57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

 ’’میں دوسروں کے معیار کے مطابق کامل کیوں بنوں؟‘‘: گریش کاسراولی نے آئی ایف ایف آئی 57 میں ثقافتی صداقت کی وکالت کی


معاشرے کا ظالمانہ ’دوسرا تصور کرنے‘ کا عمل ہمیشہ میری کہانیوں کا مرکزی موضوع رہا ہے: گریش کاسراولی نے 57ویں آئی ایف ایف آئی میں متوازی سنیما کے 50 سالہ سفر پر اظہار خیال کیا

 

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 NOV 2026 5:20PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2339658Views: 2

گریش کاسراولی کے نزدیک سنیما محض کہانیاں سنانے کا فن نہیں، بلکہ ان کہانیوں کا سامنا کرنے کی جرأت بھی ہے جنہیں معاشرہ دیکھنے سے گریز کرتا ہے۔ ذات پات اور سماجی درجہ بندی سے لے کر مذہبی بالادستی اور کمزور طبقات کو حاشیے پر دھکیلنے تک، ’دوسرا تصور کرنے‘ کا عمل ان کے پانچ دہائیوں پر محیط فلمی سفر میں مسلسل ایک اہم موضوع رہا ہے۔ ان کے اسی نظریے کو آج گوا کی کلا اکیڈمی میں بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) کے دوران منعقدہ ’ان کنورسیشن‘ سیشن، ’متوازی سنیما کی اخلاقی کائنات: گریش کاسراولی کے 50 سال‘ میں مرکزی حیثیت حاصل رہی۔

سال1977 میں اپنی پہلی فلم گھٹ شردھا سے لے کر تبارانا کتے، تائی صاحبہ اور دویپا جیسی مقبول فلموں تک کے اپنے غیر معمولی فلمی سفر کا ذکر کرتے ہوئے معروف کنڑ فلم ساز اور 14 مرتبہ قومی فلم ایوارڈ حاصل کرنے والے گریش کاسراولی نے تجارتی اور آرٹ ہاؤس سنیما کے درمیان روایتی تفریق کو چیلنج کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سنیما کا ہر اظہار اپنے اندر ایک نظریاتی موقف رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’صرف تفریح نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی۔ تفریح بھی ایک سیاسی شکل ہے۔‘‘ اس بات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلم ساز ناگزیر طور پر یا تو غالب سماجی نظریات کی حمایت کرتے ہیں یا انہیں چیلنج کرتے ہیں۔

نیو کنڑ سنیما کے ارتقا پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے ہندوستان کے سماجی اور ثقافتی حقائق میں جڑی ایک مقامی سنیما زبان تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا، نہ کہ مستعار لیے گئے سانچوں پر انحصار کیا جائے۔ انہوں نے کہا، ’’فلم کا اسلوب اس پر مسلط نہیں کیا جاتا، بلکہ وہ خود اس کے مواد سے جنم لیتا ہے۔‘‘ کہانی بیان کرنے کے اپنے فلسفے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، ’’کہانی کا پلاٹ اہم نہیں ہوتا، بلکہ کہانی کو دیکھنے کا نقطہ نظر اہم ہوتا ہے۔‘‘ انہوں نے ’دوسرا تصور کرنے‘ یعنی کمزور طبقات کو حاشیے پر دھکیلنے اور انہیں سماجی طور پر الگ تھلگ کرنے کے عمل کو اپنی فلموں کا ایک مستقل اور بنیادی موضوع قرار دیا۔

آسان اخلاقی نتائج اخذ کرنے کی روش کو مسترد کرتے ہوئے کاسراولی نے وضاحت کی کہ سنیما کا مقصد فیصلے صادر کرنے کے بجائے سوچنے پر آمادہ کرنا ہونا چاہیے۔ مصنف یو۔ آر۔ اننت مورتی کے اس فلسفے کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ہر جواب کا اختتام ایک ’لیکن‘ پر ہونا چاہیے، انہوں نے کہا، ’’فلم کے ذریعے یہ کہنا کہ ’یہ صحیح ہے اور یہ غلط‘ بذات خود غلط ہے۔ میں آسانی سے کوئی فیصلہ نہیں سناتا، کیونکہ اس سے ناظرین سوچنے پر مجبور ہوتے ہیں۔‘‘

گفتگو کے دوران ان کی فلموں میں خواتین کی عکاسی اور ان کی غیر معمولی قوتِ برداشت کے پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ دویپا کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مرکزی کردار ناگی کے مشکلات سے نمٹنے کے عملی انداز کو اجاگر کیا اور ان کے الفاظ یاد کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے حال کو خوشگوار بنانے دیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ خواتین اکثر بدلتے ہوئے حالات سے ہم آہنگ ہونے اور زندگی کی غیر یقینی صورت حال کا سامنا کرنے کی غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتی ہیں۔

اپنے تخلیقی عمل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کاسراولی نے اسٹوری بورڈ کے بجائے انتہائی باریک بینی سے تیار کردہ تفصیلی اسکرپٹ کو ترجیح دینے کی وضاحت کی، جس سے ان کے ساتھیوں کو ان کے تصوراتی وژن کو پردۂ سیمیں پر پیش کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’سنیما میرے ذہن میں جنم لیتا ہے، لیکن اسے عملی شکل دوسرے لوگ دیتے ہیں۔‘‘ اس طرح انہوں نے فلم سازی کے اجتماعی عمل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنیما کا اصل مقصد محض بیانات دینا نہیں بلکہ ایک تجربہ فراہم کرنا ہے۔

ثقافتی صداقت کی پرزور وکالت کرتے ہوئے انہوں نے جولیو گارسیا ایسپینوسا کے ’نامکمل سنیما‘ کے فلسفے کا حوالہ دیا اور ہندوستانی فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ دوسروں کے مسلط کردہ معیارات پر خود کو پرکھنے کے بجائے اپنی ثقافتی اور بصری شناخت سے جڑے رہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں کسی دوسرے کے معیار کے مطابق ’کامل‘ کیوں بنوں؟ مجھے اپنے ماحول اور اپنی تہذیب سے وفادار رہنا چاہیے۔‘‘

اس سیشن میں ایسے فلم ساز کے پانچ دہائیوں پر محیط غیر معمولی فلمی سفر کا جائزہ پیش کیا گیا، جن کی ہندوستانی سنیما کے لیے خدمات آج بھی روایات کو چیلنج کرتی ہیں، سماجی درجہ بندی پر سوال اٹھاتی ہیں اور انسانی وقار و ضمیر کی پیچیدگیوں کو موضوع بناتی ہیں۔ ان کے خیالات نے اس حقیقت کی بھی یاد دہانی کرائی کہ ہندوستانی سنیما کی اصل طاقت ملک کے متنوع ثقافتی تجربات میں جڑی اپنی منفرد آواز تلاش کرنے کی صلاحیت میں مضمر ہے۔

اس سیشن کی نظامت معروف فلمی صحافی، نقاد اور مصنف نمن رام چندرن نے کی۔

Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 8052 )


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2339658
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026