سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت

حکومت کیرالہ میں ایک میڈیکل ڈیوائسز پارک قائم کرے گی


ہم اس میدان میں آتم نربھر بھارت کے وژن کو پورا کریں گے

Posted On: 22 SEP 2020 1:44PM by PIB Delhi

نئی دہلی،22 ستمبر،       کیرالہ میں جلد ہی ملک کا پہلا میڈیکل ڈیوائس پارک قائم کیا جائے اس کامقصد میڈیکل ڈیوائس صنعت تحقیق وترقی میں تعاون، جانچ اور قدر وقیمت کے تعین کی خدمات فراہم کرنا ہوگا۔

بھارت سرکار کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمے (ڈی ایس ٹی) کے ایک خود مختار ادارے سری چترا ٹرونل انسٹی ٹیوٹ فار میڈیکل سائنز اینڈ ٹیکنالوجی (ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی) اور کیرالہ سرکار کی صنعتی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ایجنسی کیرالہ اسٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (کے ایس آئی ڈی سی) کی مشترکہ کوشش سے یہ پارک قائم کیا جارہا ہے اسے ترواننت پورم میں تھرونکل کے لائف سائنس پارک میں قائم کیا جائے گا۔

یہ میڈیکل ڈیوائسز پارک تحقیق وترقی، ٹیسٹنگ اور میڈیکل آلات کی قدروقیمت کاتعین، ان کی تیاری میں مدد کرنے، ٹیکنالوجی اختراع اور معلومات پھیلانے کے کام میں تعاون کار کے طور پر خدمات انجام دے گا۔ ان تمام خدمات کی میڈیکل ڈیوائسز صنعت میں ضرورت پڑتی ہے۔ ان خدمات سے میڈیکل پارک میں واقع میڈیکل ڈیوائس کی صنعتیں اور ملک کے دوسرے حصوں میں واقع اسی طرح کی صنعتیں فائدہ اٹھاسکیں گی۔ اس سے چھوٹی اور درمیانہ سائز کی میڈیکل ڈیوائسز کی صنعتوں کو فائدہ ہوگا جن کا میڈیکل ڈیوائس کے سیکٹر میں غلبہ ہے۔

کیرالہ کے وزیر اعلیٰ جناب پنا رائے وجین 24 ستمبر 2020 کو میڈیکل ڈوائسز پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

نیتی آیوگ کے ممبر اور ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی کے صدر ڈاکٹر وی کے سرسوت نے کہا کہ ‘‘سری چترا نے پچھلے 30 برسوں بلکہ اس سے بھی زیادہ مدت میں بایومیڈیکل ڈیوائسز کے شعبےمیں خاطر خواہ رول ادا کیا ہے اور اس میں اپنے آپ کو اس شعبے میں ایک بانی کے طور پر قائم کرلیا ہے۔ یہ ملک میں بایو میڈیکل ڈیوائسز انڈسری کے لیے ایک سنگ میل ہے اور یہ عزت مآب وزیر اعظم کے آتم نربھر بھارت کے وژن سے مطابقت رکھتا ہے’’۔

ڈی ایس ٹی کے سکریٹری پروفیسر آشوتوش شرما نے کہا کہ ‘‘ جو پہلو اس میڈیکل ڈیوائس پارک کو ملک میں مجوزہ اسی طرح کے دیگر پروجیکٹوں سے ممتاز کرے وہ یہ ہے کہ اس میں ہائی رسک میڈیکل ڈیوائس سیکٹر پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی۔

ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آشا کشور نے کہا کہ‘‘یہ پارک ڈی ایس ٹی کے بایو میڈیکل ڈیوائسز پروگرام کے تکنیکی مرکز کے تحت کیرالہ سرکار کی کے ایس آئی ڈی سی کی شراکت داری سے قائم کیا جارہا ہے جس میں شہر میں موجود ماحولیاتی نظام کو استعمال کیا جائے گا جس میں بہت سے تحقیقی اور تعلیمی ادارے نیز صحت کی دیکھ بھال کے مراکز شامل ہیں ۔ یہ کام مرکزی حکومت اور نیتی آیوگ کے مختلف محکموں  کی مدد سے ممکن ہوسکا ہے’’۔

اس وقت کیرالہ میں  میڈیکل ڈیوائسز کی کئی کمپنیاں موجود ہیں جن کا سالانہ کاروبار 750 کروڑ روپئے سے بھی زیادہ کا ہے۔ ان میں سے بیشتر کمپنیاں ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی سے منتقل کردہ ٹیکنالوجیوں کی مدد سے کام کر رہی ہیں۔

****************

م ن۔ اج ۔ ر ا       

U:5730

 



(Release ID: 1657985) Visitor Counter : 182