57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

 پردۂ سیمیں سے آگے: آئی ایف ایف آئی 2026 نے ہندوستانی سنیما کی وراثت کو تحریری شکل میں پیش کیا


وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری نے دو کتابوں کا اجرا کیا، جن میں سنیما سے متعلق فکر، تخلیقی سفر اور فلم ساز اوتار کول کی نامکمل وراثت کو اجاگر کیا گیا ہے

 

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 6:02PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2339684Views: 4

سنیما نسل در نسل لوگوں کے تخیل کو متاثر کرتا ہے، معاشرے کی عکاسی کرتا ہے، یادوں کو محفوظ رکھتا ہے اور ثقافتی شناخت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پردۂ سیمیں پر چلتی پھرتی تصاویر کے علاوہ کتابیں بھی ان خیالات، تخلیقی عمل اور سفر کو دستاویزی شکل دینے میں یکساں اہمیت رکھتی ہیں، جو سنیما کے منظرنامے کو تشکیل دیتے ہیں۔ اسی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے پبلی کیشنز ڈویژن نے بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) 2026 کے موقع پر دو کتابیں جاری کیں، جن میں ہندوستانی سنیما کی وراثت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری چندر کمار نے فلموں کے پس پردہ تخلیقی سفر کو دستاویزی شکل دینے اور ہندوستان کے بھرپور سنیما ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سنیما محض تفریح کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ یہ معاشرے، مختلف نسلوں کے جذبات اور بدلتے ہوئے خیالات کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’فلمیں ہمیں ایک کہانی سناتی ہیں، جبکہ سنیما پر لکھی گئی کتابیں ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دیتی ہیں کہ یہ کہانیاں کس طرح وجود میں آئیں۔‘‘ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ایسی اشاعتیں فلم سازوں کے تجربات، سنیما کی تکنیکوں کے ارتقا اور ہندوستانی سنیما کو تشکیل دینے والے خیالات کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کرتی ہیں۔

اس موقع پر جاری کی گئی دو کتابوں میں راجندر بھٹ کی مرتب کردہ سنیما: وِوِدھ آیام اور ونود کول کی تصنیف اوتار کول: دی (اِن) کمپلیٹ اسٹوری شامل ہیں۔ پہلی کتاب میں سنیما سے متعلق اہم تحریروں اور نقطہ ہائے نظر کو یکجا کیا گیا ہے، تاکہ ہندی قارئین بھی ان سے استفادہ کر سکیں، جبکہ دوسری کتاب میں فلم ساز اوتار کول کی زندگی اور ان کی نامکمل تخلیقی وراثت کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔

سنیما: وِوِدھ آیام کا ذکر کرتے ہوئے چندر کمار نے فلم سازوں اور دانشوروں کی تحریروں کے اس مجموعے کو سراہا، جس میں معروف فلموں، فلم سازی اور عالمی سنیما کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ان تحریروں کو ہندی قارئین کے لیے قابل رسائی بنانے کی کوشش کی ستائش کی۔ اوتار کول: دی (اِن) کمپلیٹ اسٹوری کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے فلم ساز اوتار کول کی وراثت کو یاد کیا، جن کی واحد فلم 27 ڈاؤن (1974) ہندوستانی نیو ویو سنیما کی ایک اہم شناخت بن گئی تھی۔

سکریٹری نے پبلی کیشنز ڈویژن، راجندر بھٹ، ونود کول اور ان اشاعتوں سے وابستہ تمام افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ کتابیں طلبہ، فلم سازوں اور سنیما کے شائقین کو ہندوستانی سنیما کی وراثت کا مزید گہرائی سے مطالعہ کرنے کی ترغیب دیں گی۔

پبلی کیشنز ڈویژن کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ کنچن پرساد نے سنیما کے ساتھ ڈویژن کے دیرینہ تعلق اور ہندوستان کے ثقافتی و تخلیقی ورثے کو دستاویزی شکل دینے میں اس کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں سنیما وقت کے لمحات کو محفوظ کرتا ہے، وہیں کتابیں ان لمحات کو ہمیشہ کے لیے محفوظ رکھنے کو یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے تخلیقی سفر کو دستاویزی شکل دینے، کہانیوں کو محفوظ رکھنے اور ہندوستان کی ثقافتی شناخت کو تشکیل دینے والی شخصیات کی خدمات کو سراہنے کے لیے ڈویژن کی کوششوں کا ذکر کیا۔

راجندر بھٹ نے سنیما: وِوِدھ آیام کی تدوین کے پس پردہ سفر کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ پبلی کیشنز ڈویژن نے سنیما سے متعلق اہم تحریروں کو ہندی قارئین تک پہنچانے کے اس اقدام کو کس طرح آگے بڑھایا۔

اس سیشن کی نظامت پریس انفارمیشن بیورو کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ اسمیتا وتس شرما نے کی۔ اس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کے ایڈیشنل سکریٹری پربھات اور جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر کے۔ کے۔ نرالا بھی موجود تھے۔

کتابوں کے بارے میں

اوتار کول: دی (اِن) کمپلیٹ اسٹوری

ونود کول کی انگریزی میں تصنیف کردہ یہ کتاب خطوط، تصاویر، یادوں اور گفتگو کے ذریعے فلم ساز اوتار کول کی زندگی اور ان کی نامکمل وراثت کو بیان کرتی ہے۔ ان کی واحد فلم 27 ڈاؤن (1974) ہندوستانی نیو ویو سنیما کی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی اور اسے قومی فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس ایوارڈ کا اعلان اسی روز کیا گیا تھا، جس دن 34 سال کی عمر میں ایک دوست کو بچانے کی کوشش کے دوران ممبئی میں ڈوبنے سے ان کی المناک موت ہوگئی تھی۔

سنیما: وِوِدھ آیام

راجندر بھٹ کی مرتب کردہ یہ ہندی کتاب ایف ٹی آئی آئی کے رسالے لینسائٹ میں شائع ہونے والے مضامین اور مکالموں کے ترجمہ شدہ و مرتب شدہ مجموعے پر مشتمل ہے۔ اس میں فلمی تاریخ، سنیماٹوگرافی، عالمی سنیما اور فلم سازی کے پس پردہ تخلیقی عمل کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ یہ کتاب سنیما کے مختلف پہلوؤں اور متنوع نقطہ ہائے نظر کو وسیع تر ہندی قارئین تک پہنچاتی ہے۔

Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

 

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :8051  )


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2339684
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026