بھارتی چناؤ کمیشن
ای سی آئی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے ساتھ میٹنگ کی
Posted On:
19 MAR 2019 8:04PM by PIB Delhi
نئی دہلی،19؍ مارچ،بھارت کے انتخابی کمیشن ، ای سی آئی نے آج مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس اور انٹرنیٹ و موبائل کی بھارتی انجمن (آئی اے ایم اے آئی) کے نمائندوں کے ساتھ لوک سبھا انتخابات 2019 سے پہلے سوشل میڈیا کے استعمال کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اعلیٰ چناؤ کمشنر جناب سنیل اروڑہ نے اپنے افتتاحی کلمات میں مثالی ضابطہ عمل کو ایک منفرد اور تاریخی دستاویز قرار دیا جس پر انتخابات کے نظام الاوقات کے اعلان سے انتخابات کا عمل مکمل ہونے تک تمام سیاسی پارٹیوں ؍ اداروں کے ذریعے عمل در آمد کیا جاتا ہے۔ یہ ضابطہ عمل مختلف سیاسی پارٹیوں اور ای سی آئی کے درمیان اتفاق رائے کا نتیجہ ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ اس کوڈ کی وجہ سے زیادہ سخت قوانین نافذ کرنے کی اکثر ضرورت نہیں ہوتی ۔ جناب اروڑہ نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا کی تنظیموں کو ، جو پیغامات کو زیادہ تیزی کے ساتھ خطرناک حد تک پھیلاسکتی ہیں ، اسی طرح کے ضابطے اپنانے چاہئے جو ملک میں جاری انتخابی عمل کے لئے نافذ کئے جائیں۔
انتخابی کمشنر اشوک لواسا نے اس بات کو اجاگر کیا کہ آج کی میٹنگ ان معنوں میں تاریخی ہے کہ اس میٹنگ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے روئے کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ طور پر تحمل برتنا ایک مہذب سماج کی شناخت ہے اور یہ کسی بھی قانون کی طرح مؤثر طور پر کام کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات کا مشورہ دیا کہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کی طرف سے رضاکارانہ طور پر اس بات سے اتفاق کرنے کی ایک شق شامل کی جائے کہ وہ انتخابات یا سیاسی مقصد سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کا بیجا استعمال نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس شق پر مینجمنٹ کو غور کرنا چاہئے۔
انتخابی کمشنر سشیل چندرا نے نمائندوں کو یاد دلایا کہ ای سی آئی منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کے تئیں عہد بستہ ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ معلومات کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ غلط معلومات کو روکنے میں سوشل میڈیا کی مدد کو کم نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرنے والوں کے لئے مزاحم کے طور پر کسی تادیبی کارروائی پر بھی غور کیا جانا چاہئے۔ جناب چندرا نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی طرف سے مثبت طریقہ کار ای سی آئی کو اپنے مقاصد حاصل کرنے میں زبردست مددگار ہوگا۔
میٹنگ میں اداروں کے ذریعے تیزی سے کارروائی کی خاطر مخصوص ازالہ شکایت کا چینل مقرر کئے جانے ، سیاسی اشتہارات پر پہلے سے تصدیق کرائے جانے اور اخراجات کے بارے میں شفافیت جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں آر پی ایکٹ – 1951 کی دفعہ – 126 کی خلاف ورزی پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے ذریعے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا نظام اور ان پلیٹ فارمس کے بیجا استعمال کو روکنے کے طریقہ کار پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔
میٹنگ میں انٹرنیٹ اور موبائل کی بھارتی انجمن (آئی اے ایم اے آئی) کے صنعتی سربراہ اور فیس بک ، واٹس ایپ ، ٹوئیٹر ، گوگل ، شیئر چیٹ ، ٹک ٹاک اور بیگو ٹی وی کے نمائندے شامل تھے۔
آئی اے ایم اے آئی اور سوشل میڈ یا کے نمائندوں نے صنعت کے لئے ضابطہ اخلاق تیار کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ، جس کی تفصیلات اگلے دن شام تک پیش کردی جائیں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(م ن-وا- ق ر)
U-1633
(Release ID: 1569189)
Visitor Counter : 109