زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 5:53PM by PIB Delhi
ہندوستان کی سائنسی صلاحیتوں اور خود انحصاری کی جانب ملک کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج بھوپال میں منعقدہ ایک تقریب میں ایویئن انفلوئنزا (ایچ 5 این 1)، جسے عام طور پر برڈ فلو کہا جاتا ہے، کے خلاف ہندوستان کی پہلی دیسی چکن ویکسین قوم کے نام وقف کی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر نے بھوپال میں تقریباً 300 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک نئی جدید ترین لیبارٹری قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے بیرون ملک جا کر ہندوستان کے آئینی اداروں اور اس کے سائنس دانوں کی صلاحیتوں پر سوال اٹھانے والے اپوزیشن رہنماؤں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
صرف ایک سے دو روپے فی خوراک کی سستی قیمت والی یہ ویکسین برڈ فلو کی اس مخصوص قسم کے خلاف دنیا کی پہلی ویکسین ہے۔ توقع ہے کہ اس سے پولٹری کے شعبے میں بیماریوں کی روک تھام کا نظام مضبوط ہوگا، لاکھوں پولٹری فارمرز کے روزگار کا تحفظ ہوگا اور مویشیوں کی بیماریوں کے باعث ہونے والے بھاری معاشی نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

بیرون ملک ہندوستان کو بدنام کرنے والوں کو نئے اور خود انحصار ہندوستان کی کامیابیاں دیکھنی چاہئیں
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے اپوزیشن رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا، جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بیرون ملک جا کر اپنے ہی ملک کو بدنام کرتے ہیں، انہیں ہندوستان کی کامیابیوں اور اس کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیتوں کا بھی نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی عہدوں پر فائز رہنے کے باوجود بیرون ملک آئین پر سوال اٹھانے، آئینی اداروں کو کمزور کرنے اور ہندوستان کی مسلح افواج، سائنس دانوں اور محنتی شہریوں کے تعاون پر شبہات ظاہر کرنے والوں کو آج کے بدلتے ہوئے ہندوستان کو دیکھنا چاہیے۔
جناب شیوراج سنگھ چوہان نے یاد دلایا کہ اس سے قبل ہندوستانی سائنس دانوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں تشکیل دی گئی ٹاسک فورس کے ذریعے محض نو ماہ میں دو دیسی کووڈ-19 ویکسین تیار کرکے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی پہلی دیسی برڈ فلو ویکسین کی تیاری ہندوستان کی سائنسی طاقت اور خود انحصاری کا ایک اور ثبوت ہے۔

بھوپال میں 300 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین لیبارٹری قائم کی جائے گی
بھوپال میں واقع آئی سی اے آر – نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائی سکیورٹی اینیمل ڈیزیز (این آئی ایچ ایس اے ڈی) کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے شیوراج سنگھ چوہان نے شہر میں 300 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک نئی جدید ترین لیبارٹری قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھوپال میں واقع یہ ادارہ ہندوستان کی سائنسی برتری کی علامت بن کر ابھرا ہے۔ مرکزی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ویکسین کو دہلی کے بجائے بھوپال میں قوم کے نام وقف کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا۔ ابتدا میں ویکسین کا اجرا دہلی سے کرنے کی تجویز تھی، لیکن انہوں نے فیصلہ کیا کہ یہ تقریب بھوپال میں، ان سائنس دانوں کے درمیان منعقد ہونی چاہیے جنہوں نے اس کی تیاری کے لیے دن رات محنت کی اور شہر کے لوگوں کی موجودگی میں اس کامیابی کا جشن منایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ان سائنس دانوں کی ہے اور یہ ضروری تھا کہ ویکسین کی تیاری کے اسی مقام پر ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔
مویشی کسانوں کے لیے ’چلتے پھرتے اے ٹی ایم‘ ہیں؛ دیسی ویکسین سے سالانہ 56 ہزار کروڑ روپے کے نقصانات روکنے میں مدد ملے گی
مویشی پروری اور پولٹری کو دیہی معیشت کے اہم ستون قرار دیتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ مویشی کسانوں کے لیے ’چلتے پھرتے اے ٹی ایم‘ کی حیثیت رکھتے ہیں، جو زراعت کے ساتھ ساتھ ماہانہ آمدنی کا مستقل ذریعہ فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مویشی پروری کا ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں 14 فیصد حصہ ہے، جبکہ پولٹری کا شعبہ مزید ایک فیصد حصہ رکھتا ہے۔
انہوں نے مویشیوں کی بڑی بیماریوں کے باعث ہونے والے بھاری معاشی نقصانات کی بھی نشاندہی کی۔ مرکزی وزیر کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، منہ کھر کی بیماری سے سالانہ اوسطاً 22 ہزار کروڑ روپے، لمپی جلد کی بیماری سے 20 ہزار کروڑ روپے، بروسیلوسس سے 9,212 کروڑ روپے اور بھیڑوں و بکریوں کو متاثر کرنے والی بیماری پیسٹی ڈیس پیٹٹس رومیننٹس سے 4,683 کروڑ روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ ان بیماریوں کے باعث ملک اور کسانوں کو مجموعی طور پر تقریباً 56 ہزار کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیسی ویکسین مویشیوں کے تحفظ، کسانوں کی آمدنی کو محفوظ بنانے اور اس معاشی بوجھ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

ویکسین کی قیمت صرف ایک سے دو روپے فی خوراک؛ 2006 سے اب تک ہندوستان میں برڈ فلو کے 500 سے زائد پھیلاؤ کے واقعات
جناب شیوراج سنگھ چوہان نے یاد دلایا کہ ہندوستان میں برڈ فلو کا پہلا واقعہ 2006 میں مہاراشٹر کے نوپور میں سامنے آیا تھا، جس کے نتیجے میں 10 لاکھ مرغیاں ہلاک ہو گئی تھیں۔ انفیکشن پر قابو پانے کے لیے لاکھوں مزید پرندوں کو تلف کرکے دفن کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد 2021 میں تقریباً 9 لاکھ مرغیاں ہلاک ہوئیں، جبکہ رواں سال بھی 2 لاکھ مرغیوں کی موت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ 2006 سے اب تک ہندوستان میں برڈ فلو کے 500 سے زیادہ پھیلاؤ کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن سے پولٹری صنعت کو نمایاں نقصان پہنچا ہے۔ یہ بیماری ممالیہ جانوروں اور انسانوں میں بھی منتقل ہونے کا خطرہ رکھتی ہے، جس کے باعث اس کی مؤثر روک تھام اور کنٹرول کے اقدامات خاص طور پر اہم ہو جاتے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ نئی دیسی ویکسین کی قیمت صرف ایک سے دو روپے فی خوراک رکھی گئی ہے، تاکہ چھوٹے پولٹری فارمرز بھی اسے آسانی سے خرید سکیں۔ اس کی کم قیمت سے احتیاطی ٹیکہ کاری تک رسائی آسان ہوگی اور ملک بھر کے پولٹری فارمرز کے روزگار کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
ملک گیر ٹیکہ کاری مہم سے مویشیوں کی بیماریوں کے خلاف فیصلہ کن نتائج حاصل ہو رہے ہیں
جناب شیوراج سنگھ چوہان نے ٹیکہ کاری کے ذریعے مویشیوں کی بڑی بیماریوں پر قابو پانے کے لیے حکومت کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے بھگوان کرشن کی سرزمین متھرا سے قومی مویشی بیماری کنٹرول پروگرام کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد بیماریوں کی روک تھام کے نظام کو مضبوط بنانا اور مویشیوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک منہ کھر کی بیماری کے خلاف 147 کروڑ 16 لاکھ مفت ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بروسیلوسس کی بیماری پر بھی قابو پا لیا گیا ہے۔
2022 میں لمپی جلد کی بیماری کے پھیلاؤ کا ذکر کرتے ہوئے شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ اس وقت 32 لاکھ 80 ہزار جانور اس بیماری سے متاثر ہوئے تھے اور ایک لاکھ 86 ہزار جانوروں کی موت ہو گئی تھی۔ بعد ازاں حصار اور ایزت نگر کے سائنس دانوں نے اس بیماری سے نمٹنے کے لیے ’لمپی پرو ویک انڈ‘ ویکسین تیار کی۔ انہوں نے آئی سی اے آر – این آئی ایچ ایس اے ڈی، بھوپال کی کامیابیوں کو بھی سراہا، جس نے اس سے قبل گمبورو بیماری، بروسیلا ابورٹس ایس-19 ڈیلٹا، کلاسیکل سوائن فیور اور افریقی سوائن فیور کے خلاف دیسی ویکسین تیار کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تازہ ترین ایچ 5 این 1 ویکسین کی تیاری مویشیوں کی صحت سے متعلق تحقیق میں ادارے کی خدمات میں ایک اور اہم کامیابی ہے۔

سائنس دانوں نے ویکسین کی تیاری کے لیے تعطیلات میں بھی کام کیا اور سخت حیاتیاتی تحفظ کے ضوابط پر عمل کیا
ویکسین کی تیاری میں شامل سائنس دانوں کی عزت افزائی کرتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے انہیں اس کامیابی کا حقیقی ہیرو قرار دیا اور ان کے غیر معمولی عزم اور لگن کی ستائش کی۔ تحقیقی ٹیم میں ڈاکٹر ایس ناگراجن، ڈاکٹر منوج کمار، ڈاکٹر سی۔ توش، ڈاکٹر ایچ۔ وی۔ مروگکر، ڈاکٹر انیکیت سانیال، ڈاکٹر سینتھل کمار ڈی، ڈاکٹر نوین کمار اور ڈاکٹر یوگیشارادھیا آر شامل تھے۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ سائنس دانوں نے تحقیق مکمل کرنے کے لیے کئی ماہ تک مسلسل کام کیا اور اس دوران ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات بھی قربان کر دیں۔ ان کے کام کے لیے سخت اور دشوار حیاتیاتی تحفظ کے ضوابط پر عمل کرنا بھی ضروری تھا۔ ان ضوابط کے تحت انہیں لیبارٹری میں داخل ہونے اور باہر نکلنے سے پہلے اور بعد میں صفائی و جراثیم کشی کے مخصوص مراحل سے گزرنا پڑتا تھا، روزانہ نہانے کے لیے 120 لیٹر پانی استعمال کرنا ہوتا تھا اور تحقیق کی پوری مدت کے دوران گھر میں کوئی پالتو جانور رکھنے کی اجازت نہیں تھی۔ جناب شیوراج سنگھ چوہان نے ان کے عزم کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لگن ملک کی خدمت کرنے والے فوجیوں کے نظم و ضبط اور قربانی کے جذبے جیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ہندوستانی سائنسی برادری کی غیر معمولی ثابت قدمی کی عکاس ہے۔
اس پروگرام میں مدھیہ پردیش کے نوجوانوں کی بہبود، کھیل اور امداد باہمی کے وزیر وشواس سارنگ، بھوپال کے رکن پارلیمنٹ آلوک شرما، کھاتے گاؤں کے رکن اسمبلی آشیش شرما، بھوپال کی میئر محترمہ مالتی رائے، سینئر عوامی نمائندے راکیش شرما، نریش میواڑہ، راکیش جادون، راجیش چوکسی اور محترمہ چھایا کے علاوہ کونسلر بھی موجود تھے۔ آئی سی اے آر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم۔ ایل۔ جٹ، این آئی ایچ ایس اے ڈی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انیکیت سانیال، سائنس دانوں اور بڑی تعداد میں معزز مہمانوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔
****
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 7999)