نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ نے ناگپور میں خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق ‘سویم سدھا قومی کانفرنس 2026’ کا افتتاح کیا


خواتین اور ان کی قیادت کے احترام کی جڑیں ہندوستانی تہذیب میں گہرائی سے پیوست ہیں: نائب صدر جمہوریہ

خواتین کو بااختیار بنانا حکومت، یونیورسٹی اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے: نائب صدر جمہوریہ

خواتین کو بااختیار بنانے کے عمل کو تعلیم سے آگے بڑھا کر قیادت تک لے جانا ضروری ہے: نائب صدر جمہوریہ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 NOV 2026 3:37PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج مہاراشٹر کے ناگپور میں راشٹرسنت تکڈوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کے سویم سدھا مرکز کے زیر اہتمام خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق‘‘وجیا – تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کا سفر’’ کے موضوع پر منعقدہ ‘سویم سدھا قومی کانفرنس 2026’ کا افتتاح کیا۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے سویم سدھا پروگرام کی ابتدا کا ذکر کیا، جس کا آغاز انہوں نے مہاراشٹر کے گورنر کی حیثیت سے اپنی مدت کار میں کیا تھا۔ انہوں نے موجودہ گورنر جناب جشنو دیو ورما کی قیادت میں اس پروگرام کے مسلسل فروغ کو سراہا اور کہا کہ مہاراشٹر کی مختلف یونیورسٹیاں بھی اس کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیوں کو محض تعلیمی اسناد فراہم کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ ہنرمندی، معاشی خودمختاری، خود اعتمادی اور قیادت کو فروغ دے کر خواتین کو بااختیار بنانے میں سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔

اعلیٰ تعلیم میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے جلسہ تقسمِ اسناد میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں میں طالبات کی تعداد مسلسل طلبہ سے زیادہ ہوتی جا رہی ہے۔اعلیٰ تعلیم پر ایک کل ہند سروے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران اعلیٰ تعلیم میں خواتین کے مجموعی شرحِ اندراج میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت خواتین کے لیے بڑھتے ہوئے مواقع اور ملک میں خواتین کی ترقی سے خواتین کی قیادت میں ترقی کی جانب منتقلی کی عکاس ہے۔

آئندہ یومِ دستور کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ہندوستان کے آئین کی تشکیل میں دستور ساز اسمبلی کی 15 خواتین ارکان کے تعاون کو یاد کیا۔ انہوں نے جمہوری اداروں میں خواتین کی نمائندگی کو آگے بڑھانے میں ‘ناری شکتی وندن ادھینیم’کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

ہندوستان کی ثقافتی اقدار پر زور دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ خواتین اور ان کی قیادت کے احترام کی جڑیں ہندوستانی تہذیب میں گہرائی سے پیوست ہیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ نوجوان خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں قیادت کے کردار کے لیے تیار کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کے ذریعے خواتین کے لیے تحقیق، صنعت کاری، انتظامیہ، عوامی زندگی اور ادارہ جاتی فیصلہ سازی میں حصہ لینے کی راہیں ہموار ہونی چاہئیں اور اس سلسلے میں دیہی، دور دراز اور معاشی طور پر پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔

نائب صدر جمہوریہ نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومتوں، یونیورسٹیوں، صنعت، سول سوسائٹی اور خاندانوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اعلیٰ تعلیم میں خواتین کے لیے مجوزہ ’مہاراشٹر-وجیا فریم ورک‘ ادارہ جاتی سطح پر مسلسل اقدامات کی بنیاد فراہم کرے گا۔

سویم سدھا کو قومی سطح پر متعارف کرانے کے لیے یونیورسٹی کو مبارک باد دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے امید ظاہر کی کہ وجیا کانفرنس بامعنی مباحثوں، اختراعی حل اور عملی سفارشات کی راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سویم سدھا کی کامیابی کا حقیقی اظہار ان خواتین کے اعتماد، خودمختاری اور قیادت میں نظر آئے گا، جن تک یہ پروگرام پہنچے گا۔

اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے سویم سدھا کے لوگو کی رونمائی کی اور دو مجموعوں –ہنڈریڈ وائسیز آف ینگ وومن اور بیسٹ پریکٹسیز ان ہائر ایجوکیشن کا اجرا کیا۔ انہوں نے اس پہل میں ان کی خدمات کے اعتراف میں سویم سدھا کی رہنماؤں کو اعزاز سے نوازا اور شرکاء کے ساتھ ‘منشیات کو نہ کہیں’  کا عہد بھی لیا۔

اس تقریب میں مہاراشٹر کے گورنر جناب جِشنو دیو ورما، راشٹرسنت تکڈوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر منالی کشیرساگر، مہاراشٹر کے گورنر کے سکریٹری ڈاکٹر پرشانت نارناورے، آئی اے ایس، یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر اکھلیش پیشوے، قومی کمیشن برائے خواتین اور مہاراشٹر ریاستی کمیشن برائے خواتین کے نمائندوں کے علاوہ ماہرینِ تعلیم، تدریسی عملے کے ارکان، افسران اور طلبہ نے شرکت کی۔

*****

 ( ش ح ۔ م ش۔اش ق)

U. No. 8227


(ریلیز آئی ڈی: 2341365) وزیٹر کاؤنٹر : 5