پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 NOV 2026 1:41PM by PIB Delhi
ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے وزرائے محنت و روزگار کا دو روزہ چنتن شیور آج گجرات کے شہر گاندھی نگر کے مہاتما مندر میں شروع ہوا۔ حکومتِ ہند کی وزارتِ محنت و روزگار کے زیرِ اہتمام 21 تا 22 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والا یہ چنتن شیور 21 نومبر 2025 کو لیبر کوڈز کے نفاذ کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کی مشترکہ صدارت گجرات کے وزیرِ اعلیٰ جناب بھوپیندر پٹیل اور محنت و روزگار اور نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویا نے کی، جس میں محنت و روزگار اور بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کی مرکزی وزیرِ مملکت محترمہ شوبھا کرندلاجے کے ساتھ ساتھ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے محنت، روزگار اور صنعت کے وزراء اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔

افتتاحی خطاب کرتے ہوئے محنت و روزگار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویا نے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور صنعتی ترقی کو قومی پیشرفت کی گاڑی کے دو پہیے قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی ترقی اور معاشی نمو کے لیے مزدوروں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے صنعتوں کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔
مرکزی وزیر نے لیبر کوڈز کے نفاذ کو 'وکست بھارت' کی جانب بھارت کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوڈز صنعتوں پر کمپلائنس بوجھ کم کرنے اور ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دیگر امور کے علاوہ کم از کم اجرت، سماجی تحفظ کی توسیع اور فکسڈ ٹرم روزگار کی فراہمی کو یقینی بناتے ہیں۔ انہوں نے بھارت میں سماجی تحفظ کے کوریج میں ہونے والی غیر معمولی توسیع کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی جو 2014 میں 25 کروڑ سے بڑھ کر 2026 میں 101 کروڑ تک پہنچ گئی ہے، جو مزدوروں کی فلاح و بہبود کے تئیں حکومت کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

بھارت کی ہنرمند افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی عالمی مانگ اور ملک کی آبادیاتی فائدے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی روزگار کے مواقع اور سرحد پار بھارتی کارکنوں کی نقل و حرکت پر غور و خوض کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے تمام فریقین سے اپیل کی کہ وہ ملک کے سات کروڑ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے 'ٹیم انڈیا' کے جذبے کے ساتھ مل کر کام کریں۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے 'پنچ پر ن' میں سے پانچویں پرن کا حوالہ دیتے ہوئے، جس میں 140 کروڑ شہریوں پر قومی اہداف کے حصول کے لیے مل جل کر کام کرنے پر زور دیا گیا ہے، انہوں نے شرکاء کو چنتن شیور کے مباحثوں میں فعال طور پر حصہ لینے کی دعوت دی اور ساتھ ہی انہیں گجرات کو دریافت کرنے اور اس کی مالا مال ثقافت اور تاریخ کا مشاہدہ کرنے کی ترغیب بھی دی۔

کلیدی خطاب کرتے ہوئے گجرات کے وزیرِ اعلیٰ جناب بھوپیندر پٹیل نے اس بات پر زور دیا کہ مزدوروں کا وقار، فلاح و بہبود اورانہیں بااختیار بنانا بھارت کی ترقی اور قوم کی تعمیر کا لازمی جزو ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران لیبر کوڈز کے نفاذ میں کی گئی تغیراتی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے ایک مضبوط اور زیادہ مزدور رخی لیبر ایکو سسٹم کے ابھرنے کو اجاگر کیا۔
وزیرِ اعلیٰ نے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے درمیان بہترین طریقوں کے تبادلے، باہمی تعاون کو مضبوط بنانے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود و صنعتی ترقی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر چنتن شیور کے کردار پر بھی زور دیا۔ بھارت کے مستقبل کی تشکیل میں افرادی قوت کے بنیادی کردار کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب ملک ایک عالمی اقتصادی پاور ہاؤس بننے کی جانب گامزن ہے تو شرمک کلیان (مزدوروں کی بہبود) اور صنعتی ترقی کو شانہ بشانہ چلنا چاہیے۔

قبل ازیں، استقبالیہ خطاب اور افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر چندر بھوشن کمار، سکریٹری (محنت و روزگار)، وزارتِ محنت و روزگار نے ملک بھر سے آئے ہوئے تمام معززین اور شرکاء کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے لیبر کوڈز کے مؤثر نفاذ کے لیے سوچ اور نقطہ نظر میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سفر میں ذمہ داریوں اور توقعات پر مؤثر طریقے سے پورا اترنے کے لیے مرکوز مباحثے ناگزیر ہیں۔
اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ یہ مباحثے 'وکست بھارت' کے ہدف کو حقیقت کا روپ دینے میں انتہائی اہم ہیں، انہوں نے تمام شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اپنی متعلقہ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے بہترین طریقوں کے بارے میں اپنے تجربات کا تبادلہ کریں اور چنتن شیور کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی اجتماعی ذمہ داری نبھائیں۔

افتتاحی اجلاس کے بعد، پہلے دن (21 نومبر 2026) چار موضوعاتی پلینری سیشنز منعقد کیے گئے جن میں لیبر کوڈز – نفاذ کی صورتحال اور آئندہ کا لائحہ عمل، روزگار کے اقدامات اور ای پی ایف او اصلاحات، ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن اصلاحات اور غیر منظم شعبے کے مزدوروں کے لیے سماجی تحفظ و محنت کے اعداد و شمار کا احاطہ کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ریاستوں/مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے بہترین طریقوں پر مبنی ویڈیوز اور مباحثے بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، ریاستوں/مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے فیلڈ افسران کے لیے لیبر کوڈز کے نفاذ کی حکمتِ عملیوں، ایم ایس ایم ای کی شمولیت، فیلڈ سطح کے اقدامات اور اعتماد پر مبنی الیکٹرانک تعمیلات پر متوازی بریک اوے سیشنز بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔
*****
(ش ح- ن ا)
U.N:8030