57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

‘‘کسی کیلئے چھٹی، تو کسی کیلئے گھر’’: افی 2026 میں فلم ’اے فیو ڈیز اِن دی سن‘ کے ذریعہ دو  متضاد دنیاؤں کی جھلک پیش کی گئی


میکسیکو کے ریویرا مایا کے پس منظر میں بننے والی یہ سنسنی خیز فلم دکھاتی ہے کہ مراعات اور بقا کی جدوجہد کس طرح لوگوں کو ان کی توقع سے کہیں زیادہ قریب لا سکتی ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 NOV 2026 5:48PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2342154Views: 5

آج گوا میں منعقدہ ہندوستان کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (افی) کے دوران ایک پریس کانفرنس میں ہدایت کار ماؤرو مولر، مصنف خوسے ڈیوڈ فیگیروا گارسیا اور پروڈیوسر لیسلے ہولیرن نے اپنی دو زبانوں پر مشتمل فلم ’اے فیو ڈیز اِن دی سن‘ کے بارے میں گفتگو کی۔ یہ فلم ’سنیما آف دی ورلڈ‘ زمرے میں شامل ہے۔ اس سیشن میں فلم کی تیاری اور اس کے تخلیقی وژن کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔

میکسیکو کے ریویرا مایا میں ایک امیر یورپی جوڑا ترقیاتی منصوبے کے لیے مختص زمین سے مقامی آبادی کو بے دخل کرنے کے لیے غیر قانونی طریقے اختیار کرتا ہے۔ دوسری جانب، محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والا ایک میکسیکن خاندان ایک نوجوان کو جیل جانے سے بچانے کے لیے ایک بدعنوان پولیس افسر کے ساتھ خطرناک سمجھوتہ کرتا ہے۔ جب دونوں جوڑوں کے راستے آپس میں ملتے ہیں تو وہ ایک پرتشدد اغوا کے واقعے میں الجھ جاتے ہیں، جو تیزی سے قابو سے باہر ہو جاتا ہے۔ ایک دشوار گزار علاقے میں پھنس جانے کے بعد انہیں اپنے اعمال کے نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہ جاننے کا موقع ملتا ہے کہ مراعات یافتہ حیثیت اور بقا کی جدوجہد کس طرح لوگوں کو ان کی توقع سے کہیں زیادہ قریب لا سکتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-26at5.45.17PM_20261126175747_24fc8a.jpeg

یہ فلم پانچ ممالک، یعنی میکسیکو، ڈومینیکن ریپبلک، جرمنی، امریکہ اور سوئٹزرلینڈ کی مشترکہ بین الاقوامی پیش کش ہے اور اسے دو زبانوں، انگریزی اور ہسپانوی میں بنایا گیا ہے۔ اس فلم کی بنیاد، آسان خیال ہے: ایک شخص کے لیے جو چیز چھٹیاں گزارنے کا ذریعہ ہے، وہی کسی دوسرے شخص کا گھر اور روزمرہ کی زندگی ہے۔ جب یہ دونوں دنیائیں آپس میں ٹکراتی ہیں تو کیا ہوتا ہے؟

مولر نے بتایا کہ ان کی اپنی زندگی کے تجربات نے فلم کی کہانی اور اس کے نقطۂ نظر کو کس حد تک متاثر کیا ہے۔ ان کی پرورش سوئٹزرلینڈ میں ہوئی اور وہ میکسیکو اور امریکہ میں بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ دوسروں کے تئیں ہمدردی اور احساس پیدا کرنے کے لیے مختلف ممالک کا سفر کرنا اور وہاں رہنا ضروری ہے۔ اس سے یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ زندگی گزارنے کا کوئی ایک ہی طریقہ نہیں ہوتا اور نہ ہی کسی ایک طرزِ زندگی کو دوسرے سے بہتر یا کمتر قرار دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف زبانوں سے واقفیت اور سفر کرنے سے ہمیں یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ لوگ مختلف فیصلے کیوں کرتے ہیں اور ان کے اردگرد موجود نظام اور ادارے ان فیصلوں کے نتائج پر کس طرح اثر انداز ہوتے ہیں۔

مولر اس سے پہلے بھی افی میں شرکت کر چکے ہیں۔ ان کی سابقہ فلم ’دی جینیٹر‘ (ایل کونسرخے) کا عالمی پریمیئر نومبر 2025 میں گوا میں منعقدہ 56ویں افی میں ہوا تھا۔

گارسیا نے ثقافتوں اور سماجی طبقات کے درمیان تصادم کو فلم کا ایک اہم موضوع قرار دیا اور کہا کہ فلم میں یہ تضاد واضح طور پر سامنے آتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جب ایک جیسے فیصلے کیے جاتے ہیں تو امیر یورپی کرداروں کو ان کے نتائج کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، جبکہ محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والے جوڑے کی زندگی یکسر بدل جاتی ہے۔ ہولیرن نے بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ایک غریب شخص کی معمولی سی غلطی بھی اس کی پوری زندگی کو تہہ و بالا کر سکتی ہے۔ فلم میں یرغمال بنانے والے اور خود یرغمال بننے والے، سبھی کسی نہ کسی طرح اپنے حالات کے اسیر ہیں۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-26at5.45.43PM_20261126175833_eddc84.jpeg

گارسیا نے اس بات کا بھی جائزہ لیا کہ بدعنوانی معاشرے کے ہر طبقے میں کس طرح پھیلی ہوئی ہے۔ زمینی سطح پر یہ رشوت ستانی جیسی کھلی شکل میں نظر آتی ہے، جبکہ امیر جوڑے کی جانب سے ایک زمین سے مقامی آبادی کو غیر قانونی طور پر بے دخل کرنے کی کوشش بدعنوانی کی ایک اعلیٰ سطح کی مثال ہے، جس کا تعلق طاقت اور سیاست سے ہے اور جسے عموماً قبول کر لیا جاتا ہے۔ فلم میں بدعنوانی کی ان دونوں شکلوں کو یکساں اہمیت کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ مولر اور گارسیا نے دنیا میں بڑھتی ہوئی معاشی نابرابری اور لوگوں کی سماجی و معاشی حیثیت کی بنیاد پر ان کی درجہ بندی کے رجحان پر بھی گفتگو کی۔

مولر نے کہا کہ فلم کا مقصد یہ سمجھنے کے لیے لوگوں میں ہمدردی اور احساس پیدا کرنا ہے کہ وہ اخلاقی اعتبار سے مبہم حالات میں ایسے فیصلے کیوں کرتے ہیں۔ انہوں نے خالص ڈرامائی فلم کے مقابلے میں نئے اور وسیع تر ناظرین تک پہنچنے کے لیے سنسنی خیز فلم کی صنف کا انتخاب کیا۔ ان کے مطابق، اس کا نتیجہ ایک ایسی ’’کردار پر مبنی سنسنی خیز فلم‘‘ کی صورت میں سامنے آیا ہے، جو آرٹ ہاؤس اور تجارتی سنیما کے درمیان ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔

ہولیرن نے فلم کو کسی حد تک خواتین پر مرکوز قرار دیا۔ ان کے مطابق، دونوں خاندانوں کی خواتین کے فیصلے، ان فیصلوں کے طریقۂ کار اور ایک دوسرے سے ان کے تعلقات کہانی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ گارسیا نے مزید کہا کہ مختلف سماجی طبقات کے درمیان تصادم پر مبنی کہانیاں ہر شخص سے تعلق رکھتی ہیں، کیونکہ ہم سب خود کو معاشرے کے کسی نہ کسی طبقے کا حصہ سمجھتے ہیں۔ فلم میں دونوں جانب کے کرداروں کو ملتے جلتے مسائل اور کشمکش سے دوچار دکھا کر ناظرین کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ مراعات کے فرق کے باوجود دوسرے طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو الگ تھلگ کرنے کے بجائے ان کے حالات اور مجبوریوں کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/WhatsAppImage2026-11-26at5.45.32PM_20261126175814_ef08a9.jpeg

 

ہولیرن نے کہا کہ جب وہ کسی ایسی چیز کو دیکھتی ہیں جسے وہ جذباتی طور پر محسوس تو کرتی ہیں، لیکن اس کا حصہ نہیں ہوتیں اور اس کے بارے میں جاننے کی خواہش رکھتی ہیں، تو انہیں اس سے تحریک ملتی ہے۔ فلم میں بیرونی لوگوں کے کسی برادری میں داخل ہونے کے موضوع کی بنیاد بھی یہی ہے۔ انہوں نے اتنے زیادہ ممالک کے اشتراک سے ہونے والی فلم کی تیاری کے عمل سے متعلق تجربات بھی بیان کیے۔ ان کے مطابق، نئی اور ناواقف جگہوں کو دریافت کرنا، مصنفین اور ہدایت کاروں کے ساتھ مل کر کام کرنا اور دنیا بھر کے لوگوں سے ملنا، فلم سازی کے سب سے خوش گوار پہلو ہیں۔ انہوں نے ممبئی سے اپنی محبت کا ذکر کرتے ہوئے اس کے تنوع اور زندہ دلی کا موازنہ اپنے آبائی شہر نیویارک سے کیا۔

ہولیرن نے مشاہدہ کیا کہ دنیا بھر کے لوگ مساوات، شناخت اور نمائندگی کے خواہاں ہیں اور تنوع کو قبول کرنے کے لیے خود کو آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کیونکہ ہم انصاف اور منصفانہ طرزِ عمل کی راہ پر دوبارہ گامزن ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مانوس ماحول سے باہر نکل کر سفر کرنے، نئی زبان سننے اور نئی ثقافت کے ذائقے اور خوشبو سے آشنا ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگوں کو زیادہ سفر کرنے کا موقع ملے تو دنیا ایک بہتر جگہ بن سکتی ہے۔

اس نشست کی نظامت جناب  لابھ جین نے کی۔

افی لائیڈ یہاں پڑھیں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

 

***

ش ح۔ع ح ۔اش ق

UNO- 8319


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2342154
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026