پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 NOV 2026 4:10PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج یومِ آئین کے موقع پر نئی دلی کے وگیان بھون میں آئینِ ہند کے تازہ ترین نسخوں کا تمام 22 درج فہرست زبانوں میں اجرا کیا۔
اس موقع کو ہندوستان کے جمہوری سفر کا ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ تمام درج فہرست زبانوں میں آئین کی دستیابی ہندوستان کے لسانی تنوع اور جمہوری شمولیت کا جشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی مادری زبان میں آئین تک رسائی سے حکمرانی کا نظام شہریوں کے مزید قریب آئے گا اور وہ اپنے آئینی حقوق، فرائض اور اقدار کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔
مسودہ ساز کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور دستور ساز اسمبلی کے دیگر ارکان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ آئین محض ایک قانونی ڈھانچہ نہیں بلکہ ملک کی زندہ روح ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف جناب ارجن رام میگھوال اور ان کی ٹیم کی ان کوششوں کو سراہا، جن کے ذریعے آئین کو عوام کے مزید قریب لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں ہندوستان کے لسانی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کے عزم کی عکاس ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کی زبانوں اور علمی روایات کے تحفظ اور فروغ کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’گیان بھارتَم‘ اور ’کاشی تمل سنگمم‘ جیسی پہل ہندوستان کے تہذیبی ورثے کے تحفظ اور مختلف خطوں کے درمیان ثقافتی رشتوں کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاس ہیں۔
جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ ہندوستان کی اصل طاقت اس کے تنوع میں پوشیدہ ہے اور زبانیں محض اظہار و ابلاغ کا ذریعہ نہیں بلکہ ثقافت، روایات اور شناخت کی امین بھی ہیں۔ تمام ہندوستانی زبانوں کے تئیں باہمی احترام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی مادری زبان سے خصوصی لگاؤ ہوتا ہے، لیکن دوسروں کی زبانوں اور مادری زبانوں کا احترام کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی مادری زبانوں کا جشن منائیں اور اس بھرپور لسانی تنوع کو اپنائیں، جو ہندوستان کو ایک ہم آہنگ ملک بناتا ہے۔
مہاکوی سبرامنیا بھارتی کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہندوستان میں متعدد زبانیں بولی جاتی ہیں، لیکن ملک کے خیالات، عزائم اور اقدامات قوم کی خدمت کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام 22 درج فہرست زبانوں میں آئین کا اجرا ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے اور اس سے 2047 تک وِکست بھارت کے سفر کو مزید تقویت ملے گی۔
نائب صدر جمہوریہ نے سبھی سے اپیل کی کہ وہ ’نیشن فرسٹ – راشٹر پرَتھم‘ کے رہنما اصول کے تحت کام کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مضبوط اور متحد ملک ہی اپنی تمام زبانوں کے تحفظ اور ان کی ترقی و فروغ کو یقینی بنا سکتا ہے۔
اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے قانون و انصاف جناب ارجن رام میگھوال، محکمہ قانون سازی کے سکریٹری ڈاکٹر راجیو منی اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ا ع خ۔ ن م۔
U-8301