وزارتِ تعلیم

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے جے این یو کیمپس میں سوامی وویکانند کے مجسمے کی نقاب کشائی کی


نظریے کو کبھی بھی قومی مفاد پر ترجیح نہیں دینی چاہیے: وزیر اعظم

Posted On: 12 NOV 2020 8:40PM by PIB Delhi

نئی دہلی، 12 نومبر، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جے این یو کیمپس، نئی دہلی میں سوامی وویکانند کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر تعلیم جناب رمیش پوکھریال 'نشنک' اور جے این یو  کے وائس چانسلر پروفیسر ایم جگدیش کمار بھی شریک تھے۔

جے این یو کے طلبا اور ملک کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے قومی مفاد پر نظریے کو ترجیح دینے کے نقصانات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسی چیز ہے جس نے ہمارے ملک کے جمہوری نظام کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ جناب مودی نے کہا، " کیونکہ میرا نظریہ یہ کہتا ہے، لہذا قومی مفاد کے معاملات میں بھی میں اسی سانچے میں سوچوں گا، میں اسی دائرہ کار میں رہ کر کام کروں گا، یہ صحیح نہیں ہے "، انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی کا اپنے نظریے پر فخر کرنا فطری بات ہے، تاہم قومی مفاد کے معاملے میں ہمارے نظریے کو قوم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اس کے خلاف نہیں۔

وزیر اعظم نے طلبا سے کہا کہ ملک کی تاریخ میں جب بھی ملک کے سامنے کوئی مشکل وقت آیا تو ہر نظریے کے لوگ قومی مفاد کی خاطر متحد ہوئے ہیں۔ آزادی کی جدوجہد میں ہر نظریے کے لوگ مہاتما گاندھی کی قیادت میں مل کر کھڑے ہوئے تھے۔ انہوں نے مل کر ملک کے لیے جدو جہد کی۔ ایمرجنسی کے دوران بھی ملک بھی اسی طرح یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ ایمرجنسی کے خلاف جاری تحریک میں کانگریس کے سابق رہنما اور کارکن بھی شامل تھے۔ آر ایس ایس کے رضاکار اور جن سنگھ کے لوگ بھی تھے۔ سماج وادی اور کمیونسٹ بھی متحد ہوئے تھے۔

وزیر اعظم مودی نے زور دے کر کہا کہ اس یکجہتی میں کسی کو اپنے نظریے سے سمجھوتہ نہیں کرنا پڑا۔ مقصد ایک ہی تھا: قومی مفاد۔ لہذا، جب بھی قومی اتحاد، سالمیت اور قومی مفاد کا سوال ہو تو، کسی بھی نظریے کے بوجھ تلے فیصلے لینے سے قوم کو نقصان پہنچتا ہے۔

وزیر اعظم نے وضاحت سے کہا کہ خیالات کے اشتراک اور نئے خیالات کے بہاؤ کو بلا روک ٹوک جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ ہمارا ملک وہ سرزمین ہے جہاں مختلف دانشورانہ نظریات کے بیج ابھرے اور پروان چڑھے ہیں۔ نوجوانوں کو اس روایت کو مستحکم کرنا ضروری ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ اسی روایت کی وجہ سے، بھارت دنیا میں سب سے درخشاں جمہوریت ہے۔

وزیر اعظم نے اپنی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے فریم ورک کو طلبا کے سامنے رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آتم نربھر بھارت کا وژن 130 کروڑ سے زیادہ بھارتیوں کا اجتماعی شعور بن گیا ہے، وہ ہماری امنگوں کا حصہ بن گیا ہے۔ بھارت میں اصلاحات کے بارے میں بات کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے جے این یو کے طلبا کو اس بات پر غور کرنے کے لیے کہا کہ کس طرح اچھی اصلاحات بطور خراب سیاست کے تصور کو اچھی اصلاحات بطور اچھی سیاست میں بدلا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اصلاحات کے پیچھے بھارت کو ہر طرح سے بہتر بنانے کا عزم مضمر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہونے والی اصلاحات کے لیے نیت مخلص اور عزم مصمم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاری اصلاحات سے پہلے ایک حفاظتی ڈھال بنایا گیا ہے اور اعتماد ہی اس حفاظت کی اساس ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے غریبوں کو صرف نعروں میں رکھا گیا تھا اور ملک کے غریبوں کو نظام سے مربوط کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ غریب سب سے زیادہ نظرانداز، سب سے زیادہ غیر مربوط اور سب سے زیادہ مالی طور پر خارج ہونے شخص تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب غریبوں کو اپنا پکا مکان، بیت الخلا، بجلی، گیس، پینے کا صاف پانی، ڈجیٹل بینکنگ، سستے موبائل رابطے اور تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکشن مل رہے ہیں۔ یہ غریبوں کے گرد بنائی گئی حفاظتی ڈھال ہے، جو ان کی امنگوں کی پرواز کے لیے ضروری ہے۔ اسی طرح، آبپاشی کے بہتر ڈھانچے، منڈیوں کی جدید کاری، ای-نام، سوئل ہیلتھ کارڈز، یوریا، بہتر ایم ایس پی کی دستیابی کے ذریعہ کاشتکاروں کے گرد حفاظتی ڈھال قائم کی گئی ہے۔ حکومت نے پہلے ان کی ضروریات کے لیے کام کیا، اب وہ ان کی امنگوں کے لیے کام کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے خواہش ظاہر کی کہ جے این یو میں سوامی جی کا مجسمہ سب کو تحریک اور ہمت دے، جو سوامی وویکانند ہر شخص میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مجسمہ ہمدردی سکھائے گا، جو سوامی جی کے فلسفے کی اہم بنیاد ہے۔ انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ یہ مجسمہ ہمیں قوم سے بے پناہ لگن کا درس دے، اپنے ملک سے شدید محبت کا درس دے جو سوامی جی کی زندگی کا اولین پیغام ہے۔ انہوں نے خوایش ظاہر کی کہ اس مجسمے سے اتحاد وحدت کے وژن کے لیے قوم کو تحریک ملے اور ملک نوجوانوں کے زیرقیادت ترقی کے وژن کے ساتھ آگے بڑھے، جو سوامی جی کی بھی امید تھی۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ یہ مجسمہ ہمیں سوامی جی کے ایک مضبوط اور خوش حال بھارت کے خواب کو حقیقی بنانے کی تحریک دیتا رہے ۔

اس موقع پر جناب پوکھریال نے کہا کہ بھارت کے نظام علم کے عظیم دانش ور اور برینڈ سفیر سوامی وویکانند کے مجسمے کی نقاب کشائی ہم سب کے لیے بڑے فخر اور مسرت کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مجسمہ ہماری آنے والی نسلوں کو ان کی اقدار، فلسفہ اور ملک کے بارے میں خیالات کے بارے میں یاد دلائے گا۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ سوامی وویکانند نے نہ صرف پوری دنیا میں بھارتی ویدک فلسفہ کو ایک شناخت دی بلکہ آج بھی شکاگو میں ان کی مشہور تقریر عالمی پلیٹ فارم پر بھارت کے تعلیمی اور روحانی ورثے کی انوکھی مثال ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نے ہمیں بھارت کو 'علم کی عالمی طاقت' بنانے کے لیے ایک وژن اور 'عالمی شہری' پیدا کرنے کا مشن دیا ہے۔ وزیر اعظم کے وژن اور مشن کے خطوط پر سوامی وویکانند سے تحریک پاکر ہماری نئی تعلیمی پالیسی عالمی شہری بنناے کے لیے تخلیقی صلاحیت، تحقیق، جدت طرازی اور سائنسی مزاج کی پرورش کرے گی۔

جے این یو کے بارے میں بات کرتے ہوئے، جناب پوکھریال نے کہا کہ یہ یونیورسٹی ہمیشہ سے ہی نوجوان طاقت کا مرکز رہی ہے۔ وزیر موصوف نے مسرت کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی نے گذشتہ پانچ برسوں میں تحقیق کی ثقافت کو فروغ دے کر این آئی آر ایف کی درجہ بندی میں بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال بھی اس یونیورسٹی کو این آئی آر ایف کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ جناب پوکھریال نے جے این یو کے پورے کنبے کو ان سارے قابل ستائش اور اختراعی اقدامات کے لیے مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب ہم اپنے وزیر اعظم کی قیادت میں بھارت کو وشو گرو کے طور پر دوبارہ استوار کریں گے۔

*****

 

(م ن، ع ا)

U-7196



(Release ID: 1672536) Visitor Counter : 111


Read this release in: English , Hindi , Punjabi , Kannada