پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 NOV 2026 8:16PM by PIB Delhi
صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (24 نومبر 2026)ریاست اوڈیشہ کے شہر کٹک میں منعقدہ بالی جاترا میلے 2026 میں شرکت کرکےاس تقریب کو رونق بخشی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ بالی جاترا ایک منفرد تہوار ہے، جو ریاست اوڈیشہ کی شاندار اور تابناک تاریخ کی یاد تازہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندری تجارت کی تاریخ وقت کے ساتھ ایک روایت میں ڈھل گئی اور پھر یہی روایت ایک تہوار کی شکل اختیار کر گئی۔ یہ تہوار ریاست اوڈیشہ کے عوام کی تخلیقی صلاحیتوں اور ان کے تاریخی شعور، دونوں کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ اوڈیشہ کے تاجر تجارت اور کاروبار کے سلسلے میں قدیم زمانے میں دور دراز ممالک کا سفر کیا کرتے تھے۔ انہوں نے اپنی تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے ملک کے لیے کئی اہم کارنامے انجام دیے۔ ان تاجروں نے سمندری سفر کے نئے راستے دریافت کیے، بین الاقوامی تعلقات کو مستحکم بنایا اور مختلف ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی بنے۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ اوڈیشہ اور بالی کے درمیان تاریخی تعلقات کو جدید دور میں تجارتی اور ثقافتی تعاون کی شکل دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ انڈونیشیا کے ثقافتی فن کاروں کے گروپ بھی اس سال بالی جاترا میلے میں شرکت کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بالی میں دو روزہ ’اوڈیشہ فیسٹیول‘ منایا جا رہا ہے، جس میں اوڈیشہ کے روایتی رقص و موسیقی، دست کاری، ہینڈلوم مصنوعات اور روایتی پکوانوں کو پیش کیا جا رہا ہے۔صدرِ جمہوریہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس طرح کے ثقافتی تبادلوں سے بھارت اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ماضی کی عظمتوں پر فخر کرنا اور اپنے تہواروں کو جوش و خروش سے منانا یقیناً اچھی بات ہے، لیکن ہمیں ماضی سے تحریک حاصل کرکے حال کو سنوارنے اور مستقبل کو روشن بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ بالخصوص نوجوان نسل کو اپنے تاجروں کی جرأت، حوصلے اور صلاحیتوں سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ’وِکست بھارت‘ (ترقی یافتہ ہندوستان) کی تعمیر ہمارا قومی مقصد ہے۔ عالمی سطح پر بھارت کا وقار اور مقام مزید بلند ہوا ہے۔ دنیا کے کئی حصوں میں بے چینی اور بدامنی کے ساتھ عالمی معیشت میں عدم استحکام کے باوجود بھارتی معیشت مسلسل مضبوط بنی ہوئی ہے۔ یہ ’وِکست بھارت‘ کے ہدف کی جانب ہمارے سفر کا ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے۔
صدرِ جمہوریہ نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ اوڈیشہ تیزی سے ایک صنعتی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے اور وہاں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ریاست کے صنعت کار، دست کار، بنکر اور نوجوان اپنی مہارتوں، محنت اور کاروباری جذبے کے ذریعے اوڈیشہ کی معیشت کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ ان کا بڑھتا ہوا کردار ’وِکست اوڈیشہ‘ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی سمت ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح – م م -ع ن)
U. No. 8209