پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 NOV 2026 7:54PM by PIB Delhi
تعلیم کے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے آج وزارت تعلیم کی 2026 کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تعلیم کے وزیر مملکت جینت چودھری، محکمہ اعلیٰ تعلیم کی سکریٹری محترمہ دیپتی گور مکھرجی، محکمہ اسکولی تعلیم اور خواندگی کے سکریٹری ٹی کے انیل کمار اور وزارت کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرہلاد جوشی نے کہا کہ ہندوستانی علمی نظام کا عالمی سطح پر اثر و رسوخ کی ایک طویل تاریخ رہی ہے۔ وزارت کا مقصد اس نظام کے عالمی دائرۂ اثر کو مزید وسعت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت اعلیٰ تعلیمی اداروں (ایچ ای آئیز) کے بیرون ملک کیمپس قائم کرنے اور غیر ملکی یونیورسٹیوں کے ہندوستان میں کیمپس کھولنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر نے بتایا کہ مشترکہ تعلیمی اور تحقیقی تعاون کے علاوہ اس وقت ملک میں تقریباً 21 غیر ملکی اعلیٰ تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک سی بی ایس ای اسکولوں کی بڑھتی ہوئی مانگ ہندوستانی تعلیمی پروگراموں کی ساکھ اور عالمی سطح پر ان کے دائرۂ کار کو وسعت دینے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔
ارکان پارلیمنٹ کو ہندوستانی تعلیم کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے سلسلے میں وزارت کے دونوں محکموں کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم نے بین الاقوامی سطح پر تعلیم کے فروغ کے لیے اختیار کی گئی چار حکمت عملیوں کی تفصیلات پیش کیں۔ ان میں تعلیمی اور تحقیقی اشتراک، بین الاقوامی طلبہ کو ہندوستان میں تعلیم حاصل کرنے کی جانب راغب کرنا، غیر ملکی اعلیٰ تعلیمی اداروں (ایف ایچ ای آئیز) کو ہندوستان میں اپنے برانچ کیمپس قائم کرنے کی اجازت دینا اور ہندوستانی اعلیٰ تعلیمی اداروں کو بیرون ملک کیمپس قائم کرنے کی اجازت دینا شامل ہیں۔ یو جی سی کے ضوابط کے تحت برطانیہ، امریکہ، آسٹریلیا اور اٹلی سمیت مختلف ممالک کی یونیورسٹیوں کو 17 خطوطِ ارادہ جاری کیے گئے ہیں۔ ارکان کو بھارت انوویٹس، اسپارک (تعلیمی اور تحقیقی اشتراک کے فروغ کی اسکیم)، گیان (تعلیمی نیٹ ورکس کا عالمی اقدام)، ڈاسا (بیرون ملک طلبہ کے براہ راست داخلے) اور نئے سرے سے تیار کیے گئے ’اسٹڈی اِن انڈیا‘ (ایس آئی آئی) پورٹل سمیت دیگر اقدامات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
محکمہ اسکولی تعلیم اور خواندگی نے ارکان کو بتایا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور وکست بھارت 2047 کا وژن ہندوستانی تعلیمی نظام میں تبدیلی کے عمل کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ نصاب کو عالمی معیارات سے ہم آہنگ کرنا، کثیر لسانی تعلیم، طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے کے پروگرام اور تعلیمی مساوات و معیار میں ہم آہنگی کے لیے پراکھ قومی جائزہ مرکز کا قیام، تعلیم کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے والے اہم عوامل میں شامل ہیں۔ اس وقت 26 ممالک میں 268 سی بی ایس ای اسکول کام کر رہے ہیں اور دبئی میں ایک علاقائی دفتر بھی قائم کیا گیا ہے۔ یکسانیت کو یقینی بنانے کے لیے دنیا بھر میں سی بی ایس ای سے وابستہ اسکولوں میں ایک معیاری جائزہ فریم ورک بھی نافذ کیا گیا ہے۔
ارکان پارلیمنٹ نے تعلیم کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے سلسلے میں محکموں کی کوششوں کو سراہا اور پیشہ ورانہ تعلیم سمیت مختلف امور اور بیرون ملک ہندوستانی تعلیمی اداروں کے نیٹ ورک کو وسعت دینے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :8262 )