وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈی آر آئی نے مہاراشٹر میں مشتبہ طور پر دو لیٹر کنگ کوبرا کا زہر، بڑی بلیوں (تیندوا/شیر) کی 3 کھالیں اور آتشیں اسلحہ ضبط کر لیا؛ چھ شکاری گرفتار


ڈی آر آئی نے مہاراشٹر کے مغربی گھاٹ کے علاقے میں سرگرم جنگلی حیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے دو الگ الگ نیٹ ورکس کے خلاف بڑی کارروائی کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 NOV 2026 3:23PM by PIB Delhi

جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کو روکنے اور معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں کے تحفظ پر مرکوز یکے بعد دیگرے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں میں، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے افسران نے مہاراشٹر کے مغربی گھاٹ کے علاقے میں سرگرم جنگلی حیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے دو الگ الگ نیٹ ورکس کا قلع قمع کر دیا، جس کے دوران چھ افراد کو گرفتار کیا گیا اور بڑی بلیوں (تیندوا/شیر) کی کھالوں اور شکار میں استعمال ہونے والے ہتھیار کے ساتھ مشتبہ کنگ کوبرا کا زہر ضبط کر لیا گیا۔

آپریشن وینم شیلڈ:  پونے کے مضافات میں 2 لیٹر کوبرا سانپ کا زہر ضبط

اس مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کہ ایک اسٹاک ٹریڈر سے سوشل میڈیا انفلوئنسر بننے والا شخص غیر قانونی زہر کی تجارت میں ملوث ہے، ڈی آر آئی کے افسران نے 25 نومبر 2026 کو پونے کے مضافات میں کارتک پورنیما کے مذہبی اجتماع کے دوران مسلسل نگرانی قائم رکھی، جہاں مشتبہ شخص کو ایک دلال اور ایک ممکنہ خریدار سے ملاقات کرنی تھی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261128152549_1c0f21.jpg

دریائے اندرانی کے قریب شدید بھیڑ اور دشوار گزار راستوں سے گزرتے ہوئے، افسران نے ایک طویل پیدل تعاقب کے بعد مشتبہ افراد کو روکا اور تینوں افراد کو گرفتار کر لیا۔ تلاشی کے دوران دو بوتلیں برآمد ہوئیں جن میں تقریباً 2 لیٹر مشتبہ کنگ کوبرا کا زہر موجود تھا۔ تعاقب کے دوران زہر چھلک جانے کی وجہ سے ڈی آر آئی کا ایک افسر زخمی بھی ہو گیا۔ ضبط کیے گئے زہر اور گرفتار شدہ تینوں افراد کو متعلقہ قوانین کے تحت مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے مہاراشٹر کے محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

آپریشن فیلائن ویجل:  نوی ممبئی میں غیر قانونی شکار کے سامان سمیت بڑی بلیوں کی 3 مختلف کھالیں ضبط

26  نومبر 2026 کو ایک الگ کارروائی میں، ڈی آر آئی کے افسران نے سوشل میڈیا کے ذریعے نوی ممبئی میں جنگلی حیات کے باقیات کو فروخت کرنے کی کوششوں سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ افسران نے پنویل کے علاقے میں ایک مشتبہ شخص کو روکا اور اس کے پاس سے ایک تھیلا برآمد کیا جس میں دو کھالیں موجود تھیں—جو بظاہر ایک شیر اور ایک تیندوے کی تھیں۔ مزید پوچھ گچھ کے نتیجے میں نوی ممبئی کے ایک رہائشی کمپلیکس کی تلاشی لی گئی، جہاں دو خواتین مکینوں کے قبضے سے ایک مشتبہ چیتے کی کھال اور ایک .177 کیلیبر (4.5 ملی میٹر) کی بریک بیرل ایئر رائفل (ماڈل 23) برآمد ہوئی۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ تیندوے کی کھال پر گولی لگنے کا مشتبہ زخم ہے جو اسی رائفل سے کیا گیا تھا۔ تینوں کھالیں (شیر، تیندوا اور چیتے کی ایک ایک کھال)، ایئر رائفل اور دیگر ٹرافیز ضبط کر لی گئیں۔ گرفتار شدہ تینوں افراد اور ضبط شدہ سامان کو مزید تفتیش کے لیے مہاراشٹر کے محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261128152617_da7a07.jpghttps://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261128152625_102cf5.jpghttps://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261128152633_095897.jpg

کنگ کوبرا، شیر، تیندوا اور چیتا سبھی جنگلی حیات (تحفظ) ایکٹ، 1972 کے شیڈول اول میں درج ہیں، اور انہیں اعلیٰ ترین سطح کا قانونی تحفظ حاصل ہے۔ اس ایکٹ کے تحت ان انواع کا شکار کرنا، انہیں پکڑنا اور غیر مجاز طور پر اپنے قبضے میں رکھنا، نیز ان جانوروں، ان کے اجزاء یا باقیات کی کسی بھی قسم کی تجارت یا لین دین سختی سے ممنوع ہے۔

یہ یکے بعد دیگرے کارروائیاں منظم جنگلی حیات کے جرائم پیشہ گروہوں کا قلع قمع کرنے اور بھارت کے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے ڈی آر آئی کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:8417


(ریلیز آئی ڈی: 2343121) وزیٹر کاؤنٹر : 4