ارجنٹینا کی فلم ’دی ریور ٹرین‘ نےبھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول(آئی ایف ایف آئی) میں سلور پیکاک کا خصوصی جیوری ایوارڈ جیت لیا ہے۔ لورینزو فیرو اور لوکاس اے وگنالی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو یہ ایوارڈ گوا کے وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے پیش کیا۔ اس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری چنچل کمار اور فیسٹیول کے ڈائریکٹر اشوتوش گوواریکر بھی موجود تھے۔
فلم کے منفرد سنیما اظہار کو تسلیم کرتے ہوئے جیوری نے کہانی بیان کرنے کے اس کے تجرباتی انداز اور ایک بچے کے نقطۂ نظر سے سنیما کے امکانات کو دریافت کرنے کی صلاحیت کو سراہا۔ جیوری نے اپنے تعریفی کلمات میں روایتی سنیما کی حدود کو وسعت دینے کے لیے ہدایت کاروں کی آمادگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا:
’’ایک بچے کی آنکھوں سے سنیما کو کھیل کا میدان بنانے اور تازہ تجربات کے ذریعے سنیما کی روایتی حدود کو وسعت دینے کے لیے۔ ہم دونوں ہدایت کاروں کے تخلیقی وژن اور لوکاس اے وگنالی کی یاد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔‘‘
ہدایت کاروں کی جانب سے فلم کے پروڈیوسر ویلنٹائن ٹورے اور اداکارہ ریٹا پالز نے یہ ایوارڈ وصول کیا۔ تقریب میں شریک ہدایت کار لوکاس اے وگنالی کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور فلم میں ان کی تخلیقی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔
خصوصی جیوری ایوارڈ مرکزی بین الاقوامی مقابلے میں شامل کسی ایسی فلم کو دیا جاتا ہے جو اپنی فنکارانہ کامیابی اور منفرد سنیما اظہار کے اعتبار سے نمایاں ہو۔ اس ایوارڈ میں سلور پیکاک، سرٹیفکیٹ اور 20 لاکھ روپے کی نقد رقم شامل ہے۔
فلم ’دی ریور ٹرین‘ کا خلاصہ
نو سالہ میلو ارجنٹینا کے ایک دور افتادہ گاؤں میں رہتا ہے، جہاں وہ مالامبو رقص کی تربیت حاصل کر رہا ہے۔ لیکن اس کے خواب کہیں اور آباد ہیں۔ وہ ٹرینوں میں سفر کرنے اور بیونس آئرس کی سیر کرنے کا خواہش مند ہے، ایک ایسا شہر جسے اس نے اب تک صرف فلموں میں دیکھا ہے۔ اپنی محدود دنیا سے باہر نکلنے کے لیے اسے ایک نئے سفر پر روانہ ہونے کی ہمت کرنا ہوگی، ایسا سفر جس کی پہچان تنہائی ہوگی۔

Press Conference link of The River Train
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :8436 )