نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ نے ذمہ دارانہ شہریت کے ذریعے آئینی اقدار کو مضبوط بنانے پر زور دیااورکہا کہ فرائض بھی حقوق کی طرح اہم ہیں


آئین محض ایک قانونی دستاویز نہیں ہے بلکہ یہ ہماری جمہوریہ کا اخلاقی رہنما بھی ہے: نائب صدر

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حاصل ہونے والی کامیابیاں آئینی امنگوں کو عوام کی زندگیوں میں ٹھوس نتائج کی شکل دے رہی ہیں: نائب صدر

ٹیکنالوجی کو انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے اور اس کی رہنمائی آئینی اقدار کے مطابق ہونی چاہیے: نائب صدر

نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے نئی دہلی میں بینیٹ یونیورسٹی کے اسکول آف لا کے زیر اہتمام آئینی ہفتہ 2026 کے پانچویں ایڈیشن کا افتتاح کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 2:35PM by PIB Delhi

ہندوستان کے نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج نئی دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں بینیٹ یونیورسٹی کے اسکول آف لا کے زیر اہتمام آئین ہفتہ تقریبات 2026 کے پانچویں ایڈیشن کا افتتاح کیا۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ ہندوستان کا آئین محض ایک قانونی دستاویز نہیں ہے بلکہ یہ جمہوریہ کا اخلاقی رہنما ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اقدار صرف اداروں اور قانونی متون تک محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ انہیں روزمرہ کی عوامی زندگی کا لازمی حصہ بننا چاہیے۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ جمہوریت اسی وقت پروان چڑھتی ہے جب ادارے جواب دہ رہیں، اختلاف  رائے کا احترام کیا جائے اور شہری اپنے حقوق و فرائض کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فرائض بھی حقوق کی طرح اتنی ہی اہمیت کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فرائض کی ذمہ دارانہ ادائیگی ضروری ہے۔

جناب سی پی رادھا کرشنن نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جانب سے جمہوریت کی اس تعریف کا حوالہ دیا جس کے مطابق جمہوریت طرزِ حکومت کی ایک ایسی شکل ہے جس کے ذریعے عوام کی معاشی اور سماجی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں خون خرابے کے بغیر لائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہندوستان کی کامیابیاں عوام کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری کے ذریعے آئینی امنگوں کی تکمیل کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 50 کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکالنے، غریبوں کے لیے چار کروڑ پکے مکانات تعمیر کرنے اور جل جیون مشن کے تحت دیہی علاقوں میں نل کے ذریعے پانی کی فراہمی کا دائرہ 82 فیصد سے تجاوز کرنے جیسی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی گاؤں بھی، جو کبھی ترقی کے سب سے نچلے درجے پر تھے، اب ترقی کرتے ہوئے متحرک اور خوشحال گاؤں کی شکل اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ یہ کامیابیاں ایک خاموش انقلاب کی عکاس ہیں، جو وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ممکن ہو سکا ہے۔

ملک کی تعمیر و ترقی میں خواتین کی شمولیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے دستور ساز اسمبلی کی 15 خواتین ارکان کی گراں قدر خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا وژن اب ناری شکتی وندن ادھینیم جیسی پہل کے ذریعے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت اور مختلف شعبوں میں ان کی کامیابیوں پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ اس پیش رفت کو ایک اور انقلاب قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان خواتین کی ترقی سے آگے بڑھ کر خواتین کی قیادت میں ترقی کی سمت مسلسل گامزن ہے، جہاں خواتین ملک کی تقدیر کی تشکیل میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔

آئین کی متحرک نوعیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے آئین کے آرٹیکل 21 کا حوالہ دیا، جو وقت کے ساتھ ارتقا پذیر ہوا ہے اور اب اس میں وقار، ذریعہ معاش، صحت، رہائش، رازداری، تعلیم اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق وسیع تر حقوق شامل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن پر مبنی نقطۂ نظر اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی وسائل کا استعمال معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کیا جانا چاہیے، تاہم آنے والی نسلوں کے لیے ان وسائل کی پائیداری کو بھی یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے بے سوچے سمجھے صارفیت کے رجحان سے خبردار کیا اور ذمہ دارانہ استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پائیدار طرز زندگی کے بارے میں عوامی بیداری بڑھانے کی بھی اپیل کی۔

نائب صدر نے کہا کہ ہندوستان کے آئینی قانونی نظریے نے ماحولیاتی تحفظ کو پائیدار ترقی کا ایک لازمی حصہ تسلیم کرتے ہوئے عالمی ماحولیاتی فکر میں اہم تعاون دیا ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی پہل مشن لائف کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دنیا بھر میں افراد اور برادریوں کو ماحولیات کے تئیں ذمہ دارانہ طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دیتی ہے۔

ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے، مصنوعی ذہانت اور تکنیکی اختراعات کے شعبوں میں ہندوستان کی پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کو انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے اور اس کی رہنمائی آئینی اقدار کے مطابق ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اختراعات کے ذریعے شہریوں کو بااختیار بنایا جانا چاہیے، شفافیت کو مضبوط کیا جانا چاہیے اور مواقع تک رسائی کو وسیع کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس سفر میں یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیم کے اداروں کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قانونی تعلیم کا دائرہ محض پیشہ ورانہ مہارت تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ ان کے مطابق اسے آئینی حساسیت، اخلاقی قیادت، تنقیدی فکر اور سماجی حقائق کی گہری سمجھ بوجھ کو فروغ دینا چاہیے۔

جناب سی پی رادھا کرشنن نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ باخبر اور ذمہ دار شہری بنیں، جو دلیل و منطق پر مبنی مکالمے میں حصہ لیں اور جمہوری اداروں میں تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہندوستان وکست بھارت @2047 کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے، ایسے میں آئینی اقدار ملک کی ترقی کی بنیاد برقرار رہنی چاہئیں۔انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر سبھی سے اپیل کی کہ وہ اپنی عملی زندگی میں اپنائی جانے والی اقدار اور ادا کی جانے والی ذمہ داریوں کے ذریعے آئین کو مزید مضبوط بنائیں۔

اس موقع پر موجود معزز شخصیات میں قانون و انصاف اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر مملکت جناب ارجن رام میگھوال، ہندوستان کے اٹارنی جنرل جناب آر وینکٹ رمنی، بینیٹ یونیورسٹی کے چانسلر اور ٹائمز گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب ونے جین اور بینیٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر راج سنگھ شامل تھے۔

***

ش ح۔ ش آ  ۔م الف

U. No- 7973


(ریلیز آئی ڈی: 2339129) وزیٹر کاؤنٹر : 4