دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

نئی چیتنا 5.0 کا آغاز 25 نومبر2026 کو کیا جائے گا


تشدد سے پاک گاؤں کے اقدام کے حوالہ سے 15 وزارتوں/محکموں پر مشتمل مشترکہ بین وزارتی مشاورتی اعلامیہ اور دستخط شدہ چار فریقی مفاہمتی یادداشت کی رونمائی بھی کی جائے گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 NOV 2026 10:28AM by PIB Delhi

وزارت دیہی ترقی 25 نومبر- 2026 کو اپنی قومی صنفی مہم کے پانچویں ایڈیشن‘‘نئی چیتنا – پہل بدلاؤ کی’’ کا آغاز کرے گی۔ یہ دن خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والی یہ مہم ملک بھر میں25 نومبر سے 23 دسمبر- 2026 تک دین دیال انتودیہ یوجنا – قومی دیہی روزگار مشن(ڈی اے وائی-این آر ایل ایم) کے تحت نافذ کی جائے گی۔

مرکزی وزیر برائے دیہی ترقیات اور زراعت و کسانوں کی بہبود جناب شیوراج سنگھ چوہان اس قومی مہم کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر برائے خواتین و بہبودِ اطفال محترمہ انّ پورنا دیوی؛ وزیر مملکت (آزادانہ چارج)، وزارت قانون و انصاف جناب ارجن رام میگھوال اور سپریم کورٹ آف انڈیا کے معزز جج اور قومی قانونی خدمات اتھارٹی(این اے ایل ایس اے-نالسا) کے ایگزیکٹیو چیئرمین جسٹس وکرم ناتھ بھی موجود ہوں گے۔

اس تقریب میں وزیر مملکت برائے دیہی ترقیات، جناب کملیش پاسوان، اور وزیر مملکت برائے دیہی ترقی و مواصلات، ڈاکٹر چندر شیکھر پیمسانی بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران، ریاستی حکومتوں کے نمائندے، ترقیاتی شراکت دار اور ملک بھر کے کمیونٹی اداروں سے وابستہ خواتین رہنما بھی موجود ہوں گی۔

اس مہم کا افتتاح شام 4 بجے بھارت رتن سی سبرامنیم آڈیٹوریم، این اے ایس سی کمپلیکس، دیو پرکاش شاستری مارگ، پوسا، نئی دہلی – 110012 میں ہوگا۔

‘‘رسائی سے خودمختاری تک: وکست بھارت کے لیے روزگار اور مساوی مواقع کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا’’۔اس موضوع میں اس بات کو اجاگر کیا گیا ہے کہ خواتین کی معاشی خودمختاری، روزگار میں شمولیت اور آزادانہ فیصلہ سازی کے لیے ان کی وسائل تک رسائی اور نقل و حرکت کی آزادی نہایت اہم عوامل ہیں۔

توجہ کے چار باہم مربوط شعبے

نئی چیتنا 5.0 میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کو مرکزی اہمیت دی جائے گی۔ اس سلسلے میں چار باہم مربوط شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی:

خواتین کو معاشی ترقی میں شراکت دار تسلیم کرنا: خواتین کے معاشی کردار اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنا۔ اثاثوں تک خواتین کی رسائی اور ان پر اختیار کو مضبوط بنانا: خواتین کے لیے اثاثوں تک رسائی اور ان کی ملکیت و کنٹرول کے مواقع کو فروغ دینا۔محفوظ نقل و حرکت کو فروغ دینا: خواتین کے لیے محفوظ، آزادانہ اور بلاخوف آمد و رفت کو یقینی بنانا۔بلا معاوضہ نگہداشت کے کام کی منصفانہ تقسیم: گھر اور خاندان کی دیکھ بھال سے متعلق بلا معاوضہ ذمہ داریوں کو منصفانہ انداز میں تقسیم کرنا۔مہم کے تحت ان رکاوٹوں کو دور کرنے پر خصوصی زور دیا جائے گا جو خواتین کی روزگار کے مواقع، منڈیوں، مالیاتی خدمات، عوامی مقامات اور بنیادی سہولیات تک رسائی میں حائل ہیں، نیز ان کی آزادانہ، محفوظ اور خودمختار نقل و حرکت کو محدود کرتی ہیں۔اس مہم کا مقصد محض عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے تک محدود رہنا نہیں، بلکہ مربوط اقدامات کے ذریعے خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت، خودمختاری اور فیصلہ سازی کے اختیار میں قابلِ پیمائش بہتری لانا ہے۔

تقریب کی اہم جھلکیاں

15 وزارتوں/محکموں پر مشتمل مشترکہ بین الوزارتی مشاورتی اعلامیہ

قومی سطح پر افتتاحی تقریب کی ایک اہم جھلک 15 وزارتوں/محکموں پر مشتمل مشترکہ بین وزارتی مشاورتی اعلامیہ کا اجراء ہوگا۔ یہ اعلامیہ مربوط اقدامات اور باہمی اشتراک کے ذریعے ‘نئی چیتنا 5.0’ کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرے گا۔

یہ اعلامیہ وزارتوں اور محکموں کو ایک ایسا لائحہ عمل فراہم کرے گا جس کے تحت وہ اپنی اسکیموں، پروگراموں، ادارہ جاتی نظام اور نچلی سطح پر کام کرنے والے نیٹ ورکس کو مہم کے مقاصد سے ہم آہنگ کر سکیں گے۔ اس کا مقصد قومی، ریاستی، ضلع اور کمیونٹی کی سطح پر مربوط اقدامات کو مضبوط بنانا ہے، خصوصاً خواتین کی روزگار کے مواقع، اثاثوں، مالی خدمات، محفوظ نقل و حرکت، بنیادی سہولیات اور ادارہ جاتی معاونت تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔

تشدد سے پاک گاؤں کے اقدام سے متعلق دستخط شدہ چار فریقی مفاہمتی یادداشت(ایم او یو)

اس تقریب میں تشدد سے پاک گاؤں کے اقدام سے متعلق چار فریقی مفاہمتی یادداشت(ایم او یو) کا بھی اجراء کیا جائے گا، جس پر وزارت دیہی ترقیات، وزارت برائے خواتین و اطفال کی ترقی، محکمہ انصاف اور نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی(این اے ایل ایس اے-نالسا) کے درمیان دستخط کیے گئے ہیں۔

یہ مفاہمتی یادداشت کمیونٹی کی سطح پر صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام اور اس سے نمٹنے کے لیے مربوط ادارہ جاتی اقدامات کا لائحہ عمل فراہم کرے گی۔ اس کا مقصد کمیونٹی اداروں، قانونی خدمات کی اتھارٹیز اور متعلقہ سرکاری نظام کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے، جس میں قانونی حقوق کے بارے میں بیداری، انصاف تک رسائی، ادارہ جاتی معاونت اور تشدد سے پاک دیہات کی تعمیر کے لیے اجتماعی اقدامات شامل ہیں۔

کمیونٹی اداروں اور خواتین کی قیادت کو مضبوط بنانا

ڈی اے وائی-این آر ایل ایم کے تحت قائم خود امدادی گروپوں(ایس ایس جیز)، گاؤں کی تنظیموں(وی اوز) ، کلسٹر لیول فیڈریشنز(سی ایل ایف ایس)، صنفی وسائل مراکز(جی آر سیز) اور دیگر کمیونٹی اداروں کا وسیع نیٹ ورک ‘نئی چیتنا 5.0’ کے نفاذ میں  کلیدی کردار ادا کرے گا۔

افتتاحی تقریب کے دوران نئے صنفی وسائل مراکز (جی آر سیز) کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ یہ مراکز کمیونٹی کی سطح پر ایسے پلیٹ فارم کے طور پر کام کریں گے جو خواتین کو مختلف خدمات، سرکاری سہولیات و مراعات، معاونتی نظام اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار تک رسائی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والی خود امدادی گروپوں کی خواتین رہنما اجتماعی جدوجہد اور خواتین کی قیادت کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اپنے تجربات، اختراعی اقدامات اور خیالات کا تبادلہ کریں گی۔

پروگرام کے دوران دو پینل مباحثے بھی منعقد کیے جائیں گے

پہلا پینل مباحثہ ‘‘صنفی وسائل مراکز (جی آر سیز)، ون اسٹاپ سینٹرز(او ایس سیز)، لیگل سروسز اتھارٹی(ایل ایس اے) اور نظام صحت کے ذریعے وزارتوں کے درمیان باہمی اشتراک کو فروغ دینا’’ کے موضوع پر ہوگا۔ اس میں متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے اور خواتین کے مسائل سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مربوط اقدامات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دوسرا پینل مباحثہ‘‘میدان عمل سے خواتین رہنما: تجربات، اختراعی اقدامات اور مستقبل کا لائحہ عمل’’ کے موضوع پر منعقد ہوگا۔ اس میں نچلی سطح پر کام کرنے والی خواتین رہنماؤں کو اپنے تجربات اور تجاویز پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

نئی چیتنا 4.0 کی جائزہ رپورٹ

قومی سطح پر افتتاحی تقریب کے دوران ‘نئی چیتنا 4.0’ کی جائزہ رپورٹ بھی جاری کی جائے گی۔ اس رپورٹ میں گزشتہ مہم کا جائزہ اور اس سے حاصل ہونے والے اہم اسباق پیش کیے جائیں گے تاکہ مستقبل میں مہم کے اقدامات کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جا سکے۔

پروگرام میں ریاستی سطح پر تیار کردہ ویڈیوز کی نمائش اور بہترین عملی اقدامات (جی پیز) پر پریزنٹیشنز بھی شامل ہوں گی، جن میں صنفی مساوات کے فروغ کے لیے کمیونٹی کی قیادت میں شروع کیے گئے اقدامات اور طریقہ ہائے کار کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مہم کے لیے تیار کردہ ویڈیو مواد بھی جاری کیا جائے گا۔

نئی چیتنا: صنفی مساوات کے لیے ملک گیر اجتماعی تحریک

وزارت دیہی ترقیات کے تحت ڈی اے وائی-این آر ایل ایم کی قیادت میں شروع کی گئی‘نئی چیتنا’ مہم 2022 میں اپنے آغاز کے بعد سے صنفی بنیاد پر تشدد(جی ی وی) سے نمٹنے، امتیازی سماجی روایات کو چیلنج کرنے اور صنفی مساوات کو فروغ دینے کیلئے ایک ملک گیر اجتماعی تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے۔

‘نئی چیتنا 5.0’ کے ذریعے وزارت کا مقصد مختلف وزارتوں، ریاستی حکومتوں، کمیونٹی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان اجتماعی اقدامات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے، تاکہ خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت، تحفظ اور خودمختاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔

اس مہم کے تحت مردوں، لڑکوں اور نوجوانوں کی فعال شرکت کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاکہ وہ امتیازی سماجی روایات کو چیلنج کرنے، مساوات کو فروغ دینے اور مشترکہ ذمہ داری کے احساس کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

 

*****

ش ح-ظ الف- م ش

UR No. 8121


(ریلیز آئی ڈی: 2340230) وزیٹر کاؤنٹر : 8