پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 NOV 2026 11:48AM by PIB Delhi
قومی سرکاری خریداری پورٹل، گورنمنٹ ای مارکیٹ پلیس (جی ای ایم) نے 20 نومبر 2026 کو ٹرائبل انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ٹی آئی سی سی آئی) کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد سرکاری خریداری کے عمل میں قبائلی کاروباری افراد اور ان کے اداروں کی شرکت کو مستحکم کرنا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد خصوصی تشہیری مہمات، صلاحیت سازی، رجسٹریشن میں معاونت اور مسلسل رہنمائی کے ذریعے قبائلی کاروباری اداروں کو سرکاری خریداری کے مواقع سے جوڑنا ہے۔
اس مفاہمت نامے پر جی ای ایم کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری اجیت بی۔ چوہان اور ٹی آئی سی سی آئی کے بانی و چیئرمین شری سدھاکر دھاراوت نے دستخط کیے۔ اس طرح جی ای ایم کے ذریعے سرکاری خریداری میں قبائلی کاروباری افراد کی بیداری، صلاحیت سازی اور ان کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو فروغ دینے کے لیے اس شراکت داری کو باضابطہ شکل دی گئی۔
اس اشتراک کے حوالے سے جی ای ایم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب مہر کمار نے کہا، ’’ٹی آئی سی سی آئی کے ساتھ یہ شراکت داری قبائلی کاروباری افراد کے لیے سرکاری خریداری کے مواقع کو وسعت دینے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ ہمارا مقصد ان میں بیداری پیدا کرنا، ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور جی ای ایم میں ان کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانا ہے، نیز جی ای ایم کے شفاف اور جامع نظامِ خریداری میں ان کی شرکت کو مزید بہتر بنانا ہے۔‘‘
مفاہمت نامے کے تحت ٹی آئی سی سی آئی قبائلی کاروباری افراد کی شناخت اور انہیں متحرک کرنے، علاقائی اور قومی سطح پر تشہیری پروگرام منعقد کرنے، زمینی سطح پر تعاون فراہم کرنے اور تربیت کاروں و رہنماؤں کا ایک نیٹ ورک تیار کرنے کا کام کرے گی۔ جی ای ایم تربیتی وسائل، رجسٹریشن میں سہولت، صلاحیت سازی کے اقدامات اور مسائل کے مناسب حل کے نظام کے ذریعے ان کوششوں میں تعاون کرے گا۔ دونوں ادارے مشترکہ طور پر عملی منصوبے تیار کرنے، پیش رفت کی نگرانی کرنے اور کاروباری افراد سے حاصل ہونے والی آرا کو شامل کرنے کے لیے بھی کام کریں گے، تاکہ اس عمل میں ان کی شرکت کو بہتر بنایا جا سکے۔
مفاہمت نامے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر جناب اجیت بی۔ چوہان نے کہا، ’’یہ شراکت داری خصوصی تشہیری مہمات، تربیت اور مسلسل رہنمائی کے ذریعے جی ای ایم کو قبائلی کاروباری افراد کے مزید قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگی، جس سے انہیں سرکاری خریداری کے مواقع تک زیادہ بہتر رسائی حاصل ہو سکے گی۔‘‘
یہ اشتراک سرکاری خریداری کے نظام کو مزید جامع بنانے کے جی ای ایم کے عزم کو مستحکم کرتا ہے۔ اس کے ذریعے مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے کاروباری اداروں کو قومی سطح کے سرکاری خریداری کے نظام میں شرکت اور کاروباری ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔
******
ش ح۔ ف ا ۔ م ر
U-NO. 8024