وزارت دفاع

پدم وِبھوشن ، پدم بھوشن ، ایم سی ، ایف ڈی مارشل ایس ایچ ایف جے مانک شا کی 12 ویں برسی پر پریس ریلیز

Posted On: 27 JUN 2020 8:09PM by PIB Delhi

نئی دلّی ،28 جون  / پدم وِبھوشن ، پدم بھوشن ، ایم سی ،  فیلڈ مارشل  ایس ایچ ایف جے مانک شا  کی 12 ویں  برسی   کی یاد میں  پارسی  زوروسٹرین  قبرستان   میں   27 جون ، 2020 ء کو   ویلنگٹن  کے  ڈیفنس سروس اسٹاف کالج کے ذریعے  گلدائرہ نذر کرنے کی تقریب  منعقد کی گئی ۔   فوج کی تینوں  شاخوں کی جانب سے  ویلنگٹن  کے ڈیفنس سروس اسٹاف کالج کے کمانڈنٹ اے وی ایس ایم ، ایس ایم  ، وی ایس ایم  ، لیفٹننٹ جنرل  وائی وی کے موہن  نے مقامی پارسی  برادری کی موجودگی میں    گلدائرہ  نذر کیا ۔

          فیلڈ مارشل ایس ایچ ایف جے مانک شا  3 اپریل ، 1914 ء کو امرتسر میں  پیدا ہوئے تھے ۔ اُن کا چار دہائیوں سے زیادہ عرصے  پر مشتمل   شاندار فوجی  کیریئر رہا ہے ۔ دوسری جنگِ عظیم میں  ایک نو جوان کپتان  کے طور پر  ، انہوں نے برما میں جنگ میں حصہ لیا  ، جہاں وہ  شدید زخمی ہوئے ۔ انہیں  بہادری اور شاندار کار کردگی کے لئے 1942 ء میں ملٹری کراس سے نوازا گیا ۔  47-1946 ء کے دوران فیلڈ مارشل مانک شا  فوجی آپریشن  کی ڈائریکٹوریٹ میں تعینات تھے اور انہوں نے تقسیمِ ملک سے متعلق مختلف انتظامی اور منصوبہ بندی   کی نگرانی کی  اور بعد میں   جموں و کشمیر میں  فوجی آپریشن کی نگرانی کی ۔  کور کمانڈر کے طور پر  1962 ء کے آپریشنس میں   ، انہوں نے امتیازی  قیادت کا مظاہرہ کیا اور   فوجی کارروائی پر  مثبت اثرات  مرتب کئے ۔  وہ  مَہو میں  انفینٹری اسکول کے کمانڈنٹ  اور  ویلنگٹن کے ڈیفنس سروس اسٹاف کالج کے کمانڈنٹ بھی رہے ہیں ۔  انہیں 1968 ء میں  پدم بھوشن سے نوازا گیا ۔  

          فیلڈ مارشل  ایس ایچ  ایف جے مانک شا نے 8 جنوری ، 1969 ء کو آرمی اسٹاف کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا ۔  انہوں نے 1971 ء میں بھارتی فوج کی کارروائی کی قیادت  کرتے ہوئے  بھارت کو  عظیم فوجی   کامیابی دلائی ، جس کے نتیجے میں  بنگلہ دیش  صرف 13 دن کی مدت میں  آزاد ہو گیا ۔ انہیں 1972 ء میں پدم وبھوشن  سے  نوازا گیا ۔   جنرل آفیسر کے طور پر   مسلح  افواج اور ملک  کے لئے    ، اُن کے نمایاں تعاون  کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں 15 جنوری ، 1973 ء کو فیلڈ مارشل   کے عہدے پر  ترقی  دی گئی ۔ وہ 27 جون ، 2008 ء کو  اِس دنیا سے رخصت ہوئے ۔

          فیلڈ مارشل  ایس ایچ ایف جے مانک شا  اپنی سروس کے بعد  ویلنگٹن میں ہی بس گئے تھے ۔  اُن کی اِس  مقام سے وابستگی   ، اُس وقت سے تھی ، جب وہ ڈیفنس  سروس اسٹاف کالج کے کمانڈنٹ تھے  ۔  انہوں نے  نیلگری کے ساتھ اپنے  تعلقات  کا ذکر کیا ہے  اور وہ  مقامی آبادی کے لئے بھی بہت  پُر خلوص رہے ہیں ۔  عام آدمی کے ساتھ فیلڈ مارشل  ایس ایچ ایف جے مانک شا  کے قریبی تعلق کی یاد میں   ڈیفنس سروس اسٹاف کالج    نے مقامی غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعے ضرورت مندوں کو ضروری اشیاء تقسیم کی ہیں ۔  ایک بہترین اخلاق  اور جرأت مندی   کے ساتھ مثالی قیادت     کی خوبیوں  سے مزین  ، اُن کی زندگی  ہمیشہ  مسلح افواج اور ملک  کے لئے  باعثِ تحریک رہے گی ۔ 

 

 

           

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( م ن ۔ و ا ۔ ع ا ) (28-06-2020)

U. No.  3569

 

 



(Release ID: 1634980) Visitor Counter : 139