ہدایت کار بیرینجر تھوئین کو ان کی فلم ’دی گولڈن ایج‘ کے لیے بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) میں بہترین ڈیبو فیچر فلم ہدایت کار کا سلور پیکاک ایوارڈ دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ گوا کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت نے پیش کیا۔ اس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری چنچل کمار اور فیسٹیول کے ڈائریکٹر اشوتوش گوواریکر بھی موجود تھے۔
فلم کے ہدایت کار بیرینجر تھوئین کے بھائی اور فلم کے موسیقار سیلیست تھوئین نے فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں ہدایت کار کی جانب سے یہ ایوارڈ وصول کیا۔
نوجوان ہدایت کار کے عزائم اور سنیما کے فن میں مہارت کو تسلیم کرتے ہوئے جیوری نے کئی برسوں پر محیط ایک تاریخی دور کی فلم بنانے کے چیلنجوں سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے پر تھوئین کی ستائش کی۔ جیوری نے خاص طور پر آرکائیو کے مواد کو حقیقی فوٹیج کے ساتھ مربوط کرنے کے ان کے اختراعی انداز کو سراہا۔
جیوری نے اپنے تبصرے میں کہا، ’’کسی پہلی فلم کے لیے کئی برسوں پر محیط تاریخی موضوع پر فلم بنانے کے تمام چیلنجوں سے نمٹنا غیر معمولی بات ہے، لیکن اس فلم نے آرکائیو کے مواد کو حقیقی فوٹیج کے ساتھ ذہانت سے ملا کر اپنے راستے میں آنے والی ہر مشکل کا سامنا کیا اور اس پر قابو پایا۔‘‘
اس اعزاز کے ساتھ بیرینجر تھوئین کی پہلی فیچر فلم اپنی بلند حوصلہ داستان گوئی اور سنیما کے ذرائع کے اختراعی استعمال کے باعث نمایاں مقام حاصل کرتی ہے۔
بہترین ڈیبو فیچر فلم ہدایت کار کا مقابلہ عالمی سنیما میں نئی ہدایت کاری کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے منعقد کیا جاتا ہے۔ اس سال اس مقابلے میں سات فلمیں شامل تھیں، جن میں پانچ بین الاقوامی اور دو ہندوستانی فلمیں تھیں۔ ہدایت کار کو دیے جانے والے اس ایوارڈ میں سلور پیکاک ٹرافی، سرٹیفکیٹ اور 15 لاکھ روپے کی نقد رقم شامل ہے۔
فلم ’دی گولڈن ایج‘ کا خلاصہ

بیسویں صدی کے آغاز میں ایک قصاب کے خاندان میں پیدا ہونے والی ژین لاوور کاؤنٹیس بننے کا خواب دیکھتی ہے۔ نڈر سیلیست سے متاثر ہوکر اور گیوم دے بارانتے سے اپنی محبت کے جذبے سے سرشار ہوکر، ژین 1920 کی دہائی کے پُررونق پیرس اور دو عالمی جنگوں کے ہنگامہ خیز برسوں کے سفر پر نکل پڑتی ہے۔ ایک ایسی صدی کے پس منظر میں، جو گہری تبدیلیوں سے عبارت ہے، وہ ایک خودمختار خاتون کے طور پر ابھرتی ہے، جو اپنی تقدیر خود تشکیل دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
*******
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8435 )