گوا، 27 نومبر 2026
جب وہ اساتذہ، جنہوں نے کبھی نسلوں کی تربیت کی، خود کو بدلتے ہوئے کلاس رومز کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں تو کیا ہوتا ہے؟ یہی سوال فلم ساز سرفراز عالم کی پہلی ہندی فیچر فلم کبیر سر کا آخری لیسن کا مرکزی موضوع ہے، جس کا 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں عالمی پریمیئر ہوا۔
یہ فلم ایک ایسے تجربے سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے جس کا سامنا عالم کو بہار کے ضلع نالندہ میں واقع اپنے بچپن کے اسکول کے دورے کے دوران ہوا۔ انہوں نے دیکھا کہ روایتی بلیک بورڈز کی جگہ اسمارٹ بورڈز نے لے لی ہے، جبکہ تجربہ کار اساتذہ نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس مشاہدے نے انہیں تدریسی پیشے کی بدلتی ہوئی حقیقتوں اور آج اساتذہ کو درپیش چیلنجوں پر غور کرنے کے لیے آمادہ کیا۔

آج گوا میں پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران اس تجربے کو یاد کرتے ہوئے عالم نے کہا کہ ’’دو سال پہلے جب میں اپنے اسکول گیا تو میں نے دیکھا کہ اسمارٹ بورڈز کی وجہ سے بلیک بورڈ کی جگہ بدل جانے کے بعد میرے اساتذہ نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ ہونے میں مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔ اسی طرح اس فلم کا خیال میرے ذہن میں آیا۔‘‘
بہار کے ایک چھوٹے سے گاؤں کے اسکول سے اپنے سفر کا ذکر کرتے ہوئے، روس میں طب کی تعلیم حاصل کرنے اور اس کے بعد نیویارک فلم اکیڈمی میں فلم سازی کی تعلیم حاصل کرنے تک کے اپنے سفر کے بارے میں عالم نے اپنے اساتذہ کے دیرپا اثرات اور اپنی آبائی سرزمین سے آج بھی قائم تعلق پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جن اساتذہ نے کبھی ڈاکٹروں، انجینئروں اور آئی اے ایس افسران کی نسلوں کی رہنمائی کی، آج وہی اساتذہ ٹیکنالوجی سے متعلق رکاوٹوں اور تدریسی پیشے کے تئیں بدلتے ہوئے رویوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ فلم آج انہیں درپیش مسائل اور ان کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر مبنی ہے۔ یہ ملک بھر کے ناظرین کے دلوں سے جڑے گی۔‘‘
کارٹینا انٹرٹینمنٹ اینڈ اسپورٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعہ تیار کردہ 103.52 منٹ پر مشتمل اس ہندی فلم میں معروف اداکار ونے پاٹھک نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ عالم نے ونے پاٹھک کی اداکاری کو سراہا اور اساتذہ، طلبہ اور والدین کے درمیان بدلتے ہوئے تعلقات پر بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلبہ کے درمیان جو گہرا جذباتی رشتہ کبھی ان کے تعلقات کی پہچان ہوا کرتا تھا، وہ جدید نظامِ تعلیم میں آہستہ آہستہ ختم ہوتا جا رہا ہے۔ سوچ سمجھ کر بات چیت کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ دوسروں کے بارے میں برا کہنے کے بجائے غور سے مشاہدہ کریں اور دوسروں کی بات توجہ سے سنیں۔

بہار کے بارے میں بات کرتے ہوئے عالم نے ریاست میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں ہونے والی ترقی کو اجاگر کیا اور اس کی ترقی اور کامیابیوں کو وسیع تر ناظرین تک پہنچانے میں سنیما کے رول کو اہم قرار دیا۔
بلیک بورڈ سے اسمارٹ بورڈ تک کی تبدیلی سے آگے بڑھتے ہوئے، کبیر سر کا آخری لیسن احترام، بدلتی ہوئی نسلوں اور ایک ترقی پذیر معاشرے میں اساتذہ کے مقام سے متعلق کئی سوالات اٹھاتی ہے۔ ایک فلم ساز کے ذاتی تجربے پر مبنی اس کی کہانی ایک ایسے آفاقی رشتے کو چھوتی ہے جو جغرافیائی اور ثقافتی سرحدوں سے بالاتر ہے۔ یہ کہانی 57ویں آئی ایف ایف آئی کے موضوع ’’اسٹوریز وداؤٹ بارڈرز(سرحدوں سے ماورا کہانیاں)‘‘ سے ہم آہنگ ہے، جو 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقد ہو رہا ہے۔
پریس کانفرنس کی نظامت جناب وویک وشواس نے کی۔
مکمل پریس کانفرنس یہاں دیکھیں:
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
***********
ش ح۔ش ب ۔ م الف
U N-8360