وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم 21 نومبر کو بہار کا دورہ کریں گے


وزیر اعظم ویشالی میں تقریباً 34,470 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، سنگِ بنیاد اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے

منصوبوں میں سڑک رابطہ، توانائی، شہری بنیادی ڈھانچہ، آبی وسائل، تعلیم، صحت و طبی سہولیات اور نقل و حمل کے شعبے شامل ہیں

وزیر اعظم دریائے گنگا پر تعمیر کردہ چھ لین والے کیبل اسٹیڈ پل ’’نتیش سیتو‘‘ کو قوم کے نام وقف کریں گے

یہ پل ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور شمالی و جنوبی بہار کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا

پی ایم اے وائی (شہری) کے 26,900 سے زائد مستفیدین کی گرہ پرویش تقریب بھی منعقد ہوگی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 4:19PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 21 نومبر 2026 کو بہار کا دورہ کریں گے۔ دوپہر تقریباً 1:15 بجے وزیر اعظم ضلع ویشالی میں نتیش سیتو کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد دوپہر تقریباً 2 بجے وہ ویشالی میں تقریباً 34,470 کروڑ روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے، انہیں قوم کے نام وقف کریں گے اور متعدد منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ وہ اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

ان منصوبوں کا تعلق سڑک رابطہ، توانائی، شہری بنیادی ڈھانچے، آبی وسائل، تعلیم، صحت و طبی سہولیات، نقل و حمل اور دیگر اہم شعبوں سے ہے۔ ان کا مقصد ریاست بھر میں بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانا اور عوامی خدمات کو بہتر بنانا ہے۔

وزیر اعظم دریائے گنگا پر تقریباً 4,280 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے ایکسٹرا ڈوزڈ کیبل اسٹیڈ پل ’’نتیش سیتو‘‘ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ 19.7 کلومیٹر طویل یہ منصوبہ ضلع پٹنہ میں این ایچ-22 پر کچھی درگاہ کو ضلع ویشالی میں این ایچ-322 پر بیدوپور سے جوڑتا ہے۔ اس میں 9.7 کلومیٹر طویل مرکزی پل اور 10 کلومیٹر طویل رابطہ سڑکیں شامل ہیں۔

یہ پل دریائے گنگا پر آمد و رفت کے لیے ایک اہم اضافی راستہ فراہم کرے گا، جس سے موجودہ مہاتما گاندھی سیتو اور جے پی سیتو پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور شمالی و جنوبی بہار کے درمیان سفر کا وقت گھٹے گا۔ اس سے بالخصوص راگھوپور دیارا کے رہائشیوں کو فائدہ پہنچے گا، کیونکہ پٹنہ اور صحت و تعلیم جیسی ضروری سہولیات تک ان کی رسائی بہتر ہوگی۔ یہ منصوبہ زرعی پیداوار اور صنعتی سامان کی نقل و حمل میں بھی سہولت فراہم کرے گا، منڈیوں تک رسائی بہتر بنائے گا اور پورے خطے میں تجارت و کاروبار کو فروغ دے گا، جس سے بہار کی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔

وزیر اعظم 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے کئی بڑے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ اہم سڑک منصوبوں میں این ایچ-19 کے اورنگ آباد-چورداہا سیکشن، این ایچ-227 ایف کے چورما-بیرگانیا سیکشن اور این ایچ-327 کے اوماگاؤں-سہرسہ سیکشن کو چھ لین میں تبدیل کرنا شامل ہے۔

بجلی کے شعبے میں وزیر اعظم 1,320 میگاواٹ کے بکسر تھرمل پاور پروجیکٹ کے یونٹ 2 (660 میگاواٹ) کا افتتاح کریں گے۔ اس کے ساتھ محکمہ توانائی کے تحت بجلی کی تقسیم اور ترسیل کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔ ان میں آر ڈی ایس ایس کے تحت 1,130 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے نقصانات میں کمی لانے کے کام بھی شامل ہیں۔ دیگر افتتاح کیے جانے والے منصوبوں میں نہروں اور پشتوں کی بحالی اور مضبوطی، نوادہ میں پھلواریا ڈیم پر فلوٹنگ سولر پروجیکٹ اور کہل گاؤں میں سیوریج کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہیں۔ وزیر اعظم تعلیمی اداروں، رہائشی اسکولوں، صحت کی خدمات، زراعت، کھیلوں اور عوامی انتظامیہ سے متعلق عمارتوں اور سہولیات کا بھی افتتاح کریں گے۔ ان منصوبوں سے آب پاشی، شہری خدمات اور ضروری سہولیات تک رسائی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیر اعظم تقریباً 14,450 کروڑ روپے مالیت کے متعدد منصوبوں کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔ ان میں نمایاں منصوبوں میں این ایچ-139 ڈبلیو کے صاحب گنج-اریراج-بیتیا سیکشن کو چار لین میں تبدیل کرنا شامل ہے، جس پر 3,800 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت آئے گی۔ اس کے علاوہ پیرپینتی سپر تھرمل پاور پروجیکٹ (3 × 800 میگاواٹ) کے لیے بجلی کی ترسیل کا منصوبہ بھی شامل ہے، جس کی تخمینہ لاگت تقریباً 3,350 کروڑ روپے ہے۔

وزیر اعظم بیگوسرائے، بہار شریف، پورنیہ، حاجی پور، موتیہاری، داناپور، کھگڑیا، سمستی پور، بودھ گیا، سیتامڑھی، سہرسہ اور دیگر شہری علاقوں میں سیوریج اور پانی کی فراہمی کے منصوبوں کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔ دیگر منصوبوں میں نہری نظام کی جدید کاری، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر رہائشی اسکول، آئی آئی ٹی پٹنہ کا ریسرچ پارک اور ہاسٹل، انجینئرنگ اور پولی ٹیکنک ادارے، نیز ہنگامی ردعمل اور پولیس ڈیٹا سینٹر کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہیں۔

وزیر اعظم 100 پی ایم-ای بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے، جس سے ریاست میں ماحول دوست عوامی نقل و حمل کو مزید فروغ ملے گا۔ پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) کے تحت 26,900 سے زائد مستفیدین کی گرہ پرویش تقریب بھی منعقد ہوگی، جو شہری خاندانوں کو رہائش فراہم کرنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

***

ش ح۔ ش ت۔ ر ب

U.NO.7983


(ریلیز آئی ڈی: 2339171) وزیٹر کاؤنٹر : 9