کنڑ فلم ساز جناب پردیپ کمار شیٹی کے، جو ڈاکٹر پردیپ کینچنور کے نام سے بھی معروف ہیں، نے آج گوا میں پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے زیر اہتمام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی ڈاکیومنٹری فلم‘دی ہگ آف ایمپٹینس’کے بارے میں گفتگو کی، جسے بھارت کے57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول(آئی ایف ایف آئی) کے انڈین پینورما کے غیر فیچر فلموں کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ سال 2025 میں بنائی گئی یہ 20 منٹ کی فلم ایک ایسے شخص کی زندگی کے ذریعے خوشی، انسانی وقار اور ثابت قدمی کے موضوعات کو پیش کرتی ہے، جو اپنی جائیداد کھو دینے کے بعد ایک دور افتادہ جنگل میں اپنا ٹھکانہ بنا لیتا ہے۔
اس سال کے اوائل میں منعقدہ 19ویں ممبئی بین الاقوامی فلم فیسٹیول (ایم آئی ایف ایف) میں اس فلم نے فیپریسی کا ‘انٹرنیشنل کریٹکس پرائز حاصل کیا تھا۔

یہ فلم چندر شیکھر کی زندگی پر مبنی ہے، جن کی جائیداد کرناٹک کے سلیا کوآپریٹو بینک کے پاس رہن رکھی گئی تھی۔ قرض کی ادائیگی نہ کر پانے کے سبب 2003 میں بینک نے ان کی جائیداد پر قبضہ کر لیا۔ اس کارروائی کو چیلنج کرتے ہوئے انہوں نے قانونی لڑائی شروع کی، جو گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری ہے۔ اس دوران انہوں نے جنگل کے ایک دور افتادہ حصے کو اپنا مسکن بنا لیا اور وہاں سے جمع کی جانے والی بیلوں سے ٹوکریاں بنا کر فروخت کر کے اپنی گزر بسر کرنے لگے۔ ان کی کہانی میں انصاف، بے دخلی، تنہائی اور انسانی استقامت جیسے موضوعات یکجا ہوتے ہیں۔
فلم کا موضوع منتخب کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے جناب شیٹی نے کہا کہ انہیں قانونی تنازعے سے زیادہ چندر شیکھر کا فلسفۂ حیات اس ڈاکیومنٹری فلم کی تیاری کے لیے تحریک کا باعث بنا۔ گھنے جنگلات، شدید بارش اور جنگلی جانوروں کے درمیان رہنے کے باوجود، جہاں بجلی اور سڑک جیسی بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں ہیں، چندر شیکھر نے اپنی روزمرہ زندگی میں ایک ڈسپلن اور مقصدیت پیدا کر لی ہے۔ ہدایت کار نے اس بات پر غور و فکر کا اظہار کیا کہ خوشی کی مختلف صورتیں ہو سکتی ہیں اور اسے ہمیشہ مادی آسائشوں سے ہی تعبیر کرنا ضروری نہیں ہے۔
فلم سازی کے اپنے انداز کے بارے میں جناب شیٹی نے کہا کہ انہوں نے قانونی تنازعے کو روایتی انداز میں انٹرویوز کے ذریعے پیش کرنے کے بجائے اس طریقے سے گریز کیا۔ اس کے بجائے، ڈاکیومنٹری فلم میں چندر شیکھر کی زندگی کے ایک دن کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا گیا ہے، جس سے ان کی زندگی کی روزمرہ روانی اور جنگل کے ساتھ ان کا تعلق پردۂ سیمیں پر خودبخود نمایاں ہوتا ہے۔
فلم کے عنوان کے بارے میں جناب شیٹی نے کہا کہ انہوں نے یونانی فلم ساز یورگوس لینتھیموس کے کام اور انسانی وجود سے متعلق سوالات پر ان کی تخلیقات میں ہونے والی فلسفیانہ بحث سے تحریک حاصل کی۔ ان کے نزدیک یہ عنوان اس امکان کی عکاسی کرتا ہے کہ ایسی زندگی میں بھی معنی تلاش کیے جا سکتے ہیں جو دوسروں کو بظاہر خالی اور بے مقصد نظر آتی ہو۔

پیشے کے اعتبار سے استاد اور سنیما کے دلدادہ جناب شیٹی نے 2009 سے بطور ناظر آئی ایف ایف آئی میں اپنی شرکت اور اس میلے سے وابستگی کو یاد کیا۔ آزادانہ طور پر فلمیں بنانے کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ ڈاکیومنٹری فلم 4 لاکھ روپے کے بجٹ میں تیار کی گئی، جس کے لیے ان کے ایک قریبی دوست نے مالی تعاون فراہم کیا اور انہیں تخلیقی آزادی بھی دی۔ انہوں نے تخلیقی وژن میں ہم آہنگی پر زور دیا۔
علیشا مہروترا نے اس سیشن کی نظامت کی۔
یہاں مکمل پریس کانفرنس دیکھیں:
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
*****
ش ح۔م ع۔ف ر
U- 8305