• Skip to Content
  • Sitemap
  • Advance Search
Economy

یونین بجٹ 2026–27: ہندوستان کی ٹیکسٹائل ویلیو چین کا استحکام

Posted On: 04 FEB 2026 9:58AM

کلیدی نکات

  • یونین بجٹ 2026–27 میں ٹیکسٹائل کے شعبے کو ترقی کی حکمتِ عملی کا مرکزی ستون بنایا گیا ہے، جس میں روزگار، برآمدات، دیہی ذریعۂ معاش اور پائیدار مینوفیکچرنگ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
  • میگا ٹیکسٹائل پارکس کے قیام اور مین میڈ فائبر(ایم ایم ایف)اور ٹیکنیکل ٹیکسٹائلز کی حوصلہ افزائی کے ذریعے بڑے پیمانے اور جدید مینوفیکچرنگ کو فروغ دیا گیا ہے۔
  • ایم ایس ایم ایزاور کاریگروں کو مالی سہولتوں، کلسٹر کی جدید کاری اور ہنر مندی کے فروغ کے اقدامات کے ذریعے تعاون فراہم کیا گیا ہے۔
  • پالیسی کی سمت پیمانے، پائیداریت اور مسابقت پر زور دیتی ہے تاکہ عالمی ٹیکسٹائل ویلیو چینز میں ہندوستان کی پوزیشن کو مضبوط کیا جا سکے۔

 

مرکزی بجٹ 27-2026میں ٹیکسٹائل پرخصوصی توجہ

مرکزی بجٹ 2026-27 ٹیکسٹائل سمیت اسٹریٹجک، انتہائی اہم شعبوں میں مینوفیکچرنگ کو بڑھانے پر زور دیتا ہے۔

ہندوستان کا ٹیکسٹائل کا شعبہ ملک کی قدیم ترین اور متنوع صنعتوں میں سے ایک ہے، جو صدیوں پرانی روایات پر مبنی ہیں۔ مرکزی بجٹ 2026-27 میں ٹیکسٹائل کے شعبے کو ہندوستان کی ترقی میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جس سے معیشت کے لیے اس کی اسٹریٹجک اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ مزدوروں پر مبنی اس صنعت کو ترجیح دے کر، اس بجٹ میں ٹیکسٹائل کو ملازمتوں کی تخلیق، برآمدات میں اضافے، دیہی ذریعۂ معاش اور پائیدار مینوفیکچرنگ کے کلیدی محرک کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ، ہندوستانی ٹیکسٹائل سیکٹر میں اہم اندرونی طاقتیں ہیں- ملک رقبہ کے لحاظ سے کپاس کی دنیا کا سب سے بڑا کاشت کرنے والا، جوٹ کا سب سے بڑا پروڈیوسر، ریشم اور کپاس کا دوسرا سب سے بڑا پروڈیوسر، انسان ساختہ ریشوں (ایم ایم ایف) کے حصے میں دوسرا بڑا عالمی مرکز اور  پولی ویز کا دوسرا سب سے بڑا پروڈیوسر ہے۔

ترقی کی بناوٹ: بجٹ 27-2026 ہندوستان کے ٹیکسٹائل کےشعبے کو کس طرح فروغ دیتا ہے

یونین بجٹ 2026–27 میں ایک جامع اور مربوط پالیسی فریم ورک کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ فائبر سے فیشن تک، دیہاتی صنعتوں سے عالمی مارکیٹوں تک ٹیکسٹائل ویلیو چین کے ہر حصے کو مضبوط بنایا جا سکے۔

ٹیکسٹائل کے شعبے کے لیے مربوط پروگرام                                                                     

مسابقت بڑھانے، خود انحصاری کو فروغ دینے اور روزگار پیدا کرنے کے مقصد کے تحت حکومت نے ٹیکسٹائل شعبے کے لیے ایک مربوط پروگرام تجویز کیا ہے، جو پانچ ذیلی اجزاء پر مبنی ہے:

 

  • نیشنل فائبر اسکیم: اس سکیم کا مقصد انسانی ساختہ ریشوں (ایم ایم ایف) اور نئے دور کے ریشوں کے ساتھ ساتھ ریشم، اون اور جوٹ جیسے قدرتی ریشوں کی مدد کر کے فائبر اسپیکٹرم میں خود انحصاری پیدا کرنا ہے۔ گھریلو فائبر کی دستیابی کو مضبوط بنا کر اور جدید ٹیکسٹائل مواد میں اختراع کی حوصلہ افزائی کرکے، اس اسکیم کا مقصد درآمدی انحصار کو کم کرنا، کپاس سے آگے تنوع کو فروغ دینا اور اعلیٰ کارکردگی اور خصوصی ٹیکسٹائل میں ہندوستان کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔
  • ٹیکسٹائل کی توسیع اور روزگار اسکیم: روایتی ٹیکسٹائل کلسٹرز کی جدید کاری پر توجہ مرکوزکرکے، یہ جزو مشینری، ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن اور مشترکہ جانچ اور سرٹیفیکیشن مراکز کے قیام کے لیے سرمایہ فراہم کرتا ہے۔ اس اسکیم سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ، معیار کی تعمیل کو بہتر بنانے اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی امید ہے۔
  • قومی ہتھ کرگھہ اور دستکاری پروگرام: ہتھ کرگھہ اور دستکاری کے لیے موجودہ اسکیموں کو ایک متحد قومی پروگرام کے تحت مربوط اور مضبوط کیا جائے گا۔ اس کا مقصد بنکروں اور کاریگروں کومقررہ اور موثر مدد فراہم کرنا، آمدنی میں بہتری لانا، مارکیٹ کے روابط کو یقینی بنانا اور ہندوستان کے ٹیکسٹائل کے مالامال ورثے کو محفوظ رکھنا ہے۔ مزید برآں، حکومت قدرتی اور سبزیوں کے رنگوں کو فروغ دینے اور ڈائی ہاؤسز کے قیام کے لیے دو اجزاء یعنی میگا کلسٹر ڈویلپمنٹ پروگرام اور ضرورت پر مبنی خصوصی انفراسٹرکچر پروجیکٹس کے ذریعے مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔
  • ٹیکس-ایکو پہل: ٹیکس-ایکو پہل عالمی سطح پر مسابقتی اور ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار ٹیکسٹائل اور ملبوسات (ٹی اینڈ اے) مینوفیکچرنگ کو فروغ دیتی ہے۔ یہ گھریلو پیداوار کوپائیداریت کے بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرتی ہے اور ابھرتے ہوئے ماحولیات کےلیے سازگار بازاروں تک رسائی میں تعاون کرتی ہے۔
  • سامرتھ 2.0: ایک اپ گریڈ شدہ ہنر مندی پروگرام، سامرتھ 2.0 کا مقصد صنعت اور تعلیمی اداروں کے ساتھ گہرے تعاون کے ذریعے ٹیکسٹائل مہارت کے ماحولیاتی نظام کو جدید بنانا ہے۔ اس کا مقصد ویلیو چین میں صنعت کے لیے تیار ہنر مند افرادی قوت کی دستیابی کو یقینی بنانا  ہے۔

میگا ٹیکسٹائل پارکس اور ٹیکنیکل ٹیکسٹائل                                                                               

حکومت نے چیلنج موڈ میں میگا ٹیکسٹائل پارکس کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس میں مربوط انفراسٹرکچر فراہم کرنے، پیمانے کی افادیت کو فعال کرنے اور ٹیکسٹائل ویلیو چین میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینے پر توجہ دی گئی ہے۔ ان پارکوں سے تکنیکی ٹیکسٹائل کی ترقی میں بھی مدد کی توقع کی جاتی ہے، جو صنعتی، طبی، دفاعی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں اقدامات کرنے والا وسیع امکانات والا شعبہ ہے۔

مہاتما گاندھی گرام سوراج پہل                                                                                       

مہاتما گاندھی گرام سوراج پہل کے تحت کھادی، ہتھ کرگھہ اور دستکاری کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس پہل میں عالمی بازارکے ربط، برانڈنگ، ہموار تربیت، ہنر مندی، معیار میں بہتری اور عمل کو جدید بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد بنکروں، گاؤں کی صنعتوں اور دیہی نوجوانوں کو فائدہ پہنچانا نیز ایک ضلع ایک پروڈکٹ (او ڈی او پی) اقدام میں تعاون کرنا ہے۔

ٹیکسٹائل اور اس سے منسلک شعبوں کے لیے ایکسپورٹ پروموشن کے اقدامات                                                     

ٹیکسٹائل اور اس سے منسلک شعبوں کی برآمدات میں تعاون کرنے کے لیے بجٹ میں ٹیکسٹائل گارمنٹس، لیدر گارمنٹس، چمڑے یا مصنوعی جوتے اور ڈیوٹی فری درآمدی ان پٹس کا استعمال کرتے ہوئے تیار کردہ چمڑے کی دیگر مصنوعات کے برآمد کنندگان کے لیے برآمدی ذمہ داری کی مدت چھ ماہ سے بڑھا کر بارہ ماہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد برآمد کنندگان کے لیے زیادہ آپریشنل لچیلے پن، تعمیل میں آسانی اور بہتر ورکنگ کیپیٹل مینجمنٹ فراہم کرنا ہے۔

ٹریڈ کیا ہے؟

ٹریڈس ایک الیکٹرانک پلیٹ فارم ہے جو متعدد فنانسرز کے ذریعے ایم ایس ایم ای کی تجارتی وصولیوں کی مالی اعانت اور رعایت کو قابل بناتا ہے۔ وصولیاں کارپوریٹس، دیگر خریداروں بشمول سرکاری محکموں، پی ایس یو سے واجب الادا ہو سکتی ہیں۔

 

 

ٹریڈس کے ذریعے ٹیکسٹائل ایم ایس ایم ای  کے لیے لیکویڈیٹی سپورٹ                                                       

ٹیکسٹائل ایم ایس ایم ای کے لیے لیکویڈیٹی تک رسائی کو مضبوط بنانے کے لیے، حکومت نے تجارتی وصولی ڈسکاؤنٹنگ سسٹم (ٹی آر ای ڈی ایس) کی تاثیر کو بڑھانے کے لیے اقدامات کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے پہلے ہی 7 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔

کلیدی اقدامات میں شامل ہیں:

  • ایم ایس ایم ای سے خریداری کے لیے سی پی ایس ای کے ذریعے ٹریڈس کا لازمی استعمال
  • کریڈٹ گارنٹی فنڈ ٹرسٹ فار مائیکرو اینڈ سمال انٹرپرائزز ( سی جی ٹی ایم ایس ای) کے ذریعےٹریڈس پر انوائس ڈسکاؤنٹنگ کے لیے کریڈٹ گارنٹی سپورٹ
  • سرکاری ای-مارکیٹ پلیس (جی ای ایم) کوٹریڈس کے ساتھ جوڑنا تاکہ سرکاری حصولیابیوں کی تیز رفتار اور کم لاگت کی مالی اعانت کو ممکن بنایا جا سکے۔
  • ثانوی مارکیٹ کی شرکت کو سپورٹ کرنے اور لیکویڈیٹی کو بہتر بنانے کے لیے اثاثہ کی حمایت یافتہ سکیورٹیز کے طور پرٹریڈس ریسویبلز کا آغاز

 

ایس ایم ای گروتھ فنڈ اور چیمپئن ایس ایم ای                                                                              

مستقبل کے ’’چیمپئن ایس ایم ای‘‘ کی تخلیق میں مدد کے لیے 10,000 کروڑ روپےکاایک خصوصی ایس ایم ایگروتھ فنڈ متعارف کرایا گیا ہے۔ اس فنڈ  کا مقصد منتخب معیار کی بنیاد پر کاروباری اداروں کو ترغیب دینا ہے۔

ہندوستان میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی، برآمدات اور روزگار

179 ارب امریکی ڈالر کے تخمینہ کے ساتھ، ہندوستانی ٹی اینڈ اے صنعت ملک کے جی ڈی پی میں ~ 2 فیصد کا حصہ ڈالتی ہے، مینوفیکچرنگ گراس ویلیو ایڈڈ (جی وی اے) میں ~ 11 فیصد اور برآمدات میں 8.63 فیصد کا حصہ ڈالتی ہے، جو ہندوستان کے اقتصادی ڈھانچے میں اس کے اہم کردار کی نشاندہی کرتی ہے۔

 

برآمدات سے ترقی کی رفتار کا توازن                                                                               

برآمدات کے محاذ پر، ہندوستان  ٹی اینڈ اے کا 6واں سب سے بڑا عالمی برآمد کار ہے، جس کا اس حصے میں عالمی برآمدات میں ~4فیصد کا حصہ ہے۔

ہندوستان کی ٹی اینڈ اے کی برآمدات (بشمول دستکاری) مالی سال 25 میں بڑھ کر  37.75 ارب امریکی ڈالر ہوگئی، جو کہ مالی سال 24 میں 35.87 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ ہے،جس سے کمزور عالمی تجارتی ماحول کے باوجود، اس شعبے کی موافقت، متنوع مارکیٹ کی موجودگی اور ویلیو ایڈڈ اور مزدوروں پر مبنی حصوں میں طاقت کی عکاسی ہوتی ہے۔

  • دسمبر 2025 میں، برآمدی نمو کلیدی حصوں میں وسیع  تھی، جس میں  دستکاری (7.2فیصد)، ریڈی میڈ گارمنٹس (2.89 فیصد) اور ایم ایم ایف یارن، فیبرکس اور میک اپس (3.99فیصد) نمایاں تھے۔
  • یہ رجحانات عالمی مانگ میں اتار چڑھاؤ کے درمیان، ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ، روایتی دستکاری اور روزگار سے متعلق شعبوں میں ہندوستان کے مسابقتی فائدہ کو تقویت دیتے ہیں۔

کیا آپ جانتے ہیں؟

جنوری-نومبر 2025 کے دوران، ہندوستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر نے 118 ممالک اور برآمدی مقامات میں برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا!

 

 

سال2025 ابھرتے ہوئے اور روایتی دونوں بازاروں بشمول متحدہ عرب امارات، مصر، پولینڈ، سوڈان، جاپان، نائجیریا، ارجنٹائن، کیمرون اور یوگانڈا میں نمایاں مارکیٹ تنوع کا سال تھا۔ اسپین، فرانس، نیدرلینڈس، جرمنی اور برطانیہ جیسے اہم یوروپی بازاروں میں نمو مستحکم رہی۔

روزگار کی تخلیق                                                                                                       

ٹیکسٹائل کا شعبہ زراعت کے بعد ہندوستان میں روزگار پیدا کرنے والا دوسرا سب سے بڑا شعبہ ہے۔ اقتصادی سروے 2026-27 کے مطابق، ٹیکسٹائل صنعت کا 8 بڑے صنعتی گروپوں میں روزگار میں 9فیصد حصہ ہے۔ 2025 کے تخمینوں سے پتہ چلتا ہے کہ یہ شعبہ 45 ملین سے زیادہ لوگوں کو براہ راست روزگار فراہم کرتا ہے، جن میں خواتین اور دیہی کمیونٹی شامل ہیں۔

ہندوستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی کے محرک                                                                       

گزشتہ برسوں کے دوران، ہندوستان نے گھریلو اور بین الاقوامی دونوں بازاروں میں - سستی بڑے پیمانے پر مارکیٹ کے ملبوسات سے لے کر طاق، اعلی قدر والے حصوں تک - طلب کے وسیع میدان عمل کو پورا کرنے کی صلاحیت تیار کی ہے۔ اس مسابقت کو برقرار رکھنے اور سرمایہ کاری کو مزید راغب کرنے کے لیے، حکومت متعددخصوصی اقدامات کے ذریعے اس شعبے کی فعال طور پر مدد کر رہی ہے۔

سال 2025 میں پی ایم مترا اسکیم کی اہم پیشرفت                                                                         

  • حکومت نے 2027-28 تک 7 سال کی مدت کے لیے4445 کروڑ روپے کی لاگت کے ساتھ گرین فیلڈ/براؤن فیلڈ سائٹس میں 7 پی ایم میگا انٹیگریٹڈ ٹیکسٹائل ریجن اینڈ اپیرل ( پی ایم مترا) پارکس کے قیام کو منظوری دی۔
  • 27,434 کروڑ روپے سے زیادہ کی متوقع سرمایہ کاری کی صلاحیت کے ساتھ سرمایہ کاری کے مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
  • تمام 7 ریاستی حکومتوں کے ذریعہ 2590.99 کروڑ روپے کے بنیادی ڈھانچے کے کام شروع کئے گئے ہیں۔
  • اس اسکیم سے 10,000 کروڑ روپے فی پارک کی تخمینی سرمایہ کاری کے ساتھ 3 لاکھ ( ایک لاکھ براہ راست اور 2 لاکھ بالواسطہ) روزگار پیدا ہونے کی امید ہے۔

پی ایل آئی اسکیم برائے ٹیکسٹائل                                                                                            

  • ٹیکسٹائل کے لیے پیداوار سے منسلک اسکیم (پی ایل آئی)، جو مالی سال 2029-30 تک جاری ہے، کا مقصد ایم ایم ایف  ملبوسات اور فیبرکس اور ٹیکنیکل ٹیکسٹائل کی مصنوعات کی پیداوار کو فروغ دینا ہے۔
  • اس کا مقصد صنعت کو سائز اور پیمانہ حاصل کرنے، مسابقتی بننے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ایک قابل عمل انٹرپرائز اور مسابقتی صنعت کی تخلیق میں مدد کرنا ہے۔

کپاس کے شعبے میں اصلاحات                                                                                      

  • کپاس کا شعبہ ~6 ملین کسانوں اور ویلیو چینز میں 40-50 ملین لوگوں کی مدد کرتا ہے۔
  • شفافیت کو بڑھانے کے لیے، کپاس کسان موبائل ایپ لانچ کی گئی، جس سے کسانوں کی خود رجسٹریشن اور سلاٹ بکنگ ممکن ہوئی۔
  • ہندوستانی کپاس کی عالمی مارکیٹ میں قبولیت کو بڑھانے کے لیے’کستوری کاٹن بھارت‘ پروگرام شروع کیا گیا تھا۔
  • مزید برآں، کپاس کی گانٹھوں کے لیے کوالٹی کنٹرول آرڈر (کیو سی او) 2023 کو اگست 2026 تک موخر کر دیا گیا ہے۔

پائیداریت اور سرکلرٹی کو فروغ دینے کے لیے پہل                                                                       

  • ٹیکسٹائل کمیٹی، جی ای ایم اور پبلک انٹرپرائزز کی اسٹینڈنگ کانفرنس(ایس سی او پی ای)، سرکل بیک مہم، نیشنل ہینڈلوم ڈیولپمنٹ پروگرام، نیشنل ٹیکسٹائل سسٹین ایبلٹی کونسل کے درمیان ایک سہ فریقی مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے تاکہ اپسائیکل شدہ مصنوعات کی عوامی خریداری کو فروغ دیا جا سکے۔

لیبر اصلاحات                                                                                                  

  • نئے لیبر قوانین کا نفاذ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے اہم مضمرات رکھتا ہے۔
  • اجرتوں، روزگار کے حالات، کام کی جگہ کی حفاظت، سماجی تحفظ اور تنازعات کے حل کا احاطہ کرنے والے ایک متحد فریم ورک کے قیام کے ذریعے، کوڈز کارکنوں کی بہبود کو تقویت دیتے ہوئے تعمیل کو ہموار کرتے ہیں۔

اشیاء و خدمات ٹیکس 2.0 (جی ایس ٹی)                                                                                   

  • ٹیکسٹائل میں 2025 کے اگلے سلسلے کے جی ایس ٹی کو معقول بنانے کے نتیجے میں صارفین کے لیے قیمتیں کم ہوئیں، مینوفیکچررز کے لیے ریلیف اور برآمدات اور روزگار میں اضافہ ہوا۔

برآمدات کی مسلسل رفتار، مارکیٹ کے نقوش کو وسیع کرنا اور ویلیو ایڈڈ سیگمنٹس کی مضبوط کارکردگی ٹی اینڈ اے کے لیے ایک قابل اعتماد اور لچیلے عالمی سورسنگ مرکز کے طور پر ہندوستان کی پوزیشن کی تصدیق کرتی ہے۔ تنوع، مسابقت اور ایم ایس ایم ای کی شرکت پر مسلسل زور دینے کے ساتھ، یہ شعبہ برآمدات کو بڑھانے اور آنے والے عرصے میں عالمی ویلیو چینز کے ساتھ اپنے انضمام کو گہرا کرنے کے لیے اچھی طرح سے تیار ہے۔

ٹیکسٹائل کے شعبے کا خاکہ

حالیہ پالیسی کا زور پیمانے اور جدیدیت کی طرف ہے - مربوط ٹیکسٹائل پارکس، ایم ایم ایف اور تکنیکی ٹیکسٹائل کے لیے سپورٹ، سرمایہ کاری کی ترغیبات اور خام مال کی رکاوٹوں میں نرمی ان سب کا مقصد مسابقت اور قدر میں اضافہ کرنا ہے۔

اسی وقت، ٹیکسٹائل کی وزارت نے برآمدات کے لیے ایک انتہائی اہم سمت متعین کی ہے۔ موجودہ ٹیکسٹائل کی برآمدات تقریباً 3 لاکھ کروڑ روپےہےاورایک ویژن 2030 کا  مقصد مضبوط گھریلو مینوفیکچرنگ اور وسیع تر عالمی رسائی کے ذریعے اسے تقریباً 9 لاکھ کروڑ روپےتک پھیلانا ہے۔

تجارتی پیش رفت آؤٹ لک میں ایک اور پہلوکا اضافہ کرتی ہے۔ ہندوستان کے  ٹی اینڈ اے سیکٹر کے لیے ایک یکسر تبدیلی کا تجارتی معاہدہ،انڈیا-ای یو ایف ٹی اےٹیکسٹائل اور کپڑوں میں صفر ڈیوٹی رسائی کی پیشکش کرتا ہے، تمام ٹیرف لائنوں کا احاطہ کرتا ہے اور ٹیرف کو 12 فیصد تک کم کرتا ہے۔ یہ ہندوستانی لکڑی، بانس اور دستکاری والے فرنیچر میں 10.5 فیصد تک ڈیوٹی کم کرتا ہے۔ وزیر تجارت پیوش گوئل نے حال ہی میں کہا تھاکہ انڈیا – ای یو ایف ٹی اے ڈیوٹی کی شرائط کو بہتر بنا کر، خاص طور پر مزدوروں پر مبنی شعبوں کو فائدہ پہنچا کر یورپی مارکیٹ میں ہندوستان کی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی برآمدات کو نمایاں طور پر بڑھا سکتا ہے۔

مرکزی بجٹ 2026-27 کی سمت ریاستوں، صنعتوں، ایم ایس ایم ای، کاریگروں اور ہنر مندی کے اداروں کے ساتھ شراکت داری میں روزگار پیدا کرنے، جامع ترقی، پائیداری اور مربوط عمل درآمد پر مزید زور دیتی ہے، جس سے ایک مسابقتی، قابل بھروسہ اور عالمی ٹیکسٹائل ایپ کے طور پر ہندوستان کی پوزیشن کو تقویت ملتی ہے۔


نتیجہ

ہندوستان کا ٹیکسٹائل کا شعبہ ایک اہم لمحے پر ہے، جسے مضبوط پیداواری بنیادوں، بڑھتی ہوئی برآمدات اور پائیدار پالیسی کی حمایت سے تعاون حاصل ہے۔

مرکزی بجٹ 2026-27 فائبر اور مینوفیکچرنگ سے لے کر ہنر، پائیداری اور مارکیٹ تک رسائی تک پوری ویلیو چین کو مضبوط بنا کر اس رفتار کو مزید تقویت دیتا ہے۔

تجارتی شراکت داری کو بڑھانے اور پیمانے، ٹیکنالوجی اور قدر میں اضافے کے ساتھ، یہ اقدامات ملک بھر میں روزگار پیدا کرنے اور ذریعۂ معاش کو جاری رکھتے ہوئے اس شعبے کو اپنے عالمی انضمام کو مزید گہرا کرنے کی پوزیشن میں رکھتے ہیں۔

حوالے

وزارت خزانہ

 

https://www.indiabudget.gov.in/economicsurvey/doc/echapter.pdf

https://www.indiabudget.gov.in/doc/budget_speech.pdf

ٹیکسٹائل کی وزارت

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2221486&reg=3&lang=2

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2208051&reg=6&lang=1

https://www.pib.gov.in/PressReleaseIframePage.aspx?PRID=2215380&reg=3&lang=2

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2219250&reg=3&lang=1

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2204546&reg=3&lang=2

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2222481&reg=3&lang=2

کامرس اور صنعت کی  وزارت

https://www.pib.gov.in/PressReleasePage.aspx?PRID=2117470&reg=3&lang=2

ریزرو بینک آف انڈیا

 

https://www.rbi.org.in/commonman/English/scripts/FAQs.aspx?Id=3138

انڈیا برانڈ ایکویٹی فاؤنڈیشن

https://www.ibef.org/industry/textiles

پی ڈی ایف دیکھنے کے لئے یہاں کلک کریں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

ش ح۔ک ح۔ ن م۔

U-1566

                          

(Explainer ID: 157200) आगंतुक पटल : 2
Provide suggestions / comments
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Bengali , Gujarati , Kannada
Link mygov.in
National Portal Of India
STQC Certificate