پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 NOV 2026 4:59PM by PIB Delhi
ہندوستانی ریلوے نے 27 نومبر 2026 کو سیوک-رنگپو نئی ریلوے لائن پروجیکٹ میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی، جب اس راستے کی سب سے طویل سرنگ، سرنگ نمبر 10 کی کھدائی کا کام مکمل کر لیا گیا۔ 5.3 کلومیٹر طویل اس سرنگ میں کھدائی کی تکمیل کے ساتھ ہی پروجیکٹ کی تمام 14 سرنگوں کی کھدائی کا کام مکمل ہو گیا ہے، جس سے سکم ریاست کو پہلی بار ریلوے رابطے سے جوڑنے کی منزل مزید قریب آ گئی ہے۔
https://www.instagram.com/reel/DgRdPeeyt8X/?hvrq=MWM0bDdsY2pubzRmYg==
5.3 کلومیٹر کی مجموعی لمبائی کے ساتھ سرنگ نمبر 10 اس پروجیکٹ کی 14 سرنگوں میں سب سے طویل ہے۔ اس کی کھدائی دونوں سروں سے اور دو رسائی سرنگوں کے ذریعے کی گئی۔ اب کھدائی کے دونوں محاذ آپس میں مل جانے کے بعد یہ کام کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے۔ اب سرنگ کی اندرونی استر کاری، پٹری بچھانے اور ریلوے کے ضروری حفاظتی نظام نصب کرنے سمیت باقی ماندہ کاموں کو آگے بڑھایا جائے گا۔
45 کلومیٹر طویل سیوک-رنگپو براڈ گیج نئی ریلوے لائن پروجیکٹ مغربی بنگال کے دارجلنگ اور کالیمپونگ اضلاع اور سکم کے پاکیونگ ضلع سے ہوکر گزرتا ہے۔ ہمالیہ کے دشوار گزار پہاڑی خطوں سے گزرتی اس ریلوے لائن میں 14 سرنگیں شامل ہیں، جو اس کے کل راستے کی تقریباً 86 فیصد لمبائی پر مشتمل ہیں۔
اس پروجیکٹ میں 23 پل بھی شامل ہیں اور اس کے تحت سیوک، ریانگ، میلی اور رنگپو ریلوے اسٹیشنوں کے علاوہ تیستا بازار میں ایک زیرِ زمین ہالٹ اسٹیشن بھی قائم کیا جائے گا۔ سیوک میں یہ ریلوے لائن موجودہ نیو جلپائی گوڑی-علی پور دوار ریلوے روٹ سے منسلک ہوگی، جس کے ذریعے سکم کو قومی ریلوے نیٹ ورک سے جوڑا جائے گا۔
فعال ہونے کے بعد سیوک-رنگپو ریلوے لائن سکم کو براہ راست ریلوے رابطہ فراہم کرے گی۔ اس سے مقامی باشندوں اور سیاحوں کو قومی شاہراہ 10 کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، تیز رفتار اور قابلِ اعتماد سفری متبادل میسر آئے گا۔ اس ریلوے رابطے سے ضروری اشیا کی نقل و حمل میں بھی سہولت ملنے، مقامی کاروباروں کو منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم ہونے اور ریاست میں سیاحت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
***
ش ح۔ ف ش ع
U: 8424