے کی ترقی کی رہنمائی کر سکتا ہے

شمال مشرق ، بھارت کے دِل کی نمائندگی کرتا ہے ، ہمیں اِس کی دیکھ بھال کرنی چاہیئے ، مختلف ترقیاتی سرگرمیوں میں ہمیں ریاست کو محفوظ کرنے کی ضرورت ہے

وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم شمال مشرق میں بین ریاستی سرحدی تنازعات کو حل کریں گے اور یہ ایک بڑی کامیابی ہو گی

کچھ ایسے علاقے اب بھی موجود ہیں ، جو ترقی یافتہ نہیں ہیں ، اس لئے کابینہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بجٹ کا 30 فی صد حصہ کم ترقی یافتہ علاقوں کے لئے استعمال کیا جائے گا

این ای سی کو ہر ریاست کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنا چاہیئے اور کاروبار میں آسانی کے تحت 2022 ء کے لئے ہدف مقرر کرنے چاہئیں ، یہ بڑی کامیابی ہو گی

مرکزی حکومت نے شمال مشرق کے تصور کو تبدیل کر دیا ہے ۔ اس لئے شمال مشرق کو بھی اپنے اِس تصور کو تبدیل کرنا چاہیئے کہ وہ مرکز کو کیسے دیکھتا ہے

ہمیں ساز گار ماحول قائم کرنا چاہیئے تاکہ شمال مشرق میں سرمایہ کاری کو راغب کر سکیں اور حکومت کی مدد سے پرائیویٹ سیکٹر بھی یہاں ترقیاتی عمل میں ساجھیدار ہو سکتا ہے

Posted On: 23 JAN 2021 7:53PM by PIB Delhi

نئی دلّی ، 24 جنوری / مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے آج میگھالیہ کے  دار الحکومت شیلانگ میں شمال مشرقی کونسل  ( این ای سی ) کی 69 ویں میٹنگ کی صدارت کی ۔ اپنے افتتاحی خطبے میں جناب  امت شاہ نے کہا کہ  2014 ء میں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جناب نریندر مودی نے کہا تھا کہ اگر شمال مشرق کو ترقی  دینی ہے  تو شمال مشرق کو حکومت کی  ہر قسم کی ترقیاتی  اسکیموں میں  ترجیح دینی ہو گی ۔ وزیر اعظم نے  ہدایت دی کہ  ہر 15 دن میں   ایک مرکزی وزیر  باری باری شمال مشرق کا دورہ کرے گا  اور جناب نریندر مودی  نے خود بھی   40 سے زیادہ مرتبہ  شمال مشرق کا دورہ کیا ہے  ، جب کہ مرکزی حکومت   کے مختلف وزیروں   نے 300 سے زیادہ دورے کئے ہیں ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیر اعظم جناب  نریندر مودی شمال مشرق کو کتنی  ترجیح دیتے ہیں ۔

 

          مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج کا دن ایک نکتۂ نظر سے بھی  بہت  اہم ہے ۔ آج سبھاش بابو کا 125 واں یومِ پیدائش ہے ۔ جناب شاہ نے کہا کہ  سبھاش چندر بوس کا مقام  مجاہدینِ آزادی  میں   قطب تارے کی طرح ہے ۔ ملک کو آزادی  دلانے کے لئے ، اُن کی جدو جہد   بے مثال ہے ۔   نیتاجی کے عہد  اور جستجو کے علاوہ  ، انہوں نے  عوام کو  آزادی کے لئے ترغیب دی  اور بھارت کی آزادی میں اہم  رول  ادا کیا ۔  ملک کے نو جوان برسوں تک  سبھاش چندر بوس کی زندگی  سے تحریک حاصل کرتے رہیں گے ۔  جناب امت شاہ نے شمال مشرقی کونسل پر  زور دیا کہ  وہ سبھاش چندر بوس کی یاد میں شمال مشرق میں  بچوں کے لئے پروگراموں   کا انعقاد کریں ، مختلف اسکیمیں شروع کریں  اور  یاد گاریں تعمیر  کریں ۔

 

          جناب امت شاہ نے کہا کہ این ای سی نے  شمال  مشرق میں  روز گار میں اضافہ کرنے کے لئے کئی پروجیکٹ شروع کئے ہیں ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ این ای سی کا رول کتنا  اہم ہے ۔ جناب شاہ نے کہا کہ اب بھی کئی  علاقے ایسے ہیں ، جو ترقی یافتہ نہیں ہیں ۔ اس لئے کابینہ نے  فیصلہ کیا ہے کہ بجٹ کا 30 فی صد حصہ کم ترقی یافتہ علاقوں  کے لئے استعمال کیا جائے گا   اور اِن علاقوں کو بھی ترقی  دی جائے گی ۔  پورے بھارت کو   صرف اُسی وقت  ترقی یافتہ  سمجھا جا سکتا ہے ، جب شمال مشرق کی ترقی ہو  اور  شمال مشرق ترقی کے لئے  ضروری ہے   کہ ہر مذہب اور زبان   کے ہر شخص تک  ترقی   کے فوائد پہنچیں  اور اس عمل کو   ، اِس بجٹ کے ذریعے  پورا کرنے   کی کوشش کی جائے گی ۔  جناب امت شاہ نے  کہا کہ اگر  شمال مشرقی کونسل  ہر ریاست کے ساتھ صلاح و مشورے سے کاروبار میں آسانی کے تحت   2022 ء کے لئے  ہدف طے کرتی ہے  تو یہ ایک بڑی کامیابی ہو گی ۔  اس سے  سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔ 2022 ء میں  آزادی کے 75 سال  مکمل ہونے کے موقع پر  ہر ریاست  کو   ایک ہدف  مقرر کرنا چاہیئے  اور   اس کے راستے میں آنے والی  تمام مشکلات  کو  دور کرنے کی  کوشش کرنی چاہیئے ۔ جناب شاہ نے کہا کہ  مودی جی کے بعد  سرکاری سرمایہ کاری  میں  کنکٹیویٹی سے لے کر روز گار پید اکرنے تک  کے سیکٹروں میں  بڑا اضافہ ہوا ہے ۔

          جناب شاہ نے کہا کہ کسی  بھی ریاست کی ترقی   صرف  سرکاری سرمایہ کاری سے ہی ممکن نہیں ہے ، پرائیویٹ سیکٹر   کی شرکت  بھی  بہت اہم ہے ۔ اس لئے  کاروبار میں آسانی  میں تیزی  لاکر  ترقی کی رفتار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔  کاروبار میں  آسانی کے ساتھ جی ڈی پی میں ریاست کا تناسب بھی  بڑھے گا  ۔ جناب شاہ نے کہا کہ  ایک خوشحال شمال مشرق کی تعمیر کے لئے  کوششیں کی جانی چاہئیں ۔   حکومتِ ہند  ہر طرح سے شمال مشرق کی ترقی کے لئے تیار ہے اور شمال مشرق  50 کھرب کی معیشت   تشکیل دینے میں  اہم  رول ادا کرے گا ۔ آتم نربھر بھارت   ، جس کا ویژن وزیر اعظم نریندر مودی نے پیش کیا ہے ، شمال مشرق کے بغیر  ممکن نہیں ہے ۔ اس لئے  تمام ریاستوں کو   ، اِس کے لئے تیار  رہنا چاہیئے ۔

 

          مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ  این ای سی کا ایک شاندار ماضی ہے اور امید ہے کہ وہ  مستقبل میں بھی  اپنا اچھا کام  جاری رکھے گی ۔  جناب شاہ نے کہا کہ شمال  مشرق قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ہے اور مختلف   ثقافتوں کے سنگم   سے شاندار  ہم آہنگی  پیدا ہوئی ہے ۔ اس لئے یہ خطہ  سیاحت کا ایک اہم  مرکز بن سکتا ہے  ، جس سے شمال مشرقی خطے  کی ترقی ہو گی ۔ 

          جناب امت شاہ نے کہا کہ  شمال مشرق بھارت کے  دِل  کی نمائندگی کرتا ہے  اور ہمیں اِس کی دیکھ بھال کرنی چاہیئے  ۔ ترقیاتی سرگرمیوں  میں ہمیں یہاں کی وراثت کو محفوظ کرنے کی ضرورت ہے ۔    ہمیں  اگر یہاں کی  قدرتی خوبصورتی  کو بر قرار رکھنا ہے تو اُس کے ساتھ ساتھ  ہمیں یہاں کے کلچر کو بھی فروغ دینا ہے  ۔  جناب شاہ نے کہا کہ  یہاں پیپر مل قائم کرنے  کی کوششیں  کی جا رہی ہیں ، جس سے  مقامی  طور پر  پیدا  ہونے والے بانس کے استعمال میں اضافہ ہو گا  ۔ یہاں کی مقامی زبانوں  کو بھی  محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے   اور ان کو فروغ دیا جانا چاہیئے ۔  مودی جی کہتے ہیں کہ   ترقی ہونی چاہیئے لیکن   وراثت کو محفوظ رکھا جانا چاہیئے ۔   مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ   این ای سی کو  اٹل بہاری واجپئی جی  کے وزیر اعظم  بننے کے بعد  موجودہ  شکل ملی تھی ۔  ایک ایسے پالیسی ساز  ادارے  کی تشکیل    اور اِسے زیادہ موثر بنانے کا کام  جناب اٹل بہاری واجپئی نے کیا تھا ۔ اُن کی قیادت کے تحت   شمال مشرق کی ترقی کے لئے کئی کام کئے گئے ۔ اگر ہم   شمال مشرق کی ترقی   پر غور کریں  تو یہ ظاہر ہو گا  کہ جناب اٹل بہاری واجپئی کے ذریعے شمال مشرق کی ترقی کے لئے   کئے گئے  کام بہت اہم تھے ۔  جناب شاہ نے کہا کہ  بھارتی جنتا پارٹی کی حکومت   کی تشکیل کے بعد  شمال مشرق  میں صرف  ترقی  کے وعدے نہیں کئے گئے بلکہ انتظامی اقدامات بھی اٹھائے گئے ۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ  جناب نریندر  مودی  کے  وزیر اعظم بننے کے بعد   بہت سے شعبوں میں  تیزی سے ترقی  ہوئی ، جس کے لئے  سب سے پہلی ضرورت ، کنکٹیویٹی کو پورا کیا گیا اور جہاں ممکن ہوسکا ،  فضائی کنکٹیویٹی   فراہم کی گئی ۔ جناب مودی جی کے   وزیر اعظم بننے کے بعد این ای سی کے اہم رول  کو بحال کیا گیا   اور این ای سی کے ذریعے  11000 کلو میٹر طویل سڑکیں تیار کی گئیں اور  7700 میگا واٹ کی بجلی  کی پیداوار  ممکن ہوسکی ۔

 

          مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ شمال مشرق پہلے شورش  کے لئے  جانا جاتا تھا لیکن آج امن کے ساتھ  شمال مشرق سے  اچھی خبریں آ رہی ہیں۔  چھوٹے گروپوں تک پہنچ کر ریاستی حکومتوں نے   کھلے پن کے لئے  اپنا کام کیا ہے  ۔ حال ہی میں   بوڈو گروپ کے ساتھ ایک معاہدہ  ہوا ہے ، جو   کئی سال کی انتہا پسندی کے  بعد کیا گیا ہے  اور بوڈوز نے اصل دھارے میں شمولیت اختیار کر لی ہے ۔  جناب شاہ نے کہا کہ  برو ریانگ    معاہدہ بھی بہت  اہم ہے ۔  بنگلہ دیش کے ساتھ   زمینی سرحد  کے  تنازعے کو بھی  آسانی سے حل   کر لیا گیا ہے ، جس سے آنے والے وقت میں  کنکٹیویٹی میں اضافہ ہو گا ۔

          جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی  رہنمائی میں  ہم   شمال مشرق میں    بین ریاستی  سرحدی تنازعات حل کر لیں گے  اور یہ  بڑی کامیابی ہوگی ۔ اس کے بغیر   ترقی ممکن نہیں ہے  اور اس سمت میں   مضبوط  قوتِ ارادی کے ساتھ کام کیا جانا چاہیئے ۔  مرکزی وزیر داخلہ نے  کہا کہ   جس طرح جناب مودی  شمال مشرق کو ترجیح دیتے ہیں ، اُس سے ہمارے اوپر  بھی ذمہ داری آتی ہے کہ ہم   اُن کی کوششوں کو کامیاب کریں ۔ جناب شاہ نے کہا کہ  مرکزی بجٹ میں  24 فی صد کا اضافہ کرکے 89000 کروڑ روپئے سے بڑھا کر 313000  کروڑ روپئے کر دیا گیا ہے    اور کئی بڑے پروجیکٹ شروع کئے گئے ہیں ۔  سرحدی تنازعات اور   بیرونی ملک سے  اسمگلنگ  جیسے تمام چیلنجوں کو   ختم کرنے کی کوشش کی جانی چاہیئے ۔   مرکزی حکومت نے    شمال مشرق  کے اپنے تصور  میں  تبدیلی کی ہے  تو شمال مشرق کو بھی  ، اُس نظریے میں تبدیلی لانی ہو گی کہ وہ مرکز   کو کس طرح دیکھتا ہے ۔

          جناب امت شاہ نے کہا کہ  وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی رہنمائی میں شمال مشرق کی تمام ریاستوں نے  کورونا کے خلاف کامیاب لڑائی لڑی ہے ، جس کے لئے  7.75 لاکھ میٹرک ٹن   اناج  پردھان منتری غریب  کلیان یوجنا   کے تحت  3 کروڑ لوگوں کو فراہم کیا گیا ۔ تقریباً 30000 میٹرک ٹن دالیں  اور 50 لاکھ گیس  سلینڈر مفت تقسیم کئے گئے ۔  پردھان منتری کسان سماّن یوجنا   کے تحت   553 کروڑ روپئے   کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کئے گئے ۔    1707 کروڑ روپئے  جن دھن یوجنا   کھاتہ داروں کے  اکاؤنٹ میں   یکمشت دیئے گئے ہیں تاکہ وہ  اپنی روزی چلا سکیں ۔ اس کے علاوہ ، مختلف اسکیموں کے تحت  مستفید ہونے والوں کے کھاتوں میں 2530 کروڑ روپئے منتقل کئے گئے ہیں ۔  جناب شاہ نے کہا کہ کل  7923 کروڑ روپئے دیئے گئے ہیں ۔  وزیر داخلہ نے کہا کہ  وزیر اعظم نریندر مودی  کی قیادت میں ٹیکہ کاری  کا  کام شروع ہو گیا ہے اور امید ہے کہ  اس وباء پر  جلد قابو  پا لیا جائے گا   ۔ 

          اس میٹنگ میں  شمال مشرقی خطے کی ترقی  کے وزیر  اور  شمال مشرقی کونسل  کے نائب چیئرمین ڈاکٹر جتیندر سنگھ   ، میگھالیہ کے گورنر ستیہ پال ملک ، میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ  کونراڈ سنگما   ، شمال مشرقی کونسل کے سکریٹری   کے علاوہ  تمام 8 شمال مشرقی ریاستوں کے گورنر ، وزرائے اعلیٰ  اور دیگر وزراء کے ساتھ ساتھ   داخلہ سکریٹری   اجے بھلاّ اور مرکزی و ریاستی حکومتوں  کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی ۔   

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح  ۔ و ا ۔ ع ا ۔ 24.01.2021  )

U. No. 753


(Release ID: 1691821) Visitor Counter : 148


Read this release in: English , Manipuri , Tamil , Kannada