57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

’ہنومان انش‘ کے ذریعے نیم کرولی بابا کے روحانی سفر کی عکاسی، ناظرین کو خود شناسی اور باطن میں جھانکنے کی دعوت

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 NOV 2026 3:22PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2343074Views: 9

گوا، 28 نومبر 2026

کیا زندگی کے پیچیدہ ترین سوالات کے جواب ہمارے اردگرد موجود سادہ اور عام چیزوں میں پوشیدہ ہیں؟ نیم کرولی بابا کے روحانی سفر کے ذریعے اسی خیال کو پیش کرنے والی فلم ’ہنومان انش‘ ناظرین کو کچھ دیر ٹھہر کر غور و فکر کرنے اور اپنے باطن میں جھانکنے کی دعوت دیتی ہے۔57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا(افّی) 2026 کے انڈین پینوراما سیکشن میں شامل اس فلم کی ہدایت کاری ڈاکٹر وشال چترویدی نے کی ہے۔فلم میں لکشمی نارائن کی زندگی کا احاطہ کیا گیا ہے، جو موجودہ اتر پردیش کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے تھے۔ زندگی، موت اور انسانی تکالیف کو سمجھنے کی جستجو انہیں رفتہ رفتہ روحانیت کے راستے پر لے جاتی ہے۔ ان کا یہی روحانی سفر آگے چل کر بے شمار لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کرتا ہے۔

پی آئی بی کی جانب سے آج منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلم کے ہدایت کار ڈاکٹر وشال چترویدی نے فلم کے پس منظر میں موجود ترغیب اور اس کی تیاری میں رہنمائی کرنے والے تخلیقی نظریے کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔انہوں نے اپنی والدہ کو اس بات کا سہرا دیا کہ انہوں نے انہیں مزید جاننے، سیکھنے اور نئی چیزوں کو سمجھنے کی ترغیب دی۔ ڈاکٹر چترویدی نے فلم کو انسان کو اپنے باطن میں جھانکنے اور خود شناسی کی دعوت قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلم کی کہانی اور زمینی حقیقت کے درمیان تعلق قائم ہونا ضروری ہے۔ ان کے مطابق کہانی حقیقی زندگی کے تجربات سے جڑی ہونی چاہیے، تاکہ ناظرین اس سے آسانی کے ساتھ خود کو جوڑ سکیں اور اس میں دلچسپی محسوس کریں۔

فلم کی تیاری کے حوالے سے ڈاکٹر چترویدی نے بتایا کہ اسے ایک عام درمیانے بجٹ کی ہندی فلم کے مقابلے میں تقریباً دس گنا کم بجٹ میں بنایا گیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فلم کی تیاری میں سادگی اور کم سے کم وسائل کے استعمال کو بنیادی اہمیت دی گئی، جو فلم میں دکھائے گئے روحانی سفر کی اصل روح کی عکاسی کرتا ہے۔زندگی کو سادہ بنانے اور غیر ضروری پیچیدگیوں سے دور رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر وشال نے کہا کہ اکثر آسان حل ہمارے بالکل قریب موجود ہوتے ہیں، لیکن جدید زندگی کی الجھنوں میں ہم ان پر توجہ نہیں دے پاتے۔

ہدایت کار نے فلم کی موسیقی اور اداکاری کے حوالے سے اپنے تخلیقی انداز پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ فنکاروں کی صلاحیتوں کو ابھرنے کا بھرپور موقع ملنا چاہیے۔ فلم میں شامل موسیقی سے اپنے ذاتی لگاؤ کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر چترویدی نے بتایا کہ گلوکاروں کا انتخاب بہت پہلے کرلیا گیا تھا، تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور فلم کے تخلیقی سفر میں بامعنی کردار ادا کرنے کا موقع مل سکے۔انہوں نے اداکاروں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور کرداروں کو اپنے انداز میں سمجھنے کے لیے وسیع تخلیقی آزادی فراہم کی۔ ان کا ماننا ہے کہ ایک فلم ساز کا کردار اداکار کی صلاحیتوں کو صرف ہدایت دینے کے بجائے انہیں صحیح سمت دینا ہونا چاہیے۔

موسیقی کی ترتیب کے بارے میں مزید وضاحت کرتے ہوئے ڈاکٹر وشال چترویدی نے بتایا کہ فلم میں پاروتی کے گیت کی موسیقی کو بڑی حد تک اس کی ابتدائی اصل ریکارڈنگ ہی میں برقرار رکھا گیا اور اس میں بہت معمولی تبدیلیاں کی گئیں، تاکہ موسیقار کی آواز اور جذبات کا فطری انداز میں اظہار ہوسکے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فلم کے ایک گیت کی تحریک گیارہویں صدی کے ناتھ یوگی گورکھ ناتھ کے دوہوں سے حاصل کی گئی ہے۔ اس طرح فلم میں روحانیت کے موضوعات کو ہندوستانی فلسفیانہ روایات کی گہرائی اور خوبصورتی کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔اپنی زندگی کی رہنمائی کرنے والی تعلیمات کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر چترویدی نے بھگوت گیتا میں بھگوان کرشن کے پیغام کا حوالہ دیا اور اس بات پر زور دیا کہ انسان کو پھل کی خواہش اور نتیجے کی فکر سے آزاد ہوکر اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔

فلم کی شوٹنگ سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے ہدایت کار نے بتایا کہ چترکوٹ میں وہ کمرہ، جہاں نیم کرولی بابا کو لوگوں کے ساتھ کھانا بانٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے، دراصل وہی کمرہ تھا جہاں مہاراج جی خود قیام کیا کرتے تھے۔ اس وجہ سے وہاں فلم کی شوٹنگ کا تجربہ ان کے لیے نہایت خاص اور ذاتی نوعیت کا تھا۔

’ہنومان انش‘ ایک قسط  پر مشتمل فلمی سلسلے کی پہلی کڑی ہے، جس میں لکشمی نارائن کے شمالی ہندوستان کے سفر کو پیش کیا گیا ہے۔ اس سفر کے دوران سنتوں اور عام لوگوں سے ہونے والی ملاقاتیں زندگی اور روحانیت کے بارے میں ان کی سمجھ کو نئی جہت عطا کرتی ہیں۔نیم کرولی گاؤں کے قریب ایک پراسرار ملاقات کے بعد انہیں نیم کرولی بابا کے نام سے پہچان ملی۔ فلم میں ان کی شخصیت کے روحانی ارتقا اور ایک ایسی قابلِ احترام روحانی ہستی بننے کے سفر کو دکھایا گیا ہے، جن کی تعلیمات نے دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کیا۔ ان سے متاثر ہونے والی معروف شخصیات میں اسٹیو جابز، مارک زکربرگ اور جولیا رابرٹس بھی شامل ہیں۔اپنی کہانی اور خود احتسابی کے پیغام کے ذریعے فلم ’ہنومان انش‘ ناظرین کو یہ یاد دلانے کی کوشش کرتی ہے کہ دنیا کو سمجھنے کا سفر اکثر خود اپنی ذات کو سمجھنے سے شروع ہوتا ہے۔

اس پریس کانفرنس کی نظامت کل دیپ مینا نے کی۔

مکمل پریس کانفرنس یہاں دیکھیں:۔

افّی لائڈ کے لیے یہاں کلک کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

********

ش ح-ا ع خ    ۔ر  ا

U-No- 8414


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2343074
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026