Economy
ہندوستان کی الیکٹرانکس برآمدات میں تیزی
प्रविष्टि तिथि:
19 NOV 2026 15:04 PM
غیر اسمارٹ فون مصنوعات ترقی کے ایک مضبوط محرک کے طور پر ابھر رہی ہیں
اپریل تا ستمبر 2026-27 کے دوران ہندوستان سے الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں 44 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا اور یہ بڑھ کر 31.97 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسمارٹ فون بدستور برآمدات کا سب سے بڑا شعبہ رہے، جن کی برآمدات میں 35.8 فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 18.17 ارب امریکی ڈالر ہو گئیں۔ غیر اسمارٹ فون الیکٹرانک مصنوعات کی برآمدات میں اس سے بھی زیادہ 56.5 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا اور یہ 13.79 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس کے نتیجے میں الیکٹرانکس کی مجموعی برآمدات میں ان مصنوعات کا حصہ بڑھ کر 43.2 فیصد ہو گیا۔ ان مصنوعات میں پرنٹڈ سرکٹ بورڈز، نیٹ ورک ٹرانسمیشن کے آلات، میموری انٹیگریٹڈ سرکٹس اور ذخیرہ کرنے والے آلات شامل ہیں۔ سنگاپور، چین، ہانگ کانگ اور ملیشیا سمیت مختلف منڈیوں میں ان مصنوعات کی برآمدات میں مضبوط اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان کی الیکٹرانکس برآمدات کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے اور عالمی منڈیوں میں اس کی موجودگی مسلسل مستحکم ہو رہی ہے۔
الیکٹرانکس کی برآمدات میں نمایاں اضافہ درج

اپریل تا ستمبر 2026-27 کے دوران ہندوستان سے الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں مسلسل مضبوط اضافہ درج کیا گیا۔ اس مدت میں برآمدات 44.0 فیصد بڑھ کر 22.20 ارب امریکی ڈالر سے 31.97 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اگرچہ اسمارٹ فون بدستور الیکٹرانکس کی مجموعی برآمدات کا سب سے بڑا حصہ رکھتے ہیں، تاہم اس عرصے میں غیر اسمارٹ فون الیکٹرانک مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں طور پر زیادہ تیز رفتار اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان کی الیکٹرانکس برآمدات کی بنیاد اب مختلف اجزا، سرکٹ بورڈز، مواصلاتی آلات، میموری مصنوعات اور ذخیرہ کرنے والے آلات تک وسیع ہو رہی ہے۔
غیر اسمارٹ فون الیکٹرانک مصنوعات برآمدات میں تنوع کو فروغ دے رہی ہیں
غیر اسمارٹ فون الیکٹرانک مصنوعات کے شعبے میں خاص طور پر نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی، جہاں برآمدات میں 56.5 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا اور یہ 8.81 ارب امریکی ڈالر سے بڑھ کر 13.79 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس کے نتیجے میں ہندوستان کی مجموعی الیکٹرانک اشیا کی برآمدات میں اس شعبے کا حصہ 39.7 فیصد سے بڑھ کر 43.2 فیصد ہو گیا، جو الیکٹرانکس کی برآمدات میں بڑھتے ہوئے تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔
اس توسیع کو کئی اہم مصنوعات کی برآمدات میں ہونے والے نمایاں اضافے سے تقویت ملی۔
پرزے اور لوازمات - پرنٹڈ سرکٹ بورڈز
اس زمرے کی برآمدات میں غیر معمولی اضافہ درج کیا گیا اور یہ 63.3 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 2.10 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو 3219 فیصد نمو کو ظاہر کرتا ہے۔ سنگاپور 1.87 ارب امریکی ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سب سے بڑی منزل بن کر ابھرا، جبکہ چین 111.5 ملین امریکی ڈالر کے ساتھ دوسرے مقام پر رہا۔
اجزا سے آراستہ، نصب شدہ یا بھرے ہوئے پرنٹڈ سرکٹ بورڈز
اس شعبے کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ درج کیا گیا اور یہ 213.7 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 864.1 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو 304 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ چین 789.2 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سب سے بڑی منڈی رہا، جبکہ ہانگ کانگ کو ہونے والی برآمدات 5.9 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 25.3 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔
نیٹ ورک ٹرانسمیشن اور روٹنگ کے آلات
اس شعبے کی برآمدات تقریباً دوگنی ہو کر 732.9 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 1.45 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو 98 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس اضافے میں ہانگ کانگ کا نمایاں کردار رہا، جہاں برآمدات 264.7 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 857.7 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ امریکہ اور نیدرلینڈز بھی اہم منڈیاں رہیں، جہاں بالترتیب 130.9 ملین اور 124.4 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔
میموری انٹیگریٹڈ سرکٹس
اس زمرے کی برآمدات میں غیر معمولی تیزی سے اضافہ درج کیا گیا اور یہ محض 23.1 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 562.4 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو 2333 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ ملائیشیا 390.8 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سب سے بڑی منزل بن کر ابھرا، جبکہ سنگاپور 102.4 ملین امریکی ڈالر اور ہانگ کانگ 25.2 ملین امریکی ڈالر کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر رہے۔
سالڈ اسٹیٹ نان وولیٹائل اسٹوریج ڈیوائسز
اس زمرے کی برآمدات میں نمایاں اضافہ درج کیا گیا اور یہ 14.6 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 260.5 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جس کے نتیجے میں 1680 فیصد کی شرح نمو ریکارڈ کی گئی ۔ چین 108.6 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سرفہرست رہا۔ اس کے بعد سنگاپور کو 76.8 ملین امریکی ڈالر، ہانگ کانگ کو 22.3 ملین امریکی ڈالر اور امریکہ کو 20.7 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔

اسمارٹ فونز کی برآمدات میں اضافہ
ہندوستان سے اسمارٹ فونز کی برآمدات اپریل تا ستمبر 2025-26 کے دوران 13.38 ارب امریکی ڈالر سے بڑھ کر اپریل تا ستمبر 2026-27 میں 18.17 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو 35.8 فیصد کی نمایاں شرح نمو کو ظاہر کرتی ہیں۔
اسمارٹ فونز بدستور ہندوستان کی الیکٹرانک اشیا کی مجموعی برآمدات کا سب سے بڑا حصہ رہے، تاہم ان کا تناسب 60.3 فیصد سے کم ہو کر 56.8 فیصد رہ گیا۔ اس کی وجہ الیکٹرانکس کی برآمدات کے دیگر شعبوں میں اس سے بھی زیادہ تیز رفتار اضافہ رہا۔
عالمی الیکٹرانکس تجارت میں ہندوستان کی پوزیشن مستحکم ہو رہی ہے
مجموعی طور پر یہ رجحانات ہندوستان کی الیکٹرانکس برآمدات کے دائرے میں وسعت اور ان میں بڑھتے ہوئے تنوع کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اسمارٹ فونز بدستور برآمدات کی مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں اور ان کی برآمدات 18.17 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ غیر اسمارٹ فون الیکٹرانک مصنوعات کی برآمدات زیادہ تیز رفتاری سے بڑھ رہی ہیں اور الیکٹرانکس کی مجموعی برآمدات میں ان کا حصہ بھی مسلسل بڑھ رہا ہے۔
پرنٹڈ سرکٹ بورڈز، مواصلاتی آلات، میموری مصنوعات اور سالڈ اسٹیٹ ذخیرہ کرنے والے آلات کی برآمدات میں نمایاں اضافے کے ساتھ ساتھ سنگاپور، چین، ہانگ کانگ اور ملیشیا جیسی منڈیوں میں توسیع اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ غیر اسمارٹ فون مصنوعات ہندوستان کی الیکٹرانکس برآمدات میں اضافے کو رفتار دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
حوالہ جات
تجارت ا ور صنعت کی وزرات
پی ڈی ایف دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں
****
ش ح۔ ش آ۔خ م
(तथ्य सामग्री आईडी: 151210)
आगंतुक पटल : 10
Provide suggestions / comments