خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

جناب شیوراج سنگھ چوہان اور محترمہ اناپورنا دیوی نے ’نئی چیتنا 5.0‘ کا آغاز کیا


خواتین کے تحفظ، صنفی مساوات اور بااختیار بنانے کے لیے 15 وزارتیں اور محکمے مشترکہ طور پر ساتھ آئے

گاوؤں کو تشدد سے پاک بنانے کے لیے تاریخی مفاہمت کے اقرار نامے پر دستخط کیے گئے

پچیس نومبر سے 23 دسمبر 2026 تک تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ایک ماہ طویل ملک گیر مہم چلائی جائے گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 6:16PM by PIB Delhi

 دیہی ترقی اور زراعت و کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان اور  خواتین و بچوں کی  ترقی کے مرکزی وزیرمحترمہ اناپورنا دیوی نے آج نئی دہلی کے پُوسا میں واقع این اے ایس سی کمپلیکس میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق قومی مہم ’نئی چیتنا: پہل بدلاؤ کی‘ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز کیا۔ اس موقع پر دیہی ترقی کے محکمے کے سکریٹری جناب روہت کنسل، خواتین و بچوں کی ترقی کی وزارت کے سکریٹری جناب انل ملک اور  انصاف کے محکمے کےسکریٹری جناب نیرج ورما کے علاوہ شریک وزارتوں کے سینئر افسران، ریاستی حکومتوں کے نمائندے، ترقیاتی شراکت دار اور ملک بھر سے خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔

اس تقریب کا اہم ترین حصہ تشدد سے پاک گاؤں کے اقدام (وی ایف وی آئی) سے متعلق چار فریقی مفاہمت کی تاریخی مفاہمت نامے پر دستخط کیا جانا تھا۔ مفاہمت کے اس اقرارنامے پر دیہی ترقی کے محکمے، خواتین و بچوں کی ترقی کی وزارت، انصاف کے محکمےاور قومی قانونی خدمات اتھارٹی (این اے ایل ایس اے) نے دستخط کیے۔ اس کے تحت دین دیال انتودے یوجنا-قومی دیہی روزگار مشن (ڈی اے وائی-این آر ایل ایم) کے صنفی وسائل مراکز کو ون اسٹاپ مراکز، خواتین کی ہیلپ لائن 181، دِشا 2.0 اور قانونی امداد کی خدمات سے مربوط کیا گیا ہے، تاکہ تشدد کی روک تھام اور متاثرہ خواتین کے تحفظ سے لے کر قانونی مدد اور بازآبادکاری تک معاونت کا ایک مربوط نظام قائم کیا جا سکے۔ اس اقدام کو 9 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آزمائشی طور پر نافذ کیا جائے گا۔ اس کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تشدد کا سامنا کرنے والی کسی بھی خاتون کو مدد حاصل کرنے کے لیے تنہا ہی راستہ تلاش نہ کرنا پڑے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دیہی ترقی کے مرکزی وزیرجناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا، ان کے وقار اور عزت و احترام کو یقینی بنانا، ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کا بنیادی حصہ ہے۔ وزیر موصوف  نے دیہی معیشت میں تقریباً 3.75 کروڑ لکھ پتی دیدیوں کے تعاون کو بھی سراہا۔ جناب چوہان نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی خودمختاری کے ساتھ خواتین کے وقار، تحفظ اور مساوی مواقع کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مردانہ بالادستی پر مبنی سوچ کو بدلنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اپیل کی۔ مفاہمت کے اس اقرارنامے کو ایک ایسا لائحہ عمل قرار دیتے ہوئے، جو تحفظ، انصاف، بازآبادکاری اور روزگار کی معاونت کو ایک ساتھ مربوط کرتا ہے، وزیر موصوف نے ریاستوں، اپنی مدد آپ گروپوں (ایس ایچ جیز)، آنگن واڑی نیٹ ورکس اور مقامی برادریوں پر اس بات کے لیے زور دیا کہ وہ اس مہم کو نچلی سطح پر مسلسل جاری رہنے والی عملی کوششوں میں تبدیل کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے منشیات سے پاک اور تشدد سے پاک گاؤں کے قیام کے لیے ’نشہ مکت بھارت ابھیان‘ کو بھی اس مہم سے مربوط کرنے کی اپیل کی۔

محترمہ اناپورنا دیوی نے اس مہم کو ہر گھر تک پہنچانے میں سماجی اداروں کے رول کو اجاگر کیا۔ محترمہ اناپورنا دیوی نے امدادی خدمات کے وسیع تر استعمال پر زور دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خواتین کی ہیلپ لائن 181 اور ہنگامی امدادی نمبر 112 کو یاد رکھیں، اپنے پاس محفوظ رکھیں اور دوسروں کے ساتھ بھی اسے شیئر کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے دوچار خاتون کو بروقت مدد سے محروم نہ رہنا پڑے۔

جناب روہت کنسل نے ’نئی چیتنا‘ کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح یہ مہم بیداری پیدا کرنے کی ایک کوشش سے آگے بڑھ کر ملک گیر عوامی تحریک بن گئی ہے، جس میں اب تک 5.3 کروڑ افراد شامل ہوچکے ہیں  اور تقریباً 7,000 صنفی وسائل مراکز بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا پانچواں ایڈیشن بیداری اور عوامی اعتماد کو مؤثر معاونت، قانونی مدد اور بروقت انصاف کی فراہمی میں تبدیل کرے گا۔

جناب انل ملک نے ہیلپ لائنز، قانونی خدمات اور امدادی اداروں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جس کے ساتھ ساتھ بروقت کارروائی اور مسلسل پیروی کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔ جناب ملک نے 16 روزہ عملی منصوبے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانا کنبوں ،برادریوں اور اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

جناب نیرج ورما نے موجودہ قانونی تحفظات کو ایسی خدمات میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جن تک خواتین، بالخصوص دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین، باآسانی رسائی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے قانونی بیداری، متعلقہ اداروں تک رسائی اور مفت قانونی امداد کو مضبوط بنانے میں قومی قانونی خدمات سے متعلق اتھارٹی (این اے ایل ایس اے)، ٹیلی لا، نیائے بندھو، نیم قانونی رضاکاروں اور صنفی وسائل مراکز کے رول  کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر بین وزارتی مشترکہ ایڈوائزری بھی جاری کی گئی، جس کے ذریعے صنفی امتیاز اور تشدد سے نمٹنے اور خواتین کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے تمام محکموں کی مشترکہ کوششوں کے طریقۂ کار کو مزید وسعت دی گئی ہے۔ تعاون کرنے والی وزارتوں اور محکموں میں دیہی ترقی، خواتین و بچوں کی ترقی، اسکولی تعلیم اور خواندگی، امور داخلہ، پنچایتی راج، زراعت اور کسانوں کی بہبود، سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات، نوجوانوں کے اُمور اور کھیل کود، صحت اور خاندانی بہبود، چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانہ درجے کی  صنعتوں، اطلاعات و نشریات، انصاف، محنت اور روزگار، محصولات اور سڑک اورنقل و حمل و شاہراہوں کی وزارتیں شامل ہیں۔

دین دیال انتودےیوجنا-قومی دیہی روزگار مشن (ڈی اے وائی-این آر ایل ایم) کی قیادت میں مذکورہ مہم 23 دسمبر 2026 تک تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں جاری رہے گی۔ اس مہم کے چار بنیادی موضوعات: شناخت، اثاثہ سازی، نقل و حرکت اور بلا معاوضہ دیکھ بھال کے کام کی منصفانہ تقسیم ہیں۔ اپنی مدد آپ گروپوں اور سماجی اداروں کے ذریعے بیداری مہمات، ریلیوں، عوامی اجتماعات، نکڑ ناٹکوں اور مردوں و نوجوانوں کے ساتھ مکالموں کے ذریعے دیہی ہندوستان تک رسائی حاصل کی جائے گی۔

اس تقریب میں ’نئی چیتنا 4.0‘ کی جائزہ رپورٹ اور ’نئی چیتنا‘ ترانہ بھی جاری کیا گیا۔ اس کے علاوہ، صنفی مساوات کے فروغ کے لیے سرگرم افراد اور ون اسٹاپ مراکز کے منتظمین نے زمینی سطح پر اپنے تجربات بھی بیان کیے۔ اس میں اپنی مدد آپ گروپوں سے وابستہ خواتین، آنگن واڑی کارکنان، ریاستی دیہی روزگار مشنوں اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور صنفی مساوات کے لیے ایک حقیقی عوامی تحریک کے طور پر ’نئی چیتنا‘ کے عزم کا اعادہ کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح -ش م-ع ن)

U. No. 8280


(ریلیز آئی ڈی: 2341802) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Assamese