پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 3:18PM by PIB Delhi
تجارت اور صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے آج دہلی یونیورسٹی کے 103ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے فارغ التحصیل طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے خوابوں کی تعبیر کریں، مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے سفر میں اپنا حصہ ڈالیں۔ ہندوستان کی اقتصادی تبدیلی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران تقریباً 50 کروڑ ہندوستانی شدید غربت سے باہر نکلے ہیں۔ ایک دہائی قبل محض چند سو اسٹارٹ اپس تھے مگر اب ہندوستان 2.5 لاکھ اسٹارٹ اپس اور 130 سے زائد یونیکارنز کے ساتھ دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی نوجوان ملازمت تلاش کرنے والوں کے بجائے تیزی سے ملازمت فراہم کرنے والے بن رہے ہیں اور ساتھ ہی تجربات کرنے، ناکامی کو قبول کرنے اور نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کے جذبے کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
جناب گوئل نے کہا کہ ’وکست بھارت 2047‘ کی جانب سفر کا دارومدار ملک کے نوجوانوں کے کندھوں پر ہے۔ جیسے جیسے گریجویٹس اپنے کریئر میں آگے بڑھیں گے، ان کے پاس معاشرے کے کم مراعات یافتہ اور پسماندہ طبقات کے لیے ایک بہتر مستقبل تشکیل دینے کے بے پناہ مواقع ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا مستقبل ان لوگوں کے مستقبل سےوابستہ ہے ،جو پیچھے رہ گئے ہیں اور جنہیں یکساں مواقع میسر نہیں آئے۔ انہوں نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ ان طبقات کے تئیں اپنے فرائض سے باخبر رہیں ۔ وزیر موصوف نے کہاکہک کسی ایک فرد کی زندگی پر بھی مثبت اثر ڈالنے سے حاصل ہونے والا اطمینان ناقابلِ بیان ہے۔
فارغ التحصیل طلبہ اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ ہر سال تقریباً 2.5 کروڑ ہندوستانی نوجوان کالج کی عمر کو پہنچتے ہیں، لیکن ان میں سے بہت کم طلبہ کو دہلی یونیورسٹی جیسے ممتاز تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔ طلبہ نے بورڈ کے امتحانات، کامن یونیورسٹی انٹرنس ٹیسٹ (سی یو ای ٹی)، فرضی امتحانات اور بار بار دوہرائی کے مراحل سے گزر کر اپنی جگہ بنائی ہے اور اس کے بعد سی جی پی اے، مختلف سوسائٹیوں کے آڈیشن، انٹرن شپ اور تقرریوں جیسے چیلنجوں کا بھی سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کی گئی مضبوط تعلیمی بنیاد انہیں کامیاب پیشہ ورانہ زندگی کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوگی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کی یہ کامیابی یکساں طور پر ان کے والدین کی بھی ہے، جنہوں نے اپنے بچوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے اپنے خوابوں کی قربانی دی۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹی کے دنوں میں ان کا ساتھ دینے والے افراد کو بھی یاد رکھیں، جن میں کینٹین کا عملہ جو ان کا حساب رکھتا تھا، سیکورٹی گارڈز جو انہیں شناختی کارڈ کے بغیر پہچان لیتے تھے، لائبریرین، جنہوں نے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے میں ان کی مدد کی اور چائے والے سداما جی شامل ہیں، جن کی چائے ان کے یونیورسٹی کے تجربے کا حصہ رہی ہے۔
جناب گوئل نے اساتذہ کے احترام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک استاد کا کام گھنٹی بجنے کے ساتھ ختم نہیں ہو جاتا بلکہ دہائیوں تک طلباء کی زندگیوں پر اثر انداز ہوتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اکثر عملی دنیا میں قدم رکھنے اور زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے بعد ہی اپنے اساتذہ کی رہنمائی، اصلاح اور اسباق کی اہمیت کو پہچانتے ہیں۔
یونیورسٹی کے 104 سالہ سفر کا ذکر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی اب 90 کالجوں اور چھ لاکھ سے زائد طلبہ پر مشتمل ایک وسیع تعلیمی ادارہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے اپنی 103 سالہ تاریخ میں کبھی بھی جلسۂ تقسیم اسناد کے انعقاد کا سلسلہ منقطع نہیں ہونے دیا ہے۔
یونیورسٹی نے جنگ آزادی، دوسری جنگ عظیم اور کووڈ وبا کے دوران بھی اپنی اس روایت کو برقرار رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانووکیشن میں شرکت کرنا ان کے لیے دوہرے اعزاز کی بات ہے، جہاں 400 سے زائد ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں، 1.7 لاکھ سے زائد بیچلرز اور ماسٹرز کی ڈگریاں اور 160 سے زائد گولڈ میڈلز عطا کیے جا رہے ہیں۔
یونیورسٹی کی طالبات کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی محنت، استقامت اور کامیابی ملک کی ہر لڑکی کے لیے معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کو ان کامیابیوں کے بارے میں جان کر بے حد خوشی ہوگی۔
وزیر موصوف نے گریجویٹس پر یہ بھی زور دیا کہ وہ یونیورسٹی کے دنوں کی دوستی کی قدر کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ان ابتدائی اور اہم برسوں میں طلباء اکثر اپنے خاندانوں کے مقابلے میں اپنے دوستوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ دوستوں نے ہی انہیں صبح 9 بجے کے امتحانات کے لیے جگایا، انہیں نوٹس ادھار دیے اور اس وقت ان کے خیالات پر یقین کیا، جب کسی اور نے نہیں کیا۔ انہوں نےفارخ التحصیل کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس دوستی کو ہمیشہ عزیز رکھیں، کیونکہ یہی دوست ان کے پہلے کلائنٹس، پارٹنرز یا سرمایہ کار بن سکتے ہیں، جبکہ وہ ہمیشہ ان کے سب سے پرانے خیر خواہ اور انتہائی ایماندار ناقدین بھی رہیں گے۔ طلبہ کو ’’اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے‘جدوجہد’ کا پیغام دیتے ہوئے جناب گوئل نے اسٹیو جابز کے قول کا حوالہ دیا: ’’آپ کے پاس وقت محدود ہے، اس لیے اسے دوسروں کی زندگی جینے میں ضائع نہ کریں۔ اپنے دل کی آواز اور اپنی بصیرت پر عمل کرنے کا حوصلہ رکھیں۔’’
کامیابی کے چھ اسباق بیان کرتے ہوئے، جناب گوئل نے گریجویٹس کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بڑا سوچیں، مثبت رہیں، توجہ مرکوز رکھیں، سیکھنے کا عمل جاری رکھیں، اپنی صحت کو ترجیح دیں اور اپنی جدوجہد پر بھروسہ رکھیں۔
سب سے پہلے انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ بڑا سوچیں، بڑے خواب دیکھیں اور اپنی خواہشات پر پختہ یقین رکھیں۔ انہوں نے طلباء کو چھوٹے اہداف مقرر کرنے یا ناکامی سے خوفزدہ ہونے سے خبردار کیا اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے سخت محنت کرنے کی ترغیب دی۔ امریکہ کے سولہویں صدر ابراہم لنکن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے لنکن کے مشکل بچپن، محدود رسمی تعلیم اور کاروباری و پیشہ ورانہ زندگی کی ابتدائی ناکامیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ لنکن مطالعے کے بے حد شوقین تھے، زندگی بھر سیکھنے کا جذبہ برقرار رکھا اور ناکامیوں کے باوجود مسلسل جدوجہد جاری رکھی، جس کے نتیجے میں وہ بالآخر صدر بنے اور امریکہ میں غلامی کے خاتمے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
انہو ں نےدوسرے مشورے کے طور طلباء کومثبت رہنے اور اپنے راستے یا حکمت عملی میں تبدیلی کرنے سے کبھی نہ گھبرانے کی تلقین کی۔ برقی بلب کی ایجاد کے سلسلے میں تھامس ایڈیسن کے بار بار کیے جانے والے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے شمار ناکامیوں اور برسوں کی ثابت قدمی نے بالآخر کامیابی دلائی۔ انہوں نے گریجویٹس کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ہر کوشش سے سیکھیں، بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالیں اور جب بھی ضروری ہو اپنے طریقہ کار میں تبدیلی لائیں، جبکہ اپنے خوابوں کی تعبیر کا سفر جاری رکھیں۔
تیسری بات کے طور پر انہوں نے یکسوئی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 30 سیکنڈ کی مختصر ویڈیوز کی اس دنیا میں توجہ مرکوز رکھنے کی صلاحیت ایک نایاب اور اسی لیے بیش قیمت خوبی بن گئی ہے۔ سوامی وویکانند کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ‘‘ایک خیال منتخب کریں اور اسی خیال کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیں۔’’ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کامیابی کے حصول کے لیے اپنے عزائم پر پوری توجہ مرکوز رکھنا نہایت ضروری ہے۔
چوتھی بات کے طور پر انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ پر زور دیا کہ وہ زندگی بھر سیکھنے کا عمل جاری رکھیں۔ مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبہ کو سیکھنے کے لیے ہمیشہ آمادہ رہنا چاہیے اور پہلے سے رائج طریقۂ کار کو ترک کرکے نئے انداز سے سوچنے کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل کے مسائل کے حل کے لیے انسانی تجربات اہمیت رکھتے ہیں اور تنقیدی سوچ ایک ایسی صلاحیت ہے جس کا کوئی متبادل نہیں ہو سکتا۔
پانچویں نمبر پر انہوں نے طلبہ کو اپنی صحت کا خیال رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جسم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو زندگی کے پورے سفر میں ان کا ساتھ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اکثر دیر رات تک جاگنے، پارٹیوں اور بے قاعدہ معمولات کے باعث اپنی صحت کو نظر انداز کرتے ہیں، لیکن زندگی کے بعد کے مراحل میں انہیں اس بات کا احساس ہوسکتا ہے کہ انہوں نے نظم و ضبط کو اپنی زندگی کا حصہ کیوں نہیں بنایا۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ چہل قدمی، کھیل کود، دوڑ اور یوگا کے ذریعے تندرستی کی پائیدار عادتیں اپنائیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جسم، ذہن اور روح کی صحت برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی طبی نگہداشت کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
چھٹی بات کے طور پر انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ سے کہا کہ وہ اپنی جدوجہد پر یقین کریں اور مشکلات کو اپنی منزل کی تیاری کا ذریعہ سمجھیں۔ بھگوان رام کے 14 سالہ بن باس اور پانڈوؤں کے 12 سالہ بن باس کے بعدبرس کا ’اگیات باس‘یعنی بھیس بدل کر گزارے گئے ایک برس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکلات اکثر انسان کو اس کی منزل تک پہنچنے کے لیے تیار کرتی ہیں۔
اپنے سب سے بڑے اور عزیز ترین سرپرستوں میں سے ایک سابق وزیر اعظم جناب اٹل بہاری واجپئی کو یاد کرتے ہوئے جناب گوئل نے ان کا یہ قول دوہرایا، ’تعلیم، اصطلاح کے حقیقی معنوں میں، خود شناسی کا عمل اور خود کو تراشنے کا فن ہے۔’’ انہوں نے بتایا کہ اٹل جی نے یہ کلمات 2002 میں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی گولڈن جوبلی کے موقع پر کہے تھے۔
75ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران لال قلعہ کی فصیل سے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے پیش کیے گئے ’پنچ پران، یا پانچ قومی عزائم کا حوالہ دیتے ہوئے جناب گوئل نے گریجویٹس سے اپیل کی کہ وہ ان عزائم کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور 2047 تک ان کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں۔
پہلا پران 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کرنا تھا۔ جناب گوئل نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان وہ ہوگا جو خوشحال ہو، ہر بچے اور شہری کا خیال رکھے اور ہر خاندان کو معیاری زندگی فراہم کرے۔ انہوں نے اسے یونیورسٹی سے فارغ ہونے کے دن سے ہی گریجویٹس کے فرائض منصبی (جاب ڈسکرپشن) قرار دیا۔
دوسرا پران غلامی کی ذہنیت سے آزادی تھا۔ روایتی گریجویشن گاؤن اور لبادوں کو ترک کرکے ہندوستانی لباس اپنانے کے یونیورسٹی کے فیصلے کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ہندوستان کی اپنی شناخت اور روایات پر اعتماد کا ایک بڑا پیغام جاتا ہے۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ یہ تبدیلی محض صرف جلسہ تقسیم اسناد کے لباس تک محدود نہیں ہے ،بلکہ یہ نئے ہندوستان کے اپنے ذہن اور سوچ کے ساتھ قیادت کرنے کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
تیسرے پران کے تحت انہوں نے ہندوستان کی تاریخ، ورثے، ثقافت اور روایات پر فخر کرنے کی تلقین کی۔ جناب گوئل نے کہا کہ کوئی بھی ملک اپنی ثقافت اور تاریخ کا احترام کیے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ روم کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے جناب گوئل نے بتایا کہ کاروباری فورم اور مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران اٹلی کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات کے علاوہ انہیں اطالوی فن اور ثقافت سے واقفیت حاصل کرنے کا موقع بھی ملا۔ اس موقع پر انہیں اٹلی کے 200 سال قدیم فن پارے، پینٹنگز اور مجسمے دکھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے یہ بات نمایاں ہوئی کہ دوسرے ممالک اپنے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور اسے دنیا کے سامنے پیش کرنے کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔
انہوں نے نئی دہلی میں واقع نارتھ اور ساؤتھ بلاک کی تبدیلی کا بھی ذکر کیا، جہاں کئی برسوں تک سرکاری دفاتر قائم رہے، لیکن انتظامی ضروریات اور بنیادی ڈھانچے میں تبدیلیوں کے باعث یہ عمارتیں غیر مؤثر ہوتی جا رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں عمارتوں کو ’یوگے یوگین بھارت نیشنل میوزیم‘ کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے، جہاں ہندوستان کی ہزاروں سالہ تاریخ اور ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا اور ملک کے ثقافتی اعتماد کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
چوتھا پران قومی اتحاد تھا۔ گجرات کے کیوڑیا میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے نام سے منسوب مجسمۂ اتحاد کا حوالہ دیتے ہوئے جناب گوئل نے مجسمے کی تعمیر کے بعد آس پاس کے قبائلی علاقے میں ہونے والی ترقی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں آنے والی تبدیلی اس بات کا ثبوت ہے کہ ترقی کے حصول میں قومی اتحاد کی کتنی اہمیت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منقسم معاشرہ کبھی اپنی مکمل صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرسکتا اور نہ ہی دنیا میں اپنا جائز مقام حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے سبھی سے اپیل کی کہ وہ متحد رہیں اور ملک کے اتحاد کو برقرار رکھیں۔
پانچواں پران احساس فرض اور قومی ذمہ داری کا تھا۔ جناب گوئل نے کہا کہ جوں جوں انسان کے اختیارات اور صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے، اس کے ساتھ اس کی ذمہ داریاں بھی بڑھتی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سے نئی ڈگری حاصل کرکے عملی زندگی میں قدم رکھنے والے طلبہ کو اپنی علمی قابلیت اور صلاحیتوں کے ساتھ ملک کے تئیں اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کا احساس بھی ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ ان ذمہ داریوں میں ہندوستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا، ملک کو منشیات سے پاک بنانا، ماحول کو صاف ستھرا رکھنا اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک کو مزید آگے لے جانا شامل ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ 2047 میں جب ہندوستان آزادی کے 100 سال مکمل کرے گا، تب تک ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوتے ہوئے پوری دنیا کے لیے ایک مثال بن چکا ہوگا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ جلسہ تقسیمِ اسناد کا اصل حاصل اپنے مستقبل کو خود سنوارنے اور اس کی تشکیل کرنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہر فارغ التحصیل طالب علم یونیورسٹی سے ایک نئے حوصلے، خود اعتمادی اور مستقبل کے واضح وژن کے ساتھ رخصت ہوگا۔ طلبہ کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان میں موجود بے پناہ توانائی ہندوستان کی تقدیر سنوارے گی اور وہ اپنے اساتذہ، والدین اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر جناب گوئل نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تاریخ سے سبق ضرور سیکھیں، لیکن اس سے کبھی خوف زدہ نہ ہوں۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مشکلات اور چیلنجوں کے باوجود بڑے خواب دیکھیں، بلند عزائم رکھیں اور اپنے ساتھ ساتھ ہندوستان کے مستقبل کی تشکیل میں بھی جوش و خروش سے حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی توانائی سے انہیں بے حد حوصلہ اور اعتماد حاصل ہوا ہے۔
جناب گوئل نے فارغ التحصیل طلبہ کو جوش و جذبے اور ولولے سے بھرپور زندگی گزارنے کی تمنا کرتے ہوئے ان کی کامیابیوں پر مبارک باد دی اور مستقبل کے تمام عزائم اور کوششوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔
*****
ش ح ۔م ع ن۔ ش ہ ب
U. No.7979