25 نومبر 2026، گوا
مہاراشٹر کے ساحلی علاقے کے پس منظر میں بنائی گئی مراٹھی مزاحیہ ڈرامہ فلم باپیا میں ذاتی انتخاب اور معاشرے کے بدلتے ہوئے نظریات کے ذریعے صنفی شناخت، خاندانی رشتوں اور سماجی قبولیت جیسے موضوعات کو ایک دل چسپ اور حقیقت سے قریب تر کہانی کے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس فلم کو ہندوستان کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے انڈین پینورما کے مرکزی دھارے کے سنیما زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ فلم باپیا کے ہدایت کار و پروڈیوسر سمیر تیواری اور اداکار گریش کلکرنی نے فلم فیسٹیول کے موقع پر پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے زیر اہتمام منعقدہ پریس کانفرنس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کی۔
ابتدائی کلمات میں سمیر تیواری نے اس بات پر زور دیا کہ اس فلم کا مقصد معاشرے کو نصیحت کرنا یا کوئی سبق دینا نہیں ہے، بلکہ یہ محض قبولیت، باہمی افہام و تفہیم اور رشتوں کی ایک کہانی بیان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’یہ صرف ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جو اپنی مرضی کے مطابق اپنی شناخت اختیار کرنا چاہتا ہے اور اس کے آس پاس کے لوگ اسے اسی طرح قبول کرتے ہیں، جیسا کہ وہ ہے۔‘‘
مراٹھی زبان میں فلم بنانے کے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے تیواری نے کہا کہ وہ کسی اداکار کو ذہن میں رکھ کر فلم بنانے کے بجائے ایک مستند کہانی پر مبنی ایسی فلم بنانا چاہتے تھے جو حقیقت سے قریب تر ہو۔
فلم کی تیاری کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے تیواری نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے مالی معاونت حاصل کرنا مشکل تھا، کیونکہ کہانی پسند آنے کے باوجود ممکنہ سرمایہ کار اس کے موضوع کو خطرے سے بھرا ہوا سمجھتے تھے۔ مرکزی کردار باپیا کے لیے اداکارہ کا انتخاب بھی ایک بڑا چیلنج تھا، کیونکہ کئی اداکارائیں ایسے کردار کو نبھانے سے ہچکچا رہی تھیں جس کی صنفی شناخت ان کی اپنی شناخت سے مختلف تھی۔ انہوں نے اداکارہ راج شری دیش پانڈے کو اس کردار کو بے خوفی سے قبول کرنے اور اسے ایک مشکل تخلیقی چیلنج کے طور پر نبھانے کا سہرا دیا۔
صنفی تصورات میں تبدیلی پر اظہار خیال کرتے ہوئے تیواری نے کہا کہ معاشرہ آہستہ آہستہ مرد اور عورت کے درمیان روایتی امتیازات کو مٹانے کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لباس، طرزِ عمل اور شناخت کے معاملے میں کسی فرد کے ذاتی انتخاب پر اسے تنقید یا امتیاز کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ’’ہر مرد کے اندر ایک عورت اور ہر عورت کے اندر ایک مرد موجود ہوتا ہے۔ کوئی معاشرہ جتنی تیزی سے ترقی کرتا ہے، صنفی امتیازات کی لکیریں اتنی ہی تیزی سے دھندلی ہوتی جاتی ہیں۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سماج میں رائج فرسودہ اور سخت گیر تصورات سے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اداکار گریش کلکرنی نے ہر فرد کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنے اور کسی بھی قسم کے تعصب سے بالاتر ہوکر اسے قبول کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ قدرت کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ درختوں اور پودوں کی مختلف اقسام کو ان کی ظاہری شکل و صورت کی بنیاد پر پرکھے بغیر قبول کرتے ہیں اور انسانی رشتوں میں بھی یہی جذبہ کارفرما ہونا چاہیے۔
اس بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہ فن معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، کلکرنی نے کہا کہ سنیما اور فنون کی دیگر اصناف نہ صرف عصر حاضر کی حقیقتوں کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ سماجی ترقی کی راہ بھی دکھاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلم باپیا ثقافتی جڑوں سے اپنا رشتہ برقرار رکھتے ہوئے بدلتے وقت کے تقاضوں کے مطابق روایات کی نئی تشریح کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ’’ہم اپنی روایات کو فراموش نہیں کر رہے ہیں، بلکہ ان کی نئے انداز میں تشریح کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھا رہے ہیں۔ اپنی جڑوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ہم مستقبل کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔ اور اسی عمل کے نتیجے میں ہمارے اندر محبت کا ایک بے پناہ جذبہ پیدا ہوتا ہے۔‘‘
کلکرنی نے مزید کہا کہ قبولیت اور محبت اس فلم کی بنیادی روح ہیں۔ ان کے مطابق زبان، لباس اور شناخت کے اختلافات کو قبول کرنا ہندوستان کے کثرت میں وحدت کی منفرد طاقت کی عکاسی کرتا ہے۔ ہندوستانی فلسفیانہ روایات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبولیت اور تعصب سے بالاتر ہوکر حال کو دیکھنے کی صلاحیت ہندوستانی فکر میں گہری جڑیں رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں نے ذاتی طور پر اپنے اندر اس سفر کا تجربہ کیا ہے اور اسی طرح ہم اسے پردۂ سیمیں پر پیش کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔‘‘
ثقافتی اور فکری تبادلے کے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر آئی ایف ایف آئی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کلکرنی نے کہا کہ یہ فیسٹیول ہندوستان اور بیرون ملک کے فلم سازوں اور ناظرین کو ایک ساتھ لاتا ہے، جس سے سنیما کے مختلف زاویہ ہائے نظر سے واقفیت حاصل کرنے اور بامعنی تبادلۂ خیال کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
پریس کانفرنس کی نظامت محترمہ سپریا گھائتادک نے کی۔
مکمل پریس کانفرنس یہاں دیکھیں:
آئی ایف ایف آئی لوئڈ یہاں پڑھیں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
***
ش ح۔ م م ع ۔ا ک م
8217:U-No