پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 2:52PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 20 نومبر 2026: لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج دفاعی املاک کی تنظیم پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے دفاعی اراضی کے انتظام اور تحفظ کو مزید مضبوط بنائے۔ نئی دہلی میں دفاعی املاک کی تنظیم کی صد سالہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دفاعی اثاثوں کا تحفظ، تجاوزات پر قابو پانا اور مسلح افواج کی عملی ضروریات کے لیے بروقت اراضی کی دستیابی کو یقینی بنانا اولین ترجیحات میں شامل رہنا چاہیے۔
دفاعی اراضی کے 17 لاکھ ایکڑ سے زیادہ رقبے کے انتظام اور تحفظ کی ذمہ داری کے وسیع دائرہ کار کو اجاگر کرتے ہوئے جناب برلا نے اس بات پر زور دیا کہ مؤثر حکمرانی کے لیے اراضی کا درست، محفوظ اور قابلِ رسائی ریکارڈ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں جاری ڈیجیٹل اصلاحات کو سراہا اور کہا کہ مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز موجودہ عملی ضروریات کے ساتھ ساتھ طویل مدتی انتظامی چیلنجوں سے نمٹنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔
دفاعی اراضی پر تجاوزات کو ایک اہم تشویش قرار دیتے ہوئے جناب برلا نے املاک کے تحفظ اور درست سروے اور پیمائش کے لیے تنظیم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران اس بات کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ عام شہریوں کو غیر ضروری تنازعات یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی سلامتی کے لیے دفاعی اداروں اور ان کے اہلکاروں کو بروقت اراضی کی دستیابی اور سازگار حالات فراہم کرنا ضروری ہے۔
چھاؤنیوں کی تاریخی اور ماحولیاتی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ جدید ضروریات کے مطابق ڈھلتے ہوئے بھی ان کی اصل شناخت، سرسبز علاقوں، جنگلات اور ورثے کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تیز رفتار شہری توسیع کے دوران فوجی چھاؤنیوں کی منفرد شناخت برقرار رکھنے کے لیے ترقیاتی منصوبہ بندی سوچ سمجھ کر کی جانی چاہیے۔
انہوں نے چھاؤنیوں کے مکینوں کے لیے تنظیم کی جانب سے شروع کیے گئے شہری فلاح و بہبود کے اقدامات کو سراہا، جن میں اسکول، صحت کی سہولیات، کمپیوٹر کی تعلیم، ہنرمندی کی تربیت، پانی کا تحفظ اور ری سائکلنگ، نیز ماحولیات کا تحفظ شامل ہیں۔ انہوں نے بدلتی ہوئی معاشرتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سماجی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور تعاون برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔
ادارے کے تسلسل کو اہم قرار دیتے ہوئے جناب برلا نے افسران اور عملے کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ گزشتہ ایک صدی کے دوران وضع کیے گئے قوانین، ضوابط اور انتظامی ڈھانچوں کا مطالعہ کریں اور سابق افسران کے تجربات سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے اس تجربے اور دانش مندی کو نوجوان اہلکاروں کی تکنیکی مہارت اور تیزی کے ساتھ یکجا کرنے سے مستقبل کے لیے مزید مضبوط نظام قائم کیے جا سکیں گے۔
جناب برلا نے کہا کہ جب دفاعی املاک کی تنظیم اپنی دوسری صدی میں داخل ہو رہی ہے تو اس کی توجہ ایک ایسے ادارے کی تعمیر پر مرکوز ہونی چاہیے جو اپنے شاندار ورثے کو مستقبل کے حوالے سے ایک دور اندیش نظریے کے ساتھ ہم آہنگ کرے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اختراع ، شفافیت، تکنیکی ترقی اور عوامی خدمت کے تئیں نئے عزم کے ذریعے یہ تنظیم ملک کی قیمتی دفاعی اراضی کا تحفظ جاری رکھے گی، مسلح افواج کی عملی تیاری کو مضبوط بنائے گی اور اپنی چھاؤنیوں کے منفرد ورثے کو محفوظ رکھے گی۔ انہوں نے تمام افسران اور ملازمین سے اپیل کی کہ وہ لگن، دور اندیشی اور قومی مقصد کے مشترکہ احساس کے ساتھ اس ذمہ داری کو آگے بڑھائیں۔
***
ش ح۔ ش آ ۔م الف
U. No- 7974