کیمیکلز اور فرٹیلائزر کی وزارت

جناب گوڑا کو کووڈ-19 کا ٹیکہ تیار کرنے اور سستی شرح پر دستیاب کرانے والوں کی دوڑ میں ہندوستانی دوا سازی کی صنعت کے شامل ہونے کی توقع


دنیا  میں پی پی ای کٹ بنانے والے ملکوں میں ہندوستان دوسرے مقام پر پہنچا، یومیہ پانچ لاکھ پیداوار کی صلاحیت کو عبور کیا:جناب سدانند گوڑا

طبی  آلات میں گھریلو پیداوار کی صلاحیت میں اضافہ بیحد اہم، کیوں کہ صحت خدمات مہیا کرانے میں اس کا اہم کردار ہے: گوڑا

بڑے پیمانے پر دوا اور طبی آلات پارک 78000 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کو راغب کریں گے اور ڈھائی لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے: جناب گوڑا

Posted On: 17 SEP 2020 6:39PM by PIB Delhi

کیمیکل اور کھادوں کے مرکزی وزیر جناب ڈی وی سدانند گوڑا نے کووڈ-19 کے دوران ہندوستانی دواسازی کی صنعت کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ کووڈ-19 کی روک تھام کیلئے ویکسین تیار کرنے اور اسے سستی شرح پر لوگوں کیلئے دستیاب کرانے والوں میں ہندوستانی دواسازی کی صنعت بھی ایک ہوگی۔

جناب گوڑا انویسٹ انڈیا فارما بیورو اور دواسازی کے محکمے کے ذریعے کل شام منعقدہ ایک ویبینار کو خطاب کررہے تھے۔ ویڈیو کانفرنس کے توسط سے منعقدہ یہ ویبینار #ای آئی ایف 2020 طبی آلات اور دواسازی کے سیکٹر میں سرمایہ کاری کی صلاحیت کا اندازہ، حکومت ہند کی پہل، بنیادی ڈھانچہ اور اس سیکٹر میں اُبھرتے مواقع پر مرکوز تھا۔

مرکزی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارتی دواسازی کی صنعت اور طبی آلات کی صنعت اس موقع پر آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے اور کروڑوں ہندوستانیوں کیلئے باعث ا فتخار ہے کہ ایک وقت درآمدات پر منحصر رہنے والا ہندوستان پی پی ای کٹ بنانے اور اس کی سپلائی کے معاملے میں دنیا میں دوسرے مقام پر پہنچ گیا ہے اور یہ یومیہ پانچ لاکھ سے زیادہ پی پی ای کٹ کی پیداوار کررہا ہے۔

اسی طرح سے وینٹی لیٹر کے معاملے میں بھی بہت کم وقت میں بھارت نے اپنی پیداواری صلاحیت کو بہتر انداز میں بڑھایا ہے اور اندرون ملک پیداواری صلاحیت فی برس تین لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ وبا کے دوران دواؤں کی کمی نہیں ہونے پائی اور دوا کی قیمتیں مستحکم بنی رہیں۔ جناب گوڑا نے کہا کہ یہ نشانہ مرکزی حکومت کے مختلف محکموں اور اداروں، ریاستی حکومتوں نیز پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان بہتر تال میل سے حاصل کیا جاسکا۔

جناب گوڑا نے مقامی سطح پر طبی آلات کی ترقی  کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت خدمات کو سستی اور  سہل بنانے میں اس کا بڑا رول ہے۔ ساتھ ہی یہ آلات اسکریننگ جانچ علاج کیلئے اعلیٰ ترین جراحی آلات کی ضرورتوں، صحت انڈیکیٹرس کی نگرانی کیلئے آلات مختلف ضرورتوں میں اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں دواسازی کے محکمے نے دوا کی پیداوار اور طبی آلات کی پیداوار کے شعبے میں گھریلو صلاحیت کو بڑھاوا دینے کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں اور یہ فیصلہ کیا ہے کہ ریاستی حکومتوں اور پرائیویٹ سیکٹر کے تال میل سے ملک کے مختلف شعبوں میں تین دوا پارک اور طبی آلات کے تین بڑے پارکوں کو ترقی دی جائے گی۔ اس کا مقصد 53 کلیدی اے پی آئی یا کی اسٹارٹنگ میٹریل (کے ایس ایم)اور طبی آلات کی پیداوار میں خودکفالت کو حاصل کرنا ہے۔ جس کے لئے ہندوستان اس وقت پوری طرح سے درآمدات پر منحصر ہے۔

جناب گوڑا نے کہا کہ وہ پوری طرح سے پُرامید ہیں کہ یہ پارک بڑی سرمایہ کاری اور جدید تکنیک راغب کرنے میں اہل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جناب نریندر مودی کو قیادت میں مرکزی حکومت کی تجارت کے موافق پالیسیوں کے  سبب دو سے تین برسوں میں ہندوستان کی دواسازی کی صنعت کا شعبہ خود کفیل بن جائیگا۔ یہ نہ صرف گھریلو ضرورتوں کو پورا کرنے میں اہل ہوگا بلکہ سستی شرح پر اعلیٰ معیار کے دواؤں اور طبی آلات کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں بھی اہل ہوگا۔ دوا کی پیداوار اور طبی آلات کی پیداوار پارک کو تیار کرنے کی مرکزی حکومت کی اسکیموں سے ملک میں 78000 کروڑ روپئے کی سرمایہ اور ڈھائی لاکھ روزگار پیدا ہونے کے امکانات ہیں۔

 

-----------------------

م ن۔م ع۔ ع ن

U NO: 5579


(Release ID: 1656064) Visitor Counter : 133