پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 6:50PM by PIB Delhi
کرناٹک کے ناگامنگلا میں واقع سینٹرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یوگا اینڈ نیچروپیتھی (سی آر آئی وائی این) میں 18 نومبر 2026 کو نویں یومِ نیچروپیتھی کی قومی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ’’قدرتی علاج، صحت مند ہندوستان‘‘ (پراکرتک چکتسا، سوستھ بھارت) کے موضوع کے تحت ماحولیاتی تحفظ اور ماحول کے موافق طریقوں کو خصوصی اہمیت دی گئی۔
تقریب کے انتظامات میں پلاسٹک کے استعمال سے مکمل گریز کیا گیا۔ بینروں کا استعمال کم سے کم رکھا گیا اور سجاوٹ، یادگاری تحائف اور شرکاء کو دی جانے والی کٹس میں پلاسٹک کی کوئی چیز شامل نہیں کی گئی۔ کھانا پیش کرنے کے لیے پلاسٹک کے ڈسپوزایبل برتنوں کے بجائے دوبارہ استعمال کیے جانے والے اسٹیل کے تھال اور کیلے کے پتوں کا استعمال کیا گیا، جس سے روایتی اور ماحول دوست طریقوں کو فروغ ملا۔
تقریب کے تمام انتظامات اس طرح کیے گئے تھے کہ کوڑے کی پیداوار کم سے کم ہو اور دوبارہ استعمال کے قابل اشیا اور قدرتی متبادل کو فروغ دیا جا سکے۔ غیر ضروری تقریباتی سامان کے استعمال میں کمی اور ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک سے مکمل اجتناب کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ بڑے پیمانے پر عوامی بیداری کے پروگرام بھی ماحول پر اپنے اثرات کو کم رکھتے ہوئے منعقد کیے جا سکتے ہیں۔
ان اقدامات کے ذریعے وزارتِ آیوش نے عوامی پروگراموں اور تقریبات میں پائیدار اور ماحول دوست طریقوں کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا اور یہ واضح کیا کہ ماحولیاتی ذمہ داری ایک صحت مند اور پائیدار ہندوستان کے فروغ کا لازمی حصہ بن سکتی ہے۔
******
( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )
UR. No-8008