کوئلے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

تجارتی کوئلہ کانوں کی نیلامی کے 16ویں مرحلے کو زبردست ردعمل حاصل ہوا؛  18 کوئلے کی کانوں کے لیے 85 بولیاں موصول ہوئیں


گزشتہ مرحلے کے مقابلے میں بولیوں کی تعداد میں چار گنا اضافہ، 20 نئے بولی دہندگان پہلی بار اس شعبے میں شامل ہوئے

سرمایہ کاروں کی گہری دلچسپی ہندوستان کی توانائی کی یقینی فراہمی میں کوئلے کے پائیدار رو ل کی توثیق کرتی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 4:23PM by PIB Delhi

کوئلہ وزارت کے نامزد کردہ اتھارٹی نے آج تجارتی کوئلہ کانوں کی نیلامی کے 16ویں مرحلے اور 15ویں مرحلے کے دوسرے د ور  کے لیے نیلامی  کا عمل شروع کیا ۔ نیلامی کے اس دور  میں آٹھ ریاستوں کی 26 کوئلے کی کانیں شامل  تھیں ۔  اس مرحلے میں 18 کوئلے کی کانوں کے لیے مجموعی طور پر 85 بولیاں موصول ہوئی ہیں۔ یہ ردعمل توقعات سے بڑھ کر رہا ہے اور حالیہ مراحل میں سب سے زیادہ مضبوط ردعمل میں شمار ہوتا ہے۔

آن لائن بولیوں کو بولی دہندگان کی موجودگی میں الیکٹرانک طریقے سے ڈی کوڈ کرکے کھولا گیا، جس کے بعد آف لائن بولی سے متعلق دستاویزات پر مشتمل سربمہر لفافے کھولے گئے۔ پوری کارروائی کو مسلسل اسکرین پر براہِ راست دکھایا گیا، جو ہر مرحلے میں وزارت کے ذریعے اپنائے جانے والے شفاف طریقۂ کار کے عین مطابق ہے۔

اس مرحلے میں بولی دہندگان کی شرکت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 16ویں مرحلے میں 17 کوئلے کی کانوں کے لیے 83 بولیاں موصول ہوئیں، جبکہ 15ویں مرحلے کے دوسرے دور  میں ایک کان کے لیے دو بولیاں موصول ہوئیں۔ موجودہ مرحلے میں مقابلہ خاصا سخت رہا، کیونکہ 26 میں سے 16 کانوں کے لیے ایک سے زیادہ بولیاں موصول ہوئیں۔ اس مرحلے کے ذریعے 20  ایسے بولی دہندگان بھی تجارتی کوئلے کی کان کنی کے نظام میں پہلی بار شامل ہوئے ہیں، جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ یہ شعبہ مسلسل نئے سرمایہ کاروں اور نئے کاروباری اداروں کو اپنی جانب راغب کر رہا ہے۔

سرمایہ کاروں کا یہ اعتماد اس شعبے کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ مالی سال 2025-26 میں مخصوص اور تجارتی کوئلے کی کانوں سے پیداوار 10.22 فیصد اضافے کے ساتھ 210.46 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔ معیشت کی ترقی کے ساتھ توانائی کی مانگ میں اضافے کے پیش نظر کوئلہ بدستور ہندوستان کی توانائی  کی دستیابی کا ایک اہم ستون ہے۔ سال 2020 سے اب تک نیلامی کے 15 مراحل میں 145 کوئلے کی کانیں نیلام کی جا چکی ہیں، جس کے نتیجے میں 44 نئی کمپنیاں اس شعبے میں شامل ہوئی ہیں۔ ان کانوں سے سالانہ تقریباً 47,500 کروڑ روپے کی آمدنی اور لگ بھگ 4.9 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ نیلامی کا طریقۂ کار بھی اس شعبے کو سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بناتا ہے، کیونکہ کوئلے کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں ہے، خودکار طریقے کے تحت 100 فیصد براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت ہے اور ابتدائی ادائیگی کی شرح بھی کم رکھی گئی ہے۔

اب ان بولیوں کا جائزہ ایک کثیر شعبہ جاتی تکنیکی جائزہ کمیٹی لے گی۔ تکنیکی طور پر اہل قرار پانے والے بولی دہندگان کو ایم ایس ٹی سی پورٹل پر ہونے والی الیکٹرانک نیلامی میں شرکت کے لیے مختصر فہرست میں شامل کیا جائے گا۔

ہر نئے مرحلے کے ساتھ تجارتی کوئلے کی کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور شمولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ مرحلے میں بڑی تعداد میں بولی دہندگان کی شرکت اس شعبے کی آتم نربھر بھارت اور 2047 تک وِکست بھارت کے سفر میں کلیدی حیثیت کو مزید مستحکم کرتی ہے۔

 

 

ش ح۔ ش ب۔ ق ر

U.No-7985


(ریلیز آئی ڈی: 2339186) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Telugu