صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدرِ جمہوریہ نے اٹل بہاری واجپائی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال کی بارہویں جلسۂ تقسیمِ اسناد میں شرکت کی


ون ہیلتھ کے مقصد کے حصول کے لیے انسانی طب، حیوانی طب اور ماحولیاتی سائنس کے درمیان اشتراک ناگزیر ہے: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 2:21PM by PIB Delhi

صدرِ جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج (20 نومبر 2026) نئی دہلی میں اٹل بہاری واجپائی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال کے بارہویں جلسۂ تقسیمِ اسناد میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج عالمی صحت کے شعبے میں ’ایک صحت‘ (ون ہیلتھ) کا تصور غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ انسانوں، جانوروں، پودوں اور ماحول کے درمیان مسلسل رابطے کے باعث کسی ایک شعبے میں پیدا ہونے والا صحت کا مسئلہ دوسرے شعبوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ بہت سی متعدی بیماریاں جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہیں، جبکہ فضائی اور آبی آلودگی، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی عدم توازن بھی انسانی صحت کے لیے سنگین چیلنجز ہیں۔ اس لیے انسانی طب، حیوانی طب اور ماحولیاتی سائنس کے شعبوں کے ماہرین کا ایک  ساتھ مل کر کام کرنا ناگزیر ہے۔ یہ مربوط طریقۂ کار نہ صرف بیماریوں کی روک تھام اور ان کی بروقت تشخیص میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ مستقبل میں صحت کے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے ہماری تیاریوں کو بھی بہتر بنائے گا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام اور علاج کے لیے سماجی، معاشی، غذائی اور ماحولیاتی حالات کو سمجھنا نہایت اہم ہے، کیونکہ یہ عوامل انسانی صحت پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی صحت سے متعلق چیلنجوں اور حالات کے مطابق علاج اور احتیاطی تدابیر وضع کرنے کے لیے تحقیق کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ صحت کی بدلتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتِ ہند نے 2017 میں نیشنل ہیلتھ پالیسی پر نظرثانی کی۔ اس جامع اور سب کو شامل کرنے والی صحت پالیسی میں علاج ومعالجے کے ساتھ ساتھ بیماریوں کی روک تھام اور صحت کے فروغ سے متعلق خدمات پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔ بحالیِ صحت اور تکلیف میں راحت فراہم کرنے والی نگہداشت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ذہنی دباؤ، ذیابیطس اور سرطان جیسی غیر متعدی بیماریوں میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر ان کی روک تھام سے متعلق مختلف پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران صحت کے شعبے میں حکومتِ ہند کی جانب سے شروع کیے گئے اقدامات کے دور رس اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں بنیادی سطح سے لے کر اعلیٰ ترین سطح تک صحت خدمات کے دائرے میں نمایاں توسیع ہوئی ہے۔

صدر جمہوریہ نے فارغ التحصیل ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ اپنی تحقیق اور کوششوں کے ذریعے صحت خدمات کو مزید مؤثر، قابلِ رسائی، کم خرچ اور عوام پر مرکوز بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی مہارت سے دور دراز علاقوں میں رہنے والے محروم طبقات کے ساتھ ساتھ ملک کی بنیادی صحت خدمات کو بھی فائدہ پہنچنا چاہیے۔ ان کی سوچ اور عمل کا انداز ایسا ہونا چاہیے کہ ان کی صلاحیتوں کے ثمرات معاشرے کے پسماندہ طبقات تک پہنچ سکیں۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.7971


(ریلیز آئی ڈی: 2339041) وزیٹر کاؤنٹر : 20