57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

 کہانی سے پہلے ’’احساس‘‘: آئی ایف ایف آئی 2026 میں ’ایکوئی‘ اور ’دی ہنٹریس‘ نے سرحدوں سے ماورا انسانی جذبات کو پیش کیا


ہدایت کاروں تیاگو گیڈیز اور سوزین اینڈریوز کوریہ کی انسانی رشتوں، جذبات اور انصاف کی تلاش پر مبنی فلموں کے حوالے سے گفتگو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 7:32PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2340654Views: 5

گوا میں منعقدہ بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) میں پیش کی جانے والی دو بالکل مختلف فلموں میں ایک بات مشترک ہے کہ دونوں ناظرین کو کہانی سمجھنے سے پہلے اس کے جذبات کو محسوس کرنے کا موقع دیتی ہیں اور انسانی جذبات کو داستان گوئی کا مرکز بناتی ہیں۔ فلم ساز تیاگو گیڈیز اور سوزین اینڈریوز کوریہ نے آج فلمی میلے کے دوران پریس سے خطاب کرتے ہوئے اپنی اپنی فلموں ’ایکوئی‘ اور ’دی ہنٹریس (لا کازادورا)‘ کے بارے میں تفصیلات اور خیالات کا اظہار کیا۔

تیاگو گیڈیز کی ہدایت کاری میں بنی ’ایکوئی‘ ایک ڈسٹوپیائی ڈراما ہے، جو جے ایم کوئٹزی کی ’جیسس ٹرائیلوجی‘ سے ماخوذ ہے اور بین الاقوامی مقابلے کے زمرے میں دکھائی جا رہی ہے۔ میکسیکن نژاد امریکی فلم ساز سوزین اینڈریوز کوریہ کی پہلی فیچر فلم ’دی ہنٹریس (لا کازادورا)‘ ہسپانوی زبان میں بنائی گئی ڈراما تھرلر ہے، جو میکسیکو کے شہر سیوداد خواریز میں خواتین کے خلاف حقیقی زندگی میں ہونے والے تشدد سے متاثر ہے۔

 

’ایکوئی‘: انتخاب کی بنیاد پر تشکیل پانے والا ایک خاندان

2026 میں بننے والی فلم ’ایکوئی‘ کا پریمیئر 18 مئی 2026 کو کانز فلم فیسٹیول میں ہوا تھا۔ اب اسے گوا میں 20 سے 28 نومبر تک منعقد ہونے والے آئی ایف ایف آئی 2026 کے بین الاقوامی مقابلے کے زمرے میں دکھایا جا رہا ہے۔ کوئٹزی کی ’جیسس ٹرائیلوجی‘ کو ایک ہی فلم کی شکل میں ڈھالا گیا ہے۔ اس کی کہانی ایک ایسے معاشرے میں پیش آتی ہے جہاں لوگوں کی زندگی کا آغاز ماضی کی یادداشت کے بغیر ہوتا ہے، یادیں مٹا دی جاتی ہیں اور سب کو ایک ہی طرزِ زندگی اپنانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

فلم کی کہانی سیمون کے گرد گھومتی ہے، جو نئی دنیا کے سفر کے دوران ملنے والے ڈیوڈ نامی ایک کم عمر لڑکے کو اپنے ساتھ رکھ لیتا ہے۔ سیمون کا خیال ہے کہ لڑکے کو ایک ماں کی ضرورت ہے، چنانچہ وہ انیس سے رابطہ کرتا ہے، جو اس کے لیے رضامند ہو جاتی ہے۔ اس طرح یہ تینوں رفتہ رفتہ ایک غیر روایتی خاندان کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ تاہم، ایک ایسا معاشرہ جہاں ہر شخص سے مقررہ اصولوں کی پیروی کی توقع کی جاتی ہے، وہاں ڈیوڈ کو قبول کرنا آسان نہیں، کیونکہ وہ خود کو ان اصولوں کے مطابق ڈھالنے سے انکار کرتا ہے۔ اپنے تخیل اور آزادی کی خواہش کے ذریعے وہ اپنے اردگرد کی دنیا کو چیلنج کرتا ہے۔ سیمون اور انیس کو احساس ہوتا ہے کہ بچے کی پرورش ایک غیر یقینی سفر ہے، جس میں کئی سوالات تو ہوتے ہیں لیکن ان کے آسان جواب نہیں ملتے۔

 

ہدایت کار تیاگو گیڈیز نے کہا کہ اس فلم کا مقصد انسانی وجود کے مفہوم کو سمجھنے کی کوشش کرنا ہے اور اس میں ایسے فلسفیانہ سوالات اٹھائے گئے ہیں جن پر ان کے خیال میں ہر شخص کو غور کرنا چاہیے۔ کوئٹزی کی کتابوں کو فلمی شکل دینے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ انہیں پڑھتے ہوئے ان کی توجہ کہانی کے واقعات کے بجائے ان سے پیدا ہونے والے احساسات پر زیادہ مرکوز رہی۔ ان کے مطابق اس طریقے سے کتاب کے بنیادی احساس کی شدت کو بصری تجربے کے طور پر پردۂ سیمیں تک پہنچانے میں مدد ملتی ہے۔

گیڈیز نے اس تصور کو بھی پیش کیا ہے کہ خاندان کی بنیاد ہمیشہ خونی رشتے نہیں ہوتے، بلکہ گہرے انسانی تجربات کے دوران کیے گئے انتخاب بھی ایک خاندان تشکیل دے سکتے ہیں۔ اس تصور کو پیش کرنے کے لیے مذہب یا دیوی دیوتاؤں کا سہارا نہیں لیا گیا۔ فلم کا عنوان بھی اسی خیال کی عکاسی کرتا ہے، جس کے معنی ہسپانوی اور پرتگالی زبانوں میں ’’یہاں‘‘ کے ہیں۔ کردار جب اپنے فیصلے کرتے ہیں تو کیمرے کے زاویے بھی بتدریج وسیع سے قریب تر ہوتے جاتے ہیں، جس سے ناظرین کو ان کے جذبات اور کیفیت کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ گیڈیز نے فلم میں خاموشی اور کچھ ابہام بھی برقرار رکھا ہے تاکہ ناظرین کہانی کی اپنی تشریح کر سکیں۔ ’ایکوئی‘ جنوری میں پرتگال، اسپین اور فرانس میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

’دی ہنٹریس‘: انصاف کے لیے ایک آواز

’دی ہنٹریس (لا کازادورا)‘ 2026 کی ہسپانوی زبان میں بنائی گئی ڈراما تھرلر فلم ہے، جس کی کہانی سوزین اینڈریوز کوریہ نے لکھی ہے اور ہدایت کاری بھی کی ہے۔ اس میں آدریانا پاز نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، جو میکسیکو کے شہر سیوداد خواریز میں ایک فیکٹری میں کام کرنے والی ایسی خاتون کا کردار نبھا رہی ہیں جو جنسی تشدد کا شکار ہونے کے بعد خود اپنے طور پر انصاف حاصل کرنے کا راستہ اختیار کرتی ہے۔

فلم کی کہانی خواتین کے خلاف تشدد کے حقیقی واقعات اور 2013 کے ایک واقعے سے متاثر ہے، جسے ’’بس ڈرائیوروں کی شکاری ڈیانا‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس واقعے میں ایک نامعلوم شخص نے قانون کی گرفت سے بچ نکلنے کے مسلسل واقعات کے درمیان بس ڈرائیوروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

 

میکسیکو اور ٹیکساس کی سرحدی پٹی میں ترتیب دی گئی اس فلم میں فیکٹریوں میں کام کرنے والی ان خواتین کے حالات کو پیش کیا گیا ہے جنہیں جنسی تشدد اور استحصال کا سامنا کرنا پڑا۔ فلم کی کہانی 24 گھنٹوں کے دوران آگے بڑھتی ہے اور اس کا مرکز مرکزی کردار کے تجربات اور انصاف کے حصول کی اس کی جدوجہد ہے۔

سوزین اینڈریوز کوریہ نے کہا کہ ان کا مقصد ناظرین کو مرکزی کردار کی بے بسی اور مایوسی کا ایسا حسی تجربہ فراہم کرنا تھا کہ وہ سمجھ سکیں کہ مدد کے لیے بار بار پکارنے کے باوجود کوئی جواب نہ ملنے پر اس نے خود انصاف حاصل کرنے اور بدلہ لینے کا راستہ کیوں اختیار کیا۔ ان کے مطابق یہ فلم تبدیلی، انصاف کے قیام اور خواتین کے خلاف جاری جرائم کے خاتمے کی اپیل بھی ہے۔

کوریہ نے بتایا کہ دیگر منصوبوں کے ساتھ اس فلم کو مکمل کرنے میں انہیں دس سال لگے۔ اس سفر نے انہیں یہ سکھایا کہ فلم سازی میں ثابت قدمی اور لگن کے ساتھ کہانی کے ساتھ جڑے رہنے کا وژن بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ فلمی عملے، اداکاروں اور ناظرین کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کرنے کے طریقے تلاش کرنا بھی اہم ہے۔ گیڈیز کی طرح انہوں نے بھی کہا کہ ان کی کوشش صرف کہانی پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے ناظرین تک ’’احساس‘‘ پہنچانا تھی۔ ابتدا میں انہیں خدشہ تھا کہ حقیقی واقعات کا پس منظر معلوم نہ ہونے کی صورت میں یہ کہانی بین الاقوامی ناظرین کو متاثر نہیں کر پائے گی، لیکن مختلف ثقافتوں اور سرحدوں سے تعلق رکھنے والے ناظرین کے درمیان مرکزی کردار کے خوف اور جذبات کی یکساں پذیرائی دیکھ کر انہیں دکھ کے ساتھ ساتھ عاجزی کا احساس بھی ہوا۔

اس سیشن کی نظامت محترمہ سریانکا چٹرجی نے کی۔

سرحدوں سے ماورا کہانیاں

ایک فلم یادداشت سے محروم ایک تصوراتی دنیا میں ترتیب دی گئی ہے، جبکہ دوسری ایک حقیقی سرحدی شہر کے حالات پر مبنی ہے، لیکن ’ایکوئی‘ اور ’دی ہنٹریس‘ ایک ہی مقام پر آکر ملتی ہیں: دونوں ذہن سے پہلے دل کو متاثر کرتی ہیں۔ دونوں فلموں کے ہدایت کاروں نے واقعات کے بجائے احساسات کو ترجیح دی ہے اور انہی احساسات کے ذریعے انسانی رشتوں، خاندان کے مفہوم، شخصی آزادی اور انصاف کی جدوجہد جیسے مشکل سوالات اٹھائے ہیں۔ یہ فلمیں ظاہر کرتی ہیں کہ مخصوص ثقافتی اور سماجی پس منظر میں جڑی کہانیاں بھی مختلف زبانوں اور سرحدوں سے ماورا ہو کر ناظرین کے دلوں تک پہنچ سکتی ہیں۔ یہ رواں سال کے آئی ایف ایف آئی کے موضوع ’’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘‘ کی روح کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔

 

Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

 

 

************

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  8161)


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2340654
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026