محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

چیف لیبر کمشنر (سینٹرل) کی نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کے ساتھ ملاقات، لیبر کوڈز پر مؤثر عمل درآمد اور متعلقہ فریقوں سے مشاورت کو مزید بہتر بنانے کے لیے تبادلۂ خیال

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 NOV 2026 1:09PM by PIB Delhi

حکومتِ ہند کی وزارتِ محنت و روزگار کے تحت چیف لیبر کمشنر)سینٹرل(کے دفتر کی جانب سے 27 نومبر 2026 کو نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی)کے سینئر افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔یہ اجلاس محترمہ سونل مشرا، آئی اے ایس، چیف لیبر کمشنر(سینٹرل)کی صدارت میں شریمیو جیتے بھون، دوارکا، نئی دلّی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں لیبر کوڈز 2020 پر مؤثر عمل درآمد، متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر تال میل اور تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے عمل کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

یہ اجلاس چیف لیبر کمشنر (سینٹرل)کے دفتر کی جانب سے مختلف وزارتوں، محکموں اور مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں  (سی پی ایس یوایس)کے ساتھ منعقد کیے جانے والے انفرادی ملاقاتوں کے سلسلے کی ایک کڑی تھا۔ ان ملاقاتوں کا مقصد لیبر کوڈز پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانا، قانونی ضابطوں کی پابندی کو فروغ دینا اور اداروں کے درمیان باہمی تال میل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی)کی جانب سے جناب سی۔ کے۔ سنہا، چیف جنرل منیجر(انتظامیہ)، اپنی ٹیم کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہوئے۔ جبکہ چیف لیبر کمشنر(سینٹرل)کے دفتر کے تمام سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران چیف لیبر کمشنر(سینٹرل)کے دفتر کی جانب سے ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی گئی، جس میں لیبر کوڈز کا مجموعی تعارف اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا سے متعلق اہم دفعات، محنت سے متعلق ضروری قانونی تقاضوں، کنٹریکٹ لیبر سے وابستہ امور، رجسٹریشن اور لائسنس کے حصول کی شرائط اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال پر روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر چیف لیبر کمشنر (سینٹرل) کی تنظیم کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا، جس کا مقصد قانونی تقاضوں کی پابندی میں سہولت فراہم کرنا اور کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینا ہے۔

اجلاس کے دوران کئی اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ان میں لیبر کوڈز کے تحت قانونی تقاضوں کی پابندی کو آسان بنانے کے لیے ٹھیکیداروں اور ذیلی ٹھیکیداروں کا موقع پر ہی رجسٹریشن اور لائسنس کے اجرا کی خصوصی مہم چلانے پر زور دیا گیا۔اس کے علاوہ پیشہ ورانہ تحفظ، صحت اور کام کے حالات سے متعلق ضابطہ 2020کی دفعہ 10 کے مطابق حادثات کی فوری اطلاع دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی)سے درخواست کی گئی کہ وہ حادثات سے متعلق اپنے معیاری عملی طریقۂ کار اور بہترین اقدامات کی تفصیلات فراہم کرے، جن میں موک ڈرل کے انعقاد اور کام کی جگہوں پر حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات بھی شامل ہوں۔

مزید برآں، اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ این ایچ اے آئی کے 2 سے 4 علاقائی دفاتر اور چیف لیبر کمشنر(سینٹرل)کے دفتر کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جا سکتا ہے، جو شاہراہوں کے طویل خطی منصوبوں پر کام کرنے والی خواتین مزدوروں اور بین الریاستی مہاجر مزدوروں کے قانونی فوائد سے متعلق مسائل کا جائزہ لے اور ان کے حل میں سہولت فراہم کرے۔

این ایچ اے آئی کے نمائندوں نے چیف لیبر کمشنر کی تنظیم کی اس پہل کو ایک اہم سہولت کار اقدام قرار دیتے ہوئے سراہا اور لیبر کوڈز پر مؤثر عمل درآمد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

چیف لیبر کمشنر(سینٹرل) کا دفتر مختلف متعلقہ وزارتوں، محکموں اور اداروں کے ساتھ اس نوعیت کے منظم اجلاسوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ لیبر کوڈز کے بارے میں بیداری کو فروغ دیا جا سکے، قانونی تقاضوں کی پابندی میں سہولت فراہم کی جا سکے، ڈیجیٹل نظام کے استعمال کو مضبوط بنایا جا سکے اور چاروں لیبر کوڈز پر آسان، مؤثر اور ہموار عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

********

ش ح-ا ع خ    ۔ر  ا

U-No- 8406


(ریلیز آئی ڈی: 2343023) وزیٹر کاؤنٹر : 6